النور ٹرسٹ فیصل آباد کا ’’قرآن و سنت کورس‘‘

   
تاریخ : 
۲۰ اکتوبر ۲۰۱۰ء

گزشتہ ماہ کے آخری روز محترم جناب مجیب الرحمان شامی کے ہمراہ فیصل آباد کی ایک بابرکت تقریب میں شمولیت کی سعادت حاصل ہوئی۔ یہ تقریب النور ٹرسٹ کے زیراہتمام ملک کے مختلف شہروں میں چالیس روزہ قرآن و سنت کورس کے کامیاب انعقاد پر ان کورسز کے منتظمین اور اساتذہ میں انعامات اور سرٹیفکیٹس تقسیم کرنے کے لیے منعقد کی گئی تھی اور محترم شامی صاحب اس میں مہمان خصوصی تھے۔ فیصل آباد کا النور ٹرسٹ محترم حافظ ریاض احمد قادری چشتی کی سربراہی میں ایک عرصہ سے مختلف دینی شعبوں میں سرگرم عمل ہے۔ بزرگ صحافی اور عالم دین مولانا مجاہد الحسینی اس کے سرپرست اعلیٰ ہیں اور لاہور کے محترم پروفیسر ڈاکٹر محمد سعد صدیقی کے علاوہ راقم الحروف کا نام بھی انہوں نے سرپرستوں کی فہرست میں درج کر رکھا ہے۔ جبکہ اس کے سرکردہ حضرات میں مولانا محمد خان، مولانا مفتی سعید احمد اور قاری لائق علی نمایاں ہیں۔ حافظ ریاض احمد، قادری اور چشتی سلسلہ کے صاحب نسبت بزرگ ہیں اور سلوک و ارشاد کے اس سلسلہ میں سینکڑوں لوگ ان سے منسلک ہیں۔ جھنگ روڈ فیصل آباد کی ایوب کالونی میں سنٹرل ملز کے ایریا میں ان کا ہوزری کا کارخانہ ہے جو فیکٹری کم اور مدرسہ و خانقاہ کا زیادہ منظر پیش کرتا ہے۔ دینی تعلیم کا ذوق پیدا کرنے، لوگوں کو اللہ کی طرف راغب کرنے اور الیکٹرانک میڈیا کے ذریعے دین کی تعلیم و تبلیغ کا ماحول قائم کرنے میں خصوصی دلچسپی رکھتے ہیں اور اپنی صلاحیتوں، توانائیوں اور اوقات کے ساتھ ساتھ اپنے مال کو اس راہ میں دل کھول کر خرچ کرتے رہتے ہیں۔

قرآن و سنت کی تعلیمات اور ضروریاتِ دین کی تعلیم کے مختصر کورسز کا رجحان کچھ عرصہ سے ملک کے مختلف حصوں میں بڑھ رہا ہے اور چالیس روزہ سے لے کر ایک سال تک کے مختلف دورانیوں کے کورسز ملک میں اس وقت سینکڑوں مقامات پر پڑھائے جا رہے ہیں۔ جن کا بنیادی مقصد یہ ہے کہ کہ جدید تعلیم یافتہ حضرات، تاجر، ملازمت پیشہ افراد اور زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے شہریوں کو اسلامی عقائد، عبادات، حلال و حرام، معاملات، اخلاقیات اور آداب کے بارے میں ضروری معلومات بہم پہنچائی جائیں، اور زیادہ سے زیادہ دینی معلومات حاصل کرنے کا ذوق پیدا کیا جائے۔ الشریعہ اکادمی گوجرانوالہ نے بھی چند سال قبل ’’فہمِ دین کورس‘‘ کے عنوان سے چار ماہ اور چالیس روز کے دو کورس شروع کیے تھے جو بیسیوں مقامات پر ہوئے اور اب بھی بعض جگہوں پر تسلسل کے ساتھ جاری ہیں۔

النور ٹرسٹ فیصل آباد کا کام اس سلسلہ میں تسلسل اور اہتمام کے ساتھ ہو رہا ہے اس لیے وہ زیادہ کامیابی کے ساتھ آگے بڑھ رہا ہے۔ اس کے لیے مولانا مفتی سعید احمد، مولانا محمد خان اور ان کے رفقاء نے باقاعدہ ایک کورس مرتب کیا ہے جو کتابی شکل میں شائع شدہ موجود ہے اور نصاب کی صورت میں پڑھایا جاتا ہے۔ اس کورس کا روزانہ دورانیہ صرف ایک گھنٹہ ہے جو شرکاء کی سہولت کے مطابق طے کیا جاتا ہے۔ اس میں تجوید کے ساتھ قرآن کریم کے تلفظ اور قرأت کی اصلاح کے علاوہ ترجمہ و تفسیرِ قرآن، حدیث نبویؐ، عقائد و نظریات، فقہ و احکام اور سنن و آداب کے مضامین شامل ہیں جو کسی تجربہ کار استاد کے ذریعے پڑھانے کا اہتمام کیا جاتا ہے اور سکول و کالج کے طلبہ و طالبات کے لیے بطور خاص فائدہ مند ہے۔ اس سال یہ کورس فیصل آباد کے درجنوں مقامات سمیت ملک بھر میں ۱۳۰ سے زیادہ جگہوں میں پڑھایا گیا جن میں شاہ پور صدر، ملتان، جھنگ، چیچہ وطنی، ڈیرہ اسماعیل خان، گوجرانوالہ، ہارون آباد، لودھراں، لاہور، سیالکوٹ، فقیر والی، گوجر خان، اٹک شہر، رحیم یار خان، تلہ گنگ، دنیا پور، جڑانوالہ، احمد پور شرقیہ، حاصل پور، راولپنڈی، جہانیاں منڈی، شاہ کوٹ، چار سدہ اور سرائے عالمگیر شامل ہیں، اور ان مقامات کی پوری فہرست النور ٹرسٹ کی مطبوعہ سالانہ رپورٹ میں موجود ہے۔ کورس میں بحث و مجادلہ کے مسائل سے گریز کرتے ہوئے خالصتاً تعلیم و تفہیم کا انداز اختیار کیا گیا ہے اور کوشش کی گئی ہے کہ یہ کورس پڑھنے والے مسلمان مردوں اور عورتوں کو ضروری دینی معلومات اس حد تک ضرور حاصل ہو جائیں کہ وہ اپنے روز مردہ کے دینی فرائض اور معمولات کو آسانی کے ساتھ سرانجام دے سکیں۔ اسی وجہ سے بحمد اللہ تعالیٰ اسے ہر جگہ قبولیت حاصل ہو رہی ہے اور اس کی طرف لوگوں کی رغبت بڑھتی جا رہی ہے۔

مختلف مقامات پر ان مختصر تعلیمی کورسز کے علاوہ النور ٹرسٹ نے اذان ٹی وی کے نام سے ایک تعلیمی ٹی وی چینل بھی شروع کر رکھا ہے جس پر ’’قرآن و سنت کورس‘‘ کے علاوہ قرآن کریم کی روزانہ باقاعدہ کلاس لگتی ہے اور مختلف علماء کرام کے دروس و تقاریر ریکارڈ کر کے قارئین اور ناظرین کو سنوائے جاتے ہیں۔ اسی نام سے کراچی کے کچھ احباب نے بھی انٹرنیٹ پر ٹی وی چینل شروع کیا ہوا ہے جس کے ذریعے دینی معلومات کے مفید پروگرام پیش کیے جا رہے ہیں۔

مذکورہ بالا تقریب ایوب کالونی جھنگ روڈ فیصل آباد میں واقع سنٹرل ملز ایریا کے ایک گراؤنڈ میں منعقد ہوئی جس میں جناب مجیب الرحمان شامی نے بطور مہمان خصوصی مفید اور معلوماتی خطاب سے نوازا اور آخر تک پوری دلچسپی کے ساتھ تقریب میں شریک رہے اور النور ٹرسٹ کی دینی اور تعلیمی سرگرمیوں پر مسرت کا اظہار کرتے رہے۔ ان کے علاوہ مولانا مجاہد الحسینی، پروفیسر ڈاکٹر محمد سعد صدیقی، پروفیسر ڈاکٹر محمد طاہر لدھیانوی اور دیگر سرکردہ حضرات کے ساتھ ساتھ راقم الحروف نے بھی کچھ معروضات پیش کیں۔ یہ تقریب مختلف مقامات پر ان کورسز کا انتظام کرنے والے اصحاب خیر اور اساتذہ پر مشتمل تھی جنہیں حسن کارکردگی پر اسناد اور انعامات سے نوازا گیا۔

بعض سرکردہ شرکاء نے اپنے تاثرات کا اظہار کیا جس میں زیادہ توجہ اس بات پر دی گئی کہ چونکہ یہ کورس مثبت انداز میں ضروری معلومات پر مشتمل ہے اور تعلیم و تفہیم کے اسلوب کا لحاظ رکھا گیا ہے اس لیے یہ بہت فائدہ مند ثابت ہوا ہے اور اس کے شرکاء نے اس سے بہت استفادہ کیا ہے۔ بعض حضرات کا کہنا تھا کہ قرآن کریم صحیح تلفظ کے ساتھ پڑھنے کا سلیقہ اور ذوق انہیں اس کورس سے ملا ہے۔ کچھ حضرات نے کہا کہ نماز، روزہ، زکوٰۃ اور حج کے بعض ضروری مسائل جو انہیں اس سے قبل معلوم نہیں تھے اس کورس کے ذریعے معلوم ہوئے۔ ایک صاحب کا کہنا تھا کہ وہ حلال و حرام کے بعض ضروری مسائل سے واقف نہیں تھے جو اس کورس کے دوران انہیں معلوم ہوئے ہیں۔ غرضیکہ جس صاحب کو اپنی دینی زندگی کے حوالے سے جو خلا محسوس ہوا ہے اور اس کورس نے اس معاملے میں اس کی تشنگی کو دور کیا ہے وہ اس حوالہ سے کورس کی خوبی بیان کر رہے تھے۔

سیٹلائٹ ٹاؤن راولپنڈی میں یہ کورس پڑھانے والے مفتی عزیز الرحمان نے لکھا ہے کہ ’’پہلی بار اتنی کثیر تعداد میں طلبہ و طالبات شریک ہوئے، حالانکہ اس سے قبل میں کئی بار کورس کروا چکا ہوں آٹھ دس روز کے بعد ذوق و شوق ختم ہو جاتا ہے لیکن اس کورس میں اول تا آخر لوگ ذوق و شوق سے شریک رہے۔‘‘

ڈی ایس پی جیل گجرات مسز عطا فرماتی ہیں کہ ’’ہم نے چالیس روزہ ’’قرآن و سنت کورس‘‘ پڑھا ہے اس میں ہمیں بہت ہی معلومات حاصل ہوئی ہیں جس کے بارے میں ہم پہلے نہیں جانتے تھے۔ اس سے ہمیں قرآن کریم پڑھنے میں مدد مل رہی ہے اور مسائل و احکامات سے ہماری فرض نماز، روزہ اور زکوٰۃ کے بارے میں جو پہلے غلط معلومات تھیں ان کو ہم نے ٹھیک کیا ہے۔‘‘

کرنل مسز رفعت کمال اور مسز شہباز ملک (گوجرانوالہ) نے لکھا ہے کہ ’’اس چالیس روزہ کورس سے ہمیں بہت فائدہ ہوا ہے، ہماری معلومات میں اضافہ ہوا ہے اور قرآن کریم کو صحیح طریقے سے پڑھنے کے علاوہ قرآن کریم سمجھنے میں آسانی ہوئی ہے۔‘‘

اور بھی مختلف طبقات کے افراد نے اسی طرح کے جذبات و تاثرات کا اظہار کیا ہے جس سے اندازہ ہوتا ہے کہ کچھ مخلص دوستوں نے چند برس پہلے اللہ تعالیٰ کی رضا کے لیے جس کارِ خیر کا آغاز کیا تھا اسے بارگاہِ ایزدی میں قبولیت سے نوازا گیا ہے اور اسے دھیرے دھیرے وسعت حاصل ہو رہی ہے۔ اس قسم کے دینی معلومات کورسز وقت کی اہم ضرورت ہیں اور ملک کے کسی بھی حصے میں ایسے کورسز کے آغاز کے لیے ’’النور ٹرسٹ‘‘ فیصل آباد ہر قسم کے تعاون کے لیے تیار ہے جس کے لیے مندرجہ ذیل ای میل ایڈریس پر رابطہ کیا جا سکتا ہے alnoortrust486@yahoo.com

   
2016ء سے
Flag Counter