پریس ریلیز — ۱۸ مئی ۲۰۲۳ء

اسلام آباد چیمبر آف کامرس کی طرف سے 27 مئی 2023ء بروز ہفتہ کو سودی نظام کے خلاف جدوجہد کے حوالے سے سیمینار کے انعقاد کا اعلان خوش آئند ہے اور ہمیں امید ہے کہ کراچی کے قومی حرمت سود سیمینار کی طرح اسلام آباد کا یہ سیمینار بھی سودی نظام کے خلاف جدوجہد میں مؤثر پیشرفت کا باعث ہو گا۔

دینی حلقوں، تاجر برادری، وکلا، صحافیوں اور دیگر طبقات کے راہنماؤں سے ہم اپیل کرتے ہیں کہ وہ ملک کو سودی نظام سے نجات دلانے کی جد و جہد میں بھر پور کردار ادا کریں اور اس سلسلہ میں اسلام آباد چیمبر آف کامرس کانفرنس کے پروگرام میں تعاون کریں۔

ملک کی عمومی صورت حال میں تشدد اور خلفشار کے رجحانات ہر شہری کے لیے باعث اضطراب ہیں، بالخصوص سیاسی ماحول میں باہمی عدم برداشت، توڑ پھوڑ اور خاص طور پر قومی تنصیبات اور عسکری مراکز کو نشانہ بنانا انتہائی مذموم حرکات ہیں۔

ہم تمام اداروں، جماعتوں اور حلقوں سے اپیل کرتے ہیں کہ قومی خود مختاری، ملکی استحکام، ملی وحدت اور باہمی احترام کے ناگزیر تقاضوں کا پوری طرح احترام کریں اور ملک و قوم کے لیے شماتت اعداء کا باعث بننے والی حرکات سے مکمل گریز کریں۔

ناموس رسالت ﷺ، اور تحفظ ختم نبوت کے حوالے سے دینی حلقوں میں ہم آہنگی اور مشترکہ جد و جہد کی پہلے سے زیادہ ضرورت ہے اور اس سلسلہ میں بین الاقوامی لابیوں کی منفی سرگرمیوں پر نظر رکھنا اور دینی و دستوری تقاضوں کی پاسداری ہم سب کی ذمہ داری ہے جس کے لیے تمام جماعتوں کو کردار ادا کرنا چاہیے۔

دینی مدارس کے وفاقوں کو اعتماد میں لیے بغیر محکمہ تعلیم کی طرف سے دینی مدارس کی رجسٹریشن سے دینی مدارس کے ماحول میں خلفشار اور تنازعات جنم لے رہا ہے۔

ہمارا مطالبہ ہے کہ اس سلسلہ میں محکمہ تعلیم فوری طور پر دینی مدارس کے وفاقوں کو اعتماد میں لے کر ان کے تحفظات دور کرے اور اب تک کی جانے والی رجسٹریشن پر نظر ثانی کی جائے تاکہ دینی مدارس کے ماحول کو بلا وجہ تنازعات سے محفوظ رکھا جا سکے۔

نئے اوقاف ایکٹ پر دینی مدارس کے وفاقوں کی طرف سے شیخ الاسلام مولانا مفتی محمد تقی عثمانی دامت برکاتہم نے جو ترامیم اور متبادل مسودہ پیش کیا ہے اسے قومی اسمبلی میں پیش کر کے اس کے مطابق اوقاف ایکٹ کو شرعی قوانین اور اسلامی احکام کے ساتھ ہم آہنگ کیا جائے۔

Flag Counter