غامدی صاحب کے تصور سنت کے حوالہ سے بحث ومکالمہ

   
تاریخ اشاعت: 
فروری ۲۰۰۹ء

محترم جاوید احمد غامدی کے تصور سنت کے بارے میں ’’الشریعہ‘‘ کے صفحات میں ایک عرصہ سے بحث جاری ہے اور دونوں طرف سے ہمارے فاضل دوست اس میں سنجیدگی کے ساتھ حصہ لے رہے ہیں۔ راقم الحروف نے بھی ’’غامدی صاحب کا تصور سنت‘‘ کے عنوان سے ’’الشریعہ‘‘ کے جون ۲۰۰۸ء کے شمارے میں کچھ معروضات پیش کی تھیں اور چند اہم نکات کی نشاندہی کرتے ہوئے ان الفاظ میں غامدی صاحب سے اس بحث میں خود شریک ہونے کی درخواست کی تھی کہ:

’’امید رکھتا ہوں کہ محترم غامدی صاحب بھی اپنے موقف کی وضاحت کے لیے اس مکالمہ میں خود شریک ہوں گے اور اپنے قارئین، سامعین اور مخاطبین کی راہنمائی کے لیے اپنا کردار کریں گے۔‘‘

مگر غامدی صاحب کے ایک شاگرد سید منظور الحسن نے ’’ا لشریعہ‘‘ جنوری ۲۰۰۹ء میں حافظ محمد زبیر کے ایک تفصیلی مضمون کا جواب دیتے ہوئے میری اس درخواست کو یوں نمٹا دیا ہے کہ:

’’اس تحریر میں ہم حافظ زبیر کے جملہ اعتراضات کے حوالے سے بحث کریں گے۔ ان کا مضمون تفصیلی بھی ہے اور کم و بیش ان تمام اعتراضات کا احاطہ کرتا ہے جو مولانا زاہد الراشدی نے اٹھائے ہیں۔‘‘

لیکن محترم سید منظور الحسن کی یہ تحریر میرے لیے قابل قبول نہیں ہے، اس لیے کہ میں نے ان نکات و اعتراضات کی وضاحت کے لیے خود محترم جاوید احمد غامدی صاحب سے گزارش کر رکھی ہے اور شرعی اور اخلاقی طور پر یہ انہی کی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ اپنے موقف کی وضاحت کریں۔ چنانچہ اپنے سابقہ مضمون میں اٹھائے گئے اہم نکات کا اعادہ کرتے ہوئے ایک بار پھر غامدی صاحب سے درخواست کر رہا ہوں کہ وہ خود اس بحث میں شریک ہوں اور اپنے مخاطبین کی صحیح راہنمائی کرنے کے ساتھ ملک کے جمہور اہلِ علم کو مطمئن کریں۔

غامدی صاحب کے متعدد مضامین اور توضیحات کو سامنے رکھتے ہوئے راقم الحروف نے درج ذیل نکات پیش کیے تھے:

  1. غامدی صاحب سنت نبوی صلی اللہ علیہ وسلم کے حجت ہونے کے قائل ہیں اور اس بارے میں وہ جمہور امت کے ساتھ ہیں، مگر سنت کی تعریف اور تعیین میں وہ جمہور امت سے ہٹ کر ایک الگ مفہوم طے کر رہے ہیں۔
  2. وہ سنت کے صرف عملی پہلوؤں پر یقین رکھتے ہیں اور سنت کے ذریعے علم میں کسی نئے اضافے کے قائل نہیں ہیں۔
  3. سنت کے عملی پہلوؤں میں بھی وہ اسے صرف دین ابراہیمی کی سابقہ روایات کی تجدید و اصلاح اور ان میں جزوی اضافوں تک محدود رکھتے ہیں اور ان کے نزدیک دین ابراہیمی کی سابقہ روایات سے ہٹ کر جناب نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کا کوئی نیا عمل یا ارشاد سنت نہیں ہے۔
  4. سنت کے ساتھ ساتھ وہ قرآن کریم کا وظیفہ بھی صرف اس دائرے تک محدود کر ر ہے ہیں کہ وہ پہلے سے موجود و متعارف چیزوں کا ذکر کرتا ہے۔ گویا پہلے سے موجود و متعارف چیزوں سے ہٹ کر کوئی نیا حکم دینا یا دین میں کسی نئی بات کا اضافہ کرنا قرآن مجید کے دائرۂ کار میں بھی شامل نہیں ہے۔
  5. ان کے نزدیک سنت کسی اصول و ضابطہ پر مبنی نہیں ہے جس کی بنیاد پر کسی بھی کام کے سنت یا غیر سنت ہونے کا فیصلہ کیا جا سکتا ہو، بلکہ سنت صرف لگی بندھی اشیا کی ایک فہرست کا نام ہے جس میں کسی بھی حوالے سے کوئی کمی بیشی نہیں ہو سکتی۔
  6. اس فہرست سے ہٹ کر جناب نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کا کوئی بھی ارشاد یا عمل غامدی صاحب کے نزدیک سنت کہلانے کا مستحق نہیں ہے اور نہ ہی اسے حجت کا درجہ حاصل ہے۔
  7. سنتوں کی اس فہرست میں شامل تمام امور کا تعلق ایک مسلمان کی ذاتی زندگی اور زیادہ سے زیادہ خاندانی معاملات سے ہے جب کہ سوسائٹی کے اجتماعی معاملات میں جناب نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے ارشادات و اعمال کو سنت کا درجہ حاصل نہیں ہے اور جناب نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے ایک حاکم، قاضی، کمانڈر اور ڈپلومیٹ وغیرہ کے طور پر جو کچھ کیا ہے اور جو کچھ فرمایا ہے، وہ بھی سنت کے مفہوم سے خارج ہے۔
  8. غامدی صاحب کے نزدیک عقیدہ کے تعین و تعبیر میں سنت و حدیث کا کوئی دخل نہیں ہے۔
  9. سنت کے اس مفہوم کو سامنے رکھتے ہوئے جو ہم نے غامدی صاحب کی عبارتوں سے سمجھا ہے، یہ عرض کرنا ضروری ہے کہ سنت نبوی صلی اللہ علیہ وسلم کا یہ مفہوم نہ صرف یہ کہ جمہور امت بالخصوص خیرالقرون کے اجماعی تعامل کے منافی ہے بلکہ انتہائی گمراہ کن اور عملاً سنت کے حجت ہونے سے انکار کے مترادف ہے۔

مجھے اس امر پر اصرار نہیں ہے کہ غامدی صاحب کی عبارات سے سنت کا جو مفہوم میں نے سمجھا ہے، وہی غامدی صاحب کی مراد بھی ہے اور اسی لیے میں نے ان سے وضاحت کی درخواست کی ہے، لیکن یہ وضاحت غامدی صاحب کو خود کرنی چاہیے۔ ان سے ہٹ کر کسی اور دوست کی وضاحت ہمارے لیے قابل قبول نہیں ہے۔ اگر محترم جاوید غامدی صاحب بذات خود اس بحث میں شریک ہوتے ہیں تو ہم اس کا خیر مقدم کریں گے اور ان کے پورے احترام کے ساتھ اس بحث کو آگے بڑھائیں گے، لیکن اگر وہ اس کی ضرورت محسوس نہیں کرتے تو پھر ان کے تلامذہ کے ذریعے سالہا سال سے جاری یہ بحث بے فائدہ تکرار اور لاحاصل مشق کی صورت اختیار کرتی جا رہی ہے جسے ہم شاید مزید جاری نہ رکھ سکیں۔

   
2016ء سے
Flag Counter