دنیا میں مسلمانوں کی بڑھتی ہوئی آبادی

   
تاریخ : 
مارچ ۲۰۱۱ء

روزنامہ پاکستان لاہور ۱۱ فروری ۲۰۱۱ء میں شائع ہونے والی ایک رپورٹ کے مطابق ایک امریکی تھنک ٹینک نے بتایا ہے کہ دنیا میں مسلمانوں کی آبادی مسلسل بڑھ رہی ہے جو اس وقت ایک ارب ساٹھ کروڑ کے لگ بھگ ہے اور آئندہ بیس سالوں میں دو ارب بیس کروڑ تک پہنچ جائے گی۔

یہ بات جو مسلمانوں کی افرادی قوت میں اضافے کے حوالہ سے مسلمانوں کے لیے خوش کن ہے مغربی ممالک کے لیے اسی درجہ میں قابل تشویش بھی ہے۔ لیکن اس سے قطع نظر یہ لمحۂ فکریہ بھی ہے کہ مسلمانوں کی اصل قوت آبادی کی کثرت میں نہیں بلکہ ایمان اور اپنے دین کے ساتھ وابستگی میں ہے جس سے وہ اپنے خالق و مالک کی نصرت کے مستحق قرار پاتے ہیں۔

غزوۂ خندق کے موقع پر جناب نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے مسلمانوں کی مردم شماری کرائی تو حضرت حذیفہؓ نے بڑی خوشی سے بتایا کہ یا رسول اللہ ! ہمارا کون کچھ بگاڑ سکتا ہے، ہم پندرہ سو کی تعداد رکھتے ہیں۔

مسلمانوں کی آبادی میں اضافہ اچھی بات ہے مگر اصل بات ایمان اور رجوع الی اللہ کی ہے جو ہماری حقیقی طاقت ہے۔ اللہ تعالیٰ ہمیں اس کی توفیق سے بھی نوازیں کہ دنیا میں مسلمانوں کی عظمت رفتہ کی بحالی اسی سے وابستہ ہے، آمین یا رب العالمین۔

   
2016ء سے
Flag Counter