شعبہ نشریات اور انصار الاسلام ۔ چند اہم فیصلے

   
۲۳ مئی ۱۹۷۵ء

۱۵ مئی کو مرکزی دفتر جمعیۃ علماء اسلام لاہور میں مرکزی نائب امیر حضرت مولانا محمد شریف صاحب وٹو، سالارِ اعظم انصار الاسلام حاجی کرامت اللہ صاحب، سالارِ اعلیٰ انصار الاسلام پنجاب خواجہ عبد الرؤف صاحب، ناظم نشر و اشاعت زاہد الراشدی، ناظم جمعیۃ علماء اسلام ملتان شیخ محمد یعقوب اور سالار انصار الاسلام ضلع گوجرانوالہ مولانا گل محمد توحیدی نے ایک غیر رسمی مشاورت میں اہم تنظیمی امور پر غور و خوض کے بعد تنظیمی تعطل کو دور کرنے کے لیے چند تجاویز مرتب کیں اور اس کے بعد حضرت الامیر مولانا محمد عبد اللہ درخواستی دامت برکاتہم کی خدمت اقدس میں حاضر ہو کر ان تجاویز پر تبادلۂ خیالات کیا۔ حضرت الامیر مدظلہ نے یہ تجاویز منظور فرما کر ان پر فوری عملدرآمد کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔ ان تجاویز کی روشنی میں مندرجہ ذیل قدم اٹھائے جائیں گے:

شعبہ نشر و اشاعت

حضرت مولانا محمد عبد اللہ درخواستی دامت برکاتہم امیر کل جمعیۃ علماء اسلام نے جماعتی ضروریات کے مطابق لٹریچر کی ترتیب و تدوین کے لیے مرکزی شعبہ نشر و اشاعت کے سلسلہ میں مندرجہ ذیل حضرات پر مشتمل کمیٹی قائم کر دی ہے جو باہمی مشاورت سے تقسیم کار کے ذریعے ضروریات کے مطابق لٹریچر ترتیب دے گی۔

(۱) حضرت مولانا مفتی محمود صاحب مدظلہ، ملتان۔

(۲) حضرت مولانا محمد سرفراز خان صفدر صاحب مدظلہ، گوجرانوالہ۔

(۳) حضرت مولانا سمیع الحق صاحب، اکوڑہ خٹک۔

(۴) حضرت مولانا قاری نور الحق صاحب قریشی، ملتان۔

(۵) مولانا محمد سعید الرحمان علوی، لائل پور۔

(۶) جناب اکرام القادری صاحب، لاہور۔

(۷) زاہد الراشدی، گوجرانوالہ۔

اس کمیٹی کا پہلا اجلاس آئندہ ماہ گوجرانوالہ میں ہوگا اور لٹریچر کی اشاعت مرکزی شعبہ نشر و اشاعت کرے گا۔

قومی پریس کے ساتھ بھرپور رابطہ کے لیے ان تمام مقامات پر جہاں روزنامہ اخبارات شائع ہوتے ہیں ذیلی شعبے قائم کیے جائیں گے اور مرکزی شعبہ نشر و اشاعت ان ذیلی شعبوں کی وساطت سے پورے ملک کے پریس کے ساتھ رابطہ قائم رکھے گا۔ مندرجہ ذیل مقامات پر یہ ذیلی شعبے قائم کیے جائیں گے اور ان شعبوں کے اخراجات مقامی جمعیتیں برداشت کریں گی۔

کوئٹہ، کراچی، حیدر آباد، سکھر، بہاولپور، ملتان، لاہور، لائل پور، راولپنڈی، پشاور۔ مرکزی ناظم نشر و اشاعت ان شعبوں کی تشکیل کے لیے ضرورت کے مطابق ان مقامات کا دورہ کرے گا۔

انصار الاسلام

’’انصار الاسلام‘‘ کو ازسرنو متحرک کرنے کا فیصلہ کیا گیا اور یہ طے ہوا کہ سالارِ اعظم تمام صوبوں کے سالاروں کو طلب کر کے رضاکاروں کے اس شعبے کو منظم کرنے کے لیے عملی قدم اٹھائیں گے۔ اس سلسلہ میں مرکزی و صوبائی سالاروں کا پہلا اجلاس ۱۲ جون بروز جمعرات صبح ۸ بجے دفتر جعیۃ علماء اسلام بیرون لاہوری گیٹ ملتان میں ہوگا۔ اور اس کے بعد سالارِ اعظم حاجی کرامت اللہ تمام صوبوں کا دورہ کریں گے۔

پنجاب میں انصار الاسلام کی تنظیم نو کے لیے سالارِ اعلیٰ پنجاب جناب خواجہ عبد الرؤف صاحب مندرجہ ذیل پروگرام کے مطابق دورہ کریں گے اور ہر ضلع میں تمام شاخوں کے سالاروں سے ملاقات کر کے انہیں تنظیمِ نو کے سلسلہ میں ضروری ہدایات جاری کریں گے۔

۱۰ جون ڈیرہ غازی خان، ۱۱ جون مظفر گڑھ، ۱۲ جون ملتان، ۱۳ جون ساہیوال، ۲۱ جون لاہور، ۲۲ جون گوجرانوالہ، ۲۳ جون سیالکوٹ، ۲۴ جون شیخوپورہ، ۴ جولائی رحیم یار خان، ۵ جولائی بہاولپور، ۶ جولائی بہاولنگر۔ سرگودھا ڈویژن اور راولپنڈی ڈویژن کے پروگرام کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔ سالارِ اعلیٰ پنجاب نے تمام اضلاع کے سالاروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ ان کے دورہ کے موقع پر ضلع کی تمام شاخوں کے سالاروں کو ایک جگہ جمع کریں تاکہ ان کو ہدایات دی جا سکیں۔ نیز یہ بھی طے ہوا کہ جس ڈویژن میں سالارِ اعلیٰ جائیں گے اس ڈویژن کے تمام اضلاع کے سالار پورے دورہ میں ان کے ہمراہ رہیں گے۔

دفتری امور

تمام صوبائی و ضلعی دفاتر کو ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ وہ دفاتر کے نظام کو دستور کے مطابق جلد از جلد مکمل کر لیں۔ ریکارڈ اور ضروری رجسٹروں کی تکمیل کے ساتھ آمد و خرچ کے حساب بھی دستور کے مطابق مکمل کر لیں۔ مرکزی مجلس شوریٰ کے مقرر کردہ محاسب کسی بھی وقت چیکنگ کے لیے ان کے پاس پہنچ سکتے ہیں۔ نیز تمام ضلعی دفاتر دستور کے مطابق کارکردگی اور آمد و خرچ کی سہ ماہی رپورٹ صوبائی دفاتر کو، اور صوبائی دفاتر مرکزی دفتر کو ارسال کریں اور اس سلسلہ میں کسی سستی اور کوتاہی کو روا نہ رکھیں۔

   
2016ء سے
Flag Counter