ہفت روزہ ترجمان اسلام لاہور کے حوالہ سے قارئین سے ایک اہم درخواست

   
تاریخ : 
۱۶ مارچ ۲۰۱۹ء

ایک سال قبل مولانا صالح محمد حضروی، جناب صلاح الدین فاروقی آف ٹیکسلا اور راقم الحروف نے پاکستان کی دینی تحریکات کے بارے میں تاریخی ریکارڈ جمع کرنے کے ایک پروگرام کا اعلان کیا تھا جس کے پہلے مرحلہ میں ہفت روزہ خدام الدین لاہور اور ہفت روزہ ترجمان اسلام لاہور کی فائلیں مکمل کرنے پر محنت کی گئی اور اس میں خاص طور پر صلاح الدین فاروقی صاحب نے خاصی ہمت کر کے دونوں رسالوں کی فائلوں کو تقریباً مکمل کر لیا جس کے لیے انہوں نے بھکر، مانسہرہ، خانیوال، منچن آباد، ملتان، لاہور، گوجرانوالہ، فیصل آباد اور دیگر مقامات کے طویل اسفار کیے جن کا خرچہ بھی انہوں نے ذاتی طور پر برداشت کیا، اور اب وہ خدام الدین کا اشاریہ مرتب کرنے کے لیے شب و روز مصروف عمل ہیں۔ جبکہ ان کے ساتھ مشاورت میں مولانا عبد القیوم حقانی، مولانا صالح محمد حضروی اور راقم الحروف بھی شریک ہیں۔

مگر ہفت روزہ ترجمان اسلام کے حوالہ سے ایک مسئلہ پیش آگیا ہے کہ لاہور کے ایک دوست نے کہا کہ وہ جمعیۃ علماء اسلام کی تاریخ مرتب کرنے میں مصروف ہیں اور اس کے لیے ترجمان اسلام کے ان رسائل پر ایک نظر ڈالنا چاہتے ہیں، جس پر انہیں کم و بیش سوا چار سو رسالے مہیا کر دیے گئے، مگر ان میں سے نوے کے لگ بھگ رسالے واپس کرنے کے بعد ان کا کہنا ہے کہ باقی رسائل یا تو وہ واپس کر چکے ہیں یا کہیں اِدھر اُدھر ہوگئے ہیں۔

چنانچہ ہفت روزہ ترجمان اسلام کی فائلوں کے حوالے سے ہم پھر سے ’’زیرو پوائنٹ‘‘ پر کھڑے نظر آتے ہیں اور ازسرِنو محنت کی ضرورت پڑ گئی ہے۔ جو رسالے غائب ہوگئے ہیں ان کا حساب تو اللہ تعالیٰ کی عدالت میں ہی ہوتا نظر آتا ہے، البتہ اب مجبورًا قارئین سے درخواست کی جا رہی ہے کہ وہ اس سلسلہ میں ہمارے ساتھ ازسرِنو تعاون کریں اور جس دوست کے پاس ہفت روزہ ترجمان اسلام کے جو رسالے بھی موجود ہوں وہ ہمیں عاریتاً مہیا کریں تاکہ فائل کو دوبارہ مکمل کیا جا سکے، استفادہ کے بعد یہ رسائل واپس کر دیے جائیں گے، ان شاء اللہ تعالٰی۔

اس سلسلہ میں صلاح الدین فاروقی صاحب سے فون نمبر 03215141394 پر رابطہ کیا جا سکتا ہے۔

   
2016ء سے
Flag Counter