کراچی کا فساد ‒ ریڈیو اور ٹیلی ویژن ‒ پاور لومز کی صنعت

   
۳ مارچ ۱۹۷۸ء

جناب رسالتمآب صلی اللہ علیہ وسلم کی ولادت باسعادت کے مقدس دن کراچی میں جو کچھ ہوا وہ انتہائی افسوسناک ہے اور ہر شہری ان افراد کے غم میں رنجیدہ ہے جو شر پسند عناصر کی غنڈہ گردی کا شکار ہوگئے۔ تا دمِ تحریر سامنے آنے والی تفصیلات کے مطابق اسے فرقہ وارانہ فساد کا نام دیا گیا ہے مگر قائد جمعیۃ حضرت مولانا مفتی محمود کا یہ ارشاد بالکل بجا ہے کہ حالیہ تحریک اور انتخابی مہم میں مختلف مکاتب فکر کی طرف سے باہمی اتحاد و اتفاق اور اعتماد و رواداری کا جو مثالی مظاہرہ دیکھنے میں آیا ہے اس کے پیش نظر کسی اشتعال کے بغیر فرقہ وارانہ فساد کی بات کچھ قرین قیاس معلوم نہیں ہوتی اور یہ یقیناً قومی وحدت اور مختلف مکاتب فکر کے اتحاد کو سبوتاژ کرنے کی کسی بیرونی سازش کی ایک کڑی ہے۔

مارشل لاء انتظامیہ نے کیس کی عدالتی تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے اس لیے ہم اس موقع پر اس بارے میں کچھ کہنے کی پوزیشن میں نہیں ہیں تاہم حکومت سے یہ ضرور گزارش کریں گے کہ جو لوگ ملک میں بد امنی اور لاقانونیت کو ہوا دینے کی مسلسل کوشش کر رہے ہیں ان کی سرگرمیوں کو نظر انداز کرنا مناسب بات نہ ہوگی، اور اب تک کی کارروائیوں کے بعد ان لوگوں کو کسی مزید واردات کا موقع نہیں ملنا چاہیے کہ حکومت کی یہی سب سے بڑی ذمہ داری ہے۔

ریڈیو اور ٹیلی ویژن

چیف مارشل لاء ایڈمنسٹریٹر جنرل محمد ضیاء الحق نے کہا ہے کہ ریڈیو اور ٹی وی سے شرپسندوں کو چن چن کر نکال دیا جائے گا۔ (نوائے وقت ۲۲ فروری ۱۹۷۸ء)۔ جنرل موصوف کے اس اعلان کا خیر مقدم کرتے ہوئے ہم صرف اتنا عرض کرنا چاہیں گے کہ ’’شرپسندی‘‘ کی حدود کا تعین حقیقت پسندی کی بنیاد پر ہونا چاہیے کیونکہ شرپسندی کا تعلق صرف انتظامی مسائل سے نہیں بلکہ قومی ذرائع ابلاغ ہونے کی نسبت سے نظریاتی و اخلاقی پہلو بھی اس کے ضمن میں آتے ہیں۔ اور اسلام کے نام پر معرض وجود میں آنے والی مملکت میں قومی دولت سے چلنے والے ان دو قومی نشریاتی اداروں نے ملک میں فحاشی، عریانی، اخلاقی بے راہ روی، جنسی و رومانی ہیجان اور نظریاتی غیر یقینی کو ابھارنے میں اتنا ہمہ گیر کردار ادا کیا ہے کہ کوئی دشمن بھی کسی قوم کو اخلاقی و نظریاتی طور پر تباہ کرنے کی مہم اتنی تیزی سے نہیں چلاتا۔ اس لیے جنرل موصوف ریڈیو اور ٹی وی کو ’’شرپسندوں‘‘ سے نجات دلانے کے ساتھ ساتھ ’’شر پسندی‘‘ سے بھی بچانے کی سعی فرمائیں تاکہ اسلامی جمہوریہ پاکستان کے یہ دو قومی نشریاتی ادارے قوم کی نظریاتی، اخلاقی اور معاشرتی اصلاح کے لیے مؤثر کردار ادا کرنے کے قابل ہو سکیں۔

پاور لومز کی صنعت

بعض اطلاعات کے مطابق ملک میں برقی کھڈیوں کی صنعت اس وقت شدید بحران کا شکار ہے اور اس سے وابستہ ہزاروں مالکان اور لاکھوں مزدور پریشان ہیں کیونکہ برقی کھڈیوں کی مصنوعات کی معقول کھپت نہ ہونے کے باعث بیشتر کھڈیاں بند پڑی ہیں اور اس صنعت سے متعلق حضرات نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ برقی کھڈیوں کے تیار کردہ کپڑے کی کھپت کے لیے بیرون ملک مناسب منڈیاں تلاش کی جائیں۔

اس مطالبہ کی تائید کے ساتھ ہم مسئلہ کے اس پہلو کو بھی سامنے لانا چاہتے ہیں کہ ملک میں کچھ عرصہ سے غیر ملکی کپڑے او رمصنوعات کے استعمال کا جو وبائی رجحان پیدا ہوا ہے وہ بھی ملکی صنعت کے عدم استحکام کا ایک اہم سبب ہے۔ قومی مفاد کا تقاضہ یہ ہے کہ قوم میں سادگی، کفایت شعاری اور ملکی مصنوعات کو ترجیح دینے کے جذبات کو ابھارا جائے اور قومی سطح پر ایک منظم اور ہمہ گیر تحریک چلائی جائے تاکہ ملکی صنعت کے استحکام کے ساتھ ساتھ زائد مصارف اور محض فیشن پر صرف ہونے والی دولت برباد ہونے کی بجائے کسی مفید قومی مقصد پر خرچ ہو سکے، کیونکہ ہم اس وقت اقتصادی طور پر جس حالت سے گزر رہے ہیں اس میں ملک فیشن پرستی کی عیاشی کا متحمل نہیں ہو سکتا۔

   
2016ء سے
Flag Counter