اہلیہ محترمہ حضرت مولانا مفتی محمد شفیعؒ

   
۷ جولائی ۱۹۸۱ء

ماہنامہ البلاغ کراچی کے مطابق حضرت مولانا مفتی محمد شفیعؒ کی اہلیہ محترمہ گزشتہ دنوں طویل علالت کے بعد انتقال کر گئیں، انا للہ وانا الیہ راجعون۔ نماز جنازہ حضرت مولانا ڈاکٹر عبد الحئی صاحب نے پڑھائی جس میں ہزاروں کی تعداد میں شہریوں اور علماء کرام نے شرکت کی۔

مرحومہ ایک نیک دل اور عابدہ زاہدہ خاتون تھیں جنہوں نے ایک عظیم المرتبت عالم دین کی رفاقت میں زندگی بسر کی اور جن کی گود میں سرکردہ علماء نے پرورش پائی۔ نظام العلماء پاکستان کے امیر مولانا محمد عبد اللہ درخواستی اور مولانا عبید اللہ انور نے مرحومہ کی وفات پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی ہے کہ اللہ تعالیٰ مرحومہ کو جنت الفردوس میں جگہ دیں اور پسماندگان کو صبر جمیل کی توفیق عطا فرمائیں۔

ادارہ ترجمان اسلام مرحومہ کے قابل فخر فرزندوں مولانا مفتی محمد رفیع عثمانی، مولانا محمد تقی عثمانی اور دیگر پسماندگان کے ساتھ گہری ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے دعا گو ہے کہ اللہ رب العزت مرحومہ کو اعلیٰ درجات سے نوازیں، آمین یا رب العالمین۔

   
2016ء سے
Flag Counter