ورلڈ اسلامک فورم کے پہلے باضابطہ اجلاس کا دعوت نامہ

   
اکتوبر ۱۹۹۶ء

باسمہ سبحانہ

بگرامی خدمت، زید لطفکم۔

السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ۔ مزاج گرامی؟

گزارش ہے کہ کافی عرصہ سے اس امر کی ضرورت محسوس کی جا رہی تھی کہ اسلام اور مسلمانوں کے بارے میں مغربی میڈیا اور اسلام دشمن لابیوں کے معاندانہ پراپیگنڈا کا سائنٹیفک انداز میں جائزہ لیا جائے اور اس کے توڑ کے لیے منظم کام کیا جائے۔ نیز یورپ میں مقیم مسلمانوں بالخصوص مشرقی یورپ کے کمیونزم سے آزاد ہونے والے ممالک کی مسلم اقلیتوں کی دینی ضروریات کا حقیقت پسندانہ جائزہ لے کر اس کے مطابق ضروری لٹریچر کی اشاعت و تقسیم کا اہتمام کیا جائے۔ اس مقصد کے لیے چند اصحابِ فکر ۲۲ نومبر ۱۹۹۲ء کو لیٹن سٹون لندن میں جناب الحاج غلام قادر صاحب کی رہائش گاہ پر جمع ہوئے اور حضرت مولانا مفتی عبد الباقی صاحب مدظلہ العالی کی زیرصدارت اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ:

  • مذکورہ بالا مقاصد اور دیگر متعلقہ دینی ضروریات کے لیے ’’ورلڈ اسلامک فورم‘‘ کے نام سے ایک ادارہ تشکیل دیا جائے۔
  • اجلاس میں ورلڈ اسلامک فورم کے کنوینر کی ذمہ داریاں راقم الحروف کے سپرد کی گئیں اور طے پایا کہ فورم کا پہلا مشاورتی اجلاس ۵ دسمبر ۱۹۹۲ء بروز ہفتہ شام چار بجے ختم نبوت سنٹر (۳۵ اسٹاک ویل گرین، لندن) میں ہوگا جس میں فورم کے پروگرام اور تنظیمی ڈھانچے کو حتمی شکل دی جائے گی، ان شاء اللہ تعالیٰ۔
  • اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ فورم کو باضابطہ تنظیمی جماعت کی حیثیت نہیں دی جائے گی اور مذکورہ بالا مقاصد اور پروگرام سے اتفاق اور دلچسپی رکھنے والے تمام دینی حلقوں اور جماعتوں کے ساتھ یکساں تعلقات اور باہمی مشاورت و معاونت کی بنیاد پر ایک علمی و فکری فورم کے طور پر ورلڈ اسلامک فورم کے مشن کو آگے بڑھایا جائے گا، ان شاء اللہ تعالیٰ۔
  • ۵ دسمبر کے کنونشن میں آنجناب کی شرکت ازحد ضروری ہے۔ ازراہِ کرم اس پروگرام کے بارے میں اپنی رائے گرامی سے آگاہ فرمائیں اور کنونشن میں شرکت فرما کر مشکور ہوں۔ امید ہے کہ آنجناب کے مزاج بعافیت ہوں گے۔
والسلام
ابوعمار زاہد الراشدی
کنوینر ورلڈ اسلامک فورم
۲۴ نومبر ۱۹۹۲ء


   
2016ء سے
Flag Counter