بسم اللہ الرحمٰن الرحیم۔
سر شاہنواز بھٹو مرحوم کا خاندان سندھ کی سیاست میں ایک متحرک خاندان کے طور پر متعارف چلا آرہا ہے، ان کا دور تو میں نے نہیں دیکھا البتہ ان کے فرزند ذوالفقار علی بھٹو مرحوم کے خاندان کے سیاسی کردار سے ملک کے دیگر شہریوں کی طرح میرا واسطہ بھی چلا آ رہا ہے، مجھے جب سیاست و صحافت کے کوچہ سے آشنائی ہوئی تو وہ صدر محمد ایوب خان مرحوم کی حکومت میں وزیرخارجہ تھے۔ ان کے بعد محترمہ بے نظیر بھٹو مرحومہ کا دورِ اقتدار دیکھا اور اب ان کے نواسے بلاول بھٹو کی وزارتِ خارجہ کا دور بھی دیکھ لیا ہے۔ اس دوران بھٹو خاندان کے سیاسی کردار، پالیسیوں اور اقدامات کے حوالے سے مسلسل لکھتا رہا ہوں اور جب تک عملی سیاست میں متحرک رہا ہوں سیاسی فورم پر بھی ان کے بارے میں اظہارِ خیال کرتا رہا ہوں۔
یہ فرزندِ عزیز حافظ ناصر الدین خان عامر کا حسنِ ذوق ہے کہ اس نے دیگر عنوانات و موضوعات کی طرح اس حوالے سے بھی میرے بہت سے مضامین اور تبصروں کو اس کتاب میں محفوظ کر دیا ہے جو ہو سکتا ہے پاکستان کی سیاسی و دینی تاریخ سے دلچسپی رکھنے والوں کے لیے مفید ثابت ہو، اللہ تعالیٰ اس کاوش کو قبول فرمائیں اور ہمیں دین و ملت اور ملک و قوم کی خدمت کی مسلسل توفیق سے نوازیں، آمین یا رب العالمین۔