بسم اللہ الرحمٰن الرحیم۔
معیشت انسانی معاشرہ کا ایک اہم شعبہ ہے جسے اللہ تعالیٰ نے قرآن کریم میں ’’جعل اللہ لکم قیاماً‘‘ بتایا ہے کہ اموال و دولت کو خالقِ کائنات نے انسانوں کے لیے زندگی گزارنے کا اہم ذریعہ قرار دیا ہے اور اس کے مختلف پہلوؤں اور تقاضوں پر کلام پاک میں تفصیلی بات کی گئی ہے۔ جبکہ حضرات انبیاء کرام علیہم السلام خصوصاً نبئ آخر الزماں حضرت محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے اس کے اصول و ضوابط اور احکام و قوانین ہر پہلو سے واضح کیے ہیں۔ اس حوالے سے راقم الحروف نے جرائد و اخبارات میں شائع ہونے والے مضامین میں وقتاً فوقتاً معروضات پیش کی ہیں اور مجالس میں اظہار خیال کیا ہے جن کا ایک جامع انتخاب فرزند عزیز حافظ ناصر الدین خان عامر نے زیرنظر مجموعہ میں مرتب کر دیا ہے۔ اللہ تعالیٰ اس محنت کو قبول فرمائیں اور ہمارے لیے ذخیرۂ آخرت بنا دیں، آمین یا رب العالمین۔