وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کے نام مکتوب

   
یکم اگست ۲۰۱۶ء

بسم اللہ الرحمٰن الرحیم

بگرامی خدمت جناب خواجہ سعد رفیق صاحب، وفاقی وزیر ریلوے حکومت پاکستان

السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ۔ مزاج گرامی؟

گزارش ہے کہ اخبارات کے ذریعہ معلوم ہوا ہے کہ گوجرانوالہ شہر میں پرانے ریلوے اسٹیشن کو گرا کر نئی عمارت تعمیر کی جا رہی ہے۔ اس سلسلہ میں آنجناب کو توجہ دلائی جا رہی ہے کہ ریلوے اسٹیشن میں گزشتہ تین عشروں سے ایک مسجد موجود ہے جس میں اردگرد بازار اور مارکیٹوں کے سینکڑوں لوگ پنج وقتہ نماز اور جمعۃ المبارک جماعت کے ساتھ ادا کرتے ہیں اور یہ مسجد اب بھی بارونق و آباد ہے۔

آنجناب سے گزارش ہے کہ مسجد کے تحفظ کے لیے بطور خاص حکم جاری فرمائیں تاکہ وہاں مستقل نمازی حسب سابق نماز ادا کر سکیں اور خانۂ خدا کا تقدس برقرار رہے۔ امید ہے کہ آپ ذاتی دلچسپی کے ساتھ اس درخواست پر غور فرمائیں گے۔

شکریہ، والسلام، ابوعمار زاہد الراشدی
خطیب مرکزی جامع مسجد گوجرانوالہ
یکم اگست ۲۰۱۶ء


   
2016ء سے
Flag Counter