تعارف و تبصرہ

   
جنوری ۱۹۹۲ء

’’مناقب صحابہ کرامؓ‘‘

ماہنامہ ’’الہلال‘‘ مانچسٹر برطانیہ کے مدیر جناب حافظ محمد اقبال رنگونی نے حضرات صحابہ کرامؓ کے مناقب و فضائل کے مختلف پہلوؤں پر ممتاز علماء کرام کے چیدہ چیدہ مضامین کو یکجا شائع کیا ہے۔ اس موضوع پر یہ ایک قابل قدر ذخیرہ ہے جو سوا دو سو صفحات پر مشتمل ہے اور معیاری کتابت و طباعت اور عمدہ جلد کے ساتھ مزین ہے۔ پاکستان میں یہ کتاب حافظ نور محمد انور صاحب مکتبہ الفاروق سلطان پورہ لاہور سے حاصل کی جا سکتی ہے۔ قیمت درج نہیں ہے۔

’’شعور و آگہی‘‘

حضرت مولانا عبید اللہ سندھیؒ کو اللہ رب العزت نے انسانی اجتماعیت کے مسائل کے ادراک اور قرآن و سنت کی روشنی میں ان کے حل کا جو ذوق بخشا تھا وہ انہیں اپنے دور کے دیگر اہلِ علم سے ممتاز کرتا ہے۔ مولانا سندھیؒ حضرت امام ولی اللہ دہلویؒ کے فلسفہ و علوم کے شارح تھے۔ زیر نظر کتابچہ میں مولانا سندھیؒ کے مختلف اور متنوع ارشادات کو یکجا شائع کیا گیا ہے جو مولانا سندھیؒ کے افکار کو نئی نسل تک پہنچانے کی ایک اچھی کوشش ہے۔ ڈیڑھ سو صفحات پر مشتمل یہ کتابچہ عزیز پبلیکیشنز، ۵۶ میکلوڈ روڈ لاہور سے حاصل کیا جا سکتا ہے اور اس کی قیمت ۴۵ روپے ہے۔

’’تنقید انبیاءؑ و طعن صحابہؓ کا شرعی حکم

حضرات انبیاء کرام علیہم السلام کی ذواتِ مقدسہ وحئ الٰہی کا مَہبط ہونے کی وجہ سے انسانی عقل و شعور سے ماوراء اور تنقید سے بالاتر ہیں۔ اور جناب رسالت مآب صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنے براہ راست شاگردوں یعنی حضرات صحابہ کرامؓ کو دین کے اولین گواہ ہونے کے باعث جرح و تنقید سے بالاتر قرار دیا ہے۔ یہ اہلسنت والجماعۃ کا متفقہ مؤقف ہے مگر اس کے باوجود ہر دور میں کچھ لوگ ان مقدس گروہوں کے اعمال و کردار کو اپنے معیار پر پرکھنے کا مذموم شوق پورا کرتے رہے ہیں۔ حضرت مولانا مفتی عبد الرحیم لاج پوری نے اس طرز عمل کا شرعی دلائل کی روشنی میں زیر نظر رسالہ میں محققانہ جائزہ لیا ہے۔ اسی صفحات کے اس رسالہ کی قیمت دس روپے ہے اور اسے مکتبہ حنفیہ گلی ڈاکخانہ والی اردو بازار گوجرانوالہ سے طلب کیا جا سکتا ہے۔

سہ ماہی ’’جمعیت سادات‘‘ لاہور

پاکستان کے سادات نے بھی دوسری اقوام کی طرح خود کو منظم کرنے کا عمل شروع کیا ہے اور جمعیت سادات کے نام سے ایک تنظیم قائم کی ہے۔ جمعیۃ سادات کے تحت ایک سہ ماہی مجلہ اسی عنوان سے شروع کیا گیا ہے جس کا یہ پہلا شمارہ ہے۔ اس میں مولانا ابو الحسن علی ندوی، مولانا وحید الدین خان، مولانا محمد منظور نعمانی، جسٹس پیر کرم شاہ اور سید جعفر شاہ پھلواری جیسے ممتاز اہل علم کے مضامین شامل ہیں۔ کتابت و طباعت عمدہ ہے۔ جناب سید محمد انور جیلانی اس کے منتظم و مدیر ہیں۔ ایک شمارہ کی قیمت ۲۵ روپے اور سالانہ ایک سو روپے ہیں۔ خط و کتابت کا پتہ یہ ہے۔ مینیجر سہ ماہی جمعیت سادات، چٹان بلڈنگ، ۸۸ میکلوڈ روڈ، لاہور۔

   
2016ء سے
Flag Counter