’’بلغۃ الحیران فی ربط آیات القرآن‘‘
رئیس الموحدین حضرت مولانا حسین علی قدس اللہ سرہ العزیز آف واں بھچراں کو اللہ تبارک و تعالیٰ نے فہمِ قرآن کا خصوصی ذوق عطا فرمایا تھا اور علماء کی ایک بڑی تعداد نے اس باب میں ان سے استفادہ کیا ہے۔ قرآن کریم کی سورتوں اور آیات کے درمیان ربط ان کا خصوصی موضوع تھا اور اسی سلسلہ میں ان کے افادات کو ’’بلغۃ الحیران‘‘ کے عنوان سے جمع کیا گیا ہے۔
اگرچہ بعض اہلِ علم اس مجموعہ کے تمام مشمولات کو حضرت مولانا حسین علی رحمہ اللہ تعالیٰ کے فرمودات کا درجہ نہیں دیتے اور ان کے نزدیک بعض الحاقی امور بھی اس میں خلط ملط ہو گئے ہیں، تاہم مجموعی طور پر یہ قرآنی علوم کا بہت بڑا خزینہ ہے جس سے ہر صاحبِ علم کو استفادہ کرنا چاہیے۔ بالخصوص قرآن کریم کے درس کا معمول رکھنے والے علماء کے لیے یہ ایک گراں قدر علمی تحفہ ہے۔
مکتبہ حنفیہ اردو بازار گوجرانوالہ اور مکتبہ سعیدیہ، اودھیانہ مارکیٹ، جی ٹی روڈ، مینگورہ، سوات نے مشترکہ طور پر اسے شائع کیا ہے، لیکن کتابت، کاغذ اور چھپائی اس عظیم علمی ذخیرہ کے شایانِ شان نہیں ہے۔ بڑے سائز کے ساڑھے چار سو صفحات پر مشتمل اس مجموعہ کی قیمت ایک سو اسی روپے ہے۔
’’تعارفِ فقہ‘‘
سید مشتاق علی شاہ صاحب نے اس مجموعہ میں فقہ کے لغوی اور شرعی مفہوم، ضرورتِ فقہ، فضائلِ فقہ، تاریخ و تدوینِ فقہ، اصولِ فقہ، بڑے بڑے فقہاء کے حالات، فقہ حنفی کی اہم کتب کے تعارف، اور فقہ حنفی پر کیے جانے والے اہم اعتراضات کے جوابات جیسے عنوانات پر معلوماتی مضامین کو یکجا کر دیا ہے، جو فقہ کی ضرورت و اہمیت کو سمجھنے کے لیے بہت مفید ہیں۔
چھ سو کے لگ بھگ صفحات کے اس مجلد مجموعہ کی قیمت ایک سو روپے ہے اور مکتبہ حنفیہ اردو بازار گوجرانوالہ نے اسے شائع کیا ہے۔
’’عالمِ اسلام اور عیسائیت‘‘
انسٹیٹیوٹ آف پالیسی اسٹڈیز اسلام آباد ایک علمی و تحقیقی ادارہ ہے جو سنیٹر پروفیسر خورشید احمد صاحب کی سربراہی میں کام کر رہا ہے۔ اسی ادارہ کی طرف سے ’’عالمِ اسلام اور عیسائیت‘‘ کے عنوان سے ایک مستقل ماہنامہ شائع ہوتا ہے جس کا موضوع اس کے عنوان سے ہی ظاہر ہے۔ محترم جناب سفیر اختر صاحب اس کے مدیر اعزازی ہیں اور اس کا ہر شمارہ مستند اور متنوع معلومات پر مشتمل ہوتا ہے۔ اس جریدہ کے ایک شمارہ کی قیمت دس روپے اور سالانہ زرِ خریداری یک صد روپیہ ہے اور مندرجہ ذیل پتہ سے طلب کیا جا سکتا ہے: بک پروموٹرز، بلاک نمبر ۱۹، مرکز ایف سیون، اسلام آباد۔
’’تثلیث فی التوحید‘‘
ماہنامہ المذاہب، شاہدرہ، لاہور کے مدیر جناب محمد اسلم رانا کو قدرت کی طرف سے مسیحیت کے مطالعہ کا خصوصی ذوق ودیعت ہوا ہے اور قارئین ’’الشریعہ‘‘ بھی ان کے مطالعہ و تحقیق کے نتائج سے مستفید ہوتے رہتے ہیں۔
زیر نظر کتابچہ میں انہوں نے ’’ایک میں تین اور تین میں ایک‘‘ کے عیسائی فلسفہ کے تار و پود کو بکھیرا، بائبل کے حوالوں سے اس خود ساختہ فلسفہ کے بودے پن کو بے نقاب کیا، اور تاریخ کی شہادتوں سے اس عقیدہ کا بدعتی اور جعلی ہونا ثابت کیا ہے۔
اَسّی صفحات کا یہ رسالہ اسلامی مشن، سنت نگر، لاہور سے طلب کیا جا سکتا ہے، قیمت درج نہیں ہے۔
’’کشمیر لہو رنگ‘‘
مقبوضہ کشمیر میں نئے عوام بھارتی جبر و تشدد کے خلاف آزادی کی جنگ لڑ رہے ہیں اور ایثار اور قربانیوں کی ایک نئی تاریخ مرتب ہو رہی ہے۔ جناب ظہور الدین بٹ نے کشمیری حریت پسندوں کی اسی داستانِ حریت و استقلال کو زیر نظر ناول میں پیش کیا ہے۔ پونے دو سو صفحات کے اس مجلد ناول کی قیمت ۴۵ روپے ہے اور اسے ادارہ مطبوعاتِ سلیمانی، رحمان مارکیٹ، غزنی اسٹریٹ، اردو بازار لاہور نے شائع کیا ہے۔
’’نقوشِ میوات‘‘
میوات اردو اکادمی لاہور کی طرف سے شائع ہونے والے سہ ماہی مجلہ ’’نقوشِ میوات‘‘ کا دوسرا شمارہ ہمارے سامنے ہے جو میوات کی تاریخ اور شخصیات کے حالات کے بارے میں معلوماتی مضامین پر مشتمل ہے اور مجلہ کے مدیر جناب شبیر احمد خان میواتی کے حسنِ ذوق کا آئینہ دار ہے۔
مولانا الطاف حسین حالیؒ کا سفرِ الور، اور تحریکِ الور میں مجلسِ احرارِ اسلام کے کردار کے بارے میں جانباز مرزا مرحوم کا مضمون بطور خاص قابلِ مطالعہ ہیں۔ ایک پرچہ کی قیمت ۱۵ روپے اور سالانہ زر خریداری ساٹھ روپے ہے، جبکہ خط و کتابت کا پتہ یہ ہے: ۷/اے گلی روشن دین، محلہ حکیماں، ساندہ خورد، لاہور۔
’’مقاماتِ حریری‘‘
چھٹی صدی ہجری کے نامور ادیب ابو محمد قاسم بن علی الحریری کے تحریر کردہ مقامات عربی ادب کی شاہکار تخلیقات میں شمار ہوتے ہیں اور صدیوں سے درسِ نظامی کے نصاب میں شامل ہیں۔ زیر نظر کتابچہ ان میں سے پہلے دس مقامات کا اردو ترجمہ ہے جو الشیخ صدیق احمد انوردی کے قلم سے ہے، اور حاشیہ میں مشکل الفاظ اور محاوروں کی وضاحت بھی کی گئی ہے۔ اس کی قیمت بیس روپے ہے اور ملنے کا پتہ یہ ہے: الرحیم اکیڈمی اے ۷/۷، اعظم نگر، یونٹ آفس، لیاقت آباد، کراچی ۱۹۔
’’منیۃ الالمعی‘‘
’’ہدایہ‘‘ فقہ حنفی کی مستند کتاب ہے جس کی احادیث کی تخریج امام زیلعیؒ نے ’’نصب الرایہ‘‘ کے نام سے کی۔ اور ان سے ہدایہ کی جو احادیث رہ گئیں ان کی تخریج نویں صدی کے ممتاز محدث الحافظ قاسم بن قطلوبغا نے ’’منیۃ الالمعی‘‘ کے نام سے تحریر فرمائی جو حدیث و فقہ کی ایک بڑی خدمت ہے۔ اس کے ساتھ امام شمس الدین الذہبیؒ کا ایک مختصر رسالہ بھی ہے جس میں انہوں نے چند بڑے ثقہ راویوں کا ذکر کیا ہے جن پر کلام کیا گیا ہے لیکن اس کے باوجود ان کی ثقاہت مسلّم ہے۔ یہ دونوں رسالے الرحیم اکیڈمی نے شائع کیے ہیں اور ان کی قیمت بیس روپے ہے۔
’’اربابِ علم و کمال اور پیشہ رزقِ حلال‘‘
مولانا عبد القیوم حقانی صاحبِ قلم ہیں جو کتابوں کے سمندر میں غوطہ زن ہو کر رنگا رنگ موتی پڑھنے والوں کی نذر کرتے رہتے ہیں۔ زیر نظر کتاب میں انہوں نے ان اصحابِ علم اور اربابِ فضل کا تذکرہ کیا ہے جو علمی و دینی خدمات کے ساتھ ساتھ کسبِ ید اور ہنر کے ذریعہ روزی کماتے رہے ہیں۔ اور اس طرح انہوں نے علم و فضل کے ساتھ کسب و ہنر کا حسین امتزاج پیش کیا ہے۔
سوا دو سو سے زائد صفحات پر مشتمل یہ مجلد کتاب موتمر المصنفین، دارالعلوم حقانیہ، اکوڑہ خٹک، ضلع نوشہرہ، صوبہ سرحد سے طلب کی جا سکتی ہے اور اس کی قیمت ساٹھ روپے ہے۔