امان و امان کے لیے ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کے ساتھ مکمل تعاون کریں
جمعیت اہلسنۃ والجماعۃ حنفی دیوبندی کے سرکردہ راہنماؤں کا ایک ہنگامی اجلاس آج مدینۃ العلم میں ہوا، اجلاس میں سرپرست اعلیٰ علامہ زاہد الراشدی، سینئر راہنما حاجی بابر رضوان باجوہ، صدر جمعیت مولانا قاری محمد ریاض، سیکرٹری جنرل مولانا جواد محمود قاسمی، مولانا امجد محمود معاویہ، مفتی محمد اسلم طارق، حافظ عبد الجبار نے شرکت کی، اجلاس میں ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کے ساتھ گزشتہ روز کے مذاکرات کی تفصیلات پر غور کیا گیا اور مثبت پیش رفت پہ اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ضلعی حکام کا شکریہ ادا کیا گیا اور مذاکرات کو جاری رکھنے کا فیصلہ کیا گیا۔
اجلاس میں علامہ زاہد الراشدی نے جمعیت اہلسنۃ والجماعۃ کے راہنماؤں اور کارکنوں کو ہدایت کی ہے کہ امن و امان کو قائم رکھنے کے لیے ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کے ساتھ مکمل تعاون کریں اور قانون کی بالادستی قائم رکھنے کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہ کریں۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ عشرہ محرم الحرام گزر جانے کے بعد مذاکرات کے سلسلہ کو مزید آگے بڑھایا جائے اور تحفظات و شکایات کو بہتر طور پر حل کرنے کے لیے بھرپور کردار ادا کیا جائے۔
حضرت مولانا سید محمود میاںؒ کی وفات
پاکستان شریعت کونسل کے امیر مولانا زاہد الراشدی نے آج جامعہ نصرت العلوم گوجرانوالہ میں دورۂ حدیث شریف کے سبق کے دوران حضرت مولانا سید محمود میاں صاحب (امیر جمعیۃ علماء اسلام پنجاب) کی وفات پر گہرے صدمے اور رنج و غم کا اظہار کیا اور ان کی علمی و دینی خدمات پر خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک باوقار عالم دین اور دانشور ملّی راہنما تھے اور ان کی جدائی دینی و علمی حلقوں کے لیے بہت بڑا صدمہ ہے، اللہ پاک انہیں کروٹ کروٹ جنت نصیب کریں اور تمام لواحقین کو صبر جمیل کی توفیق سے نوازیں، آمین یارب العالمین۔