’’ترجمانِ اسلام‘‘ کا دورِ نو اور ہماری ذمہ داریاں

   
۱۲ جولائی ۱۹۷۴ء

ہفت روزہ ترجمانِ اسلام لاہور کے مالی بحران کی طرف ہم نے قارئین اور ایجنٹ حضرات کو بار بار توجہ دلائی ہے لیکن ابھی تک اس کا کوئی مثبت نتیجہ سامنے نہیں آیا۔ اسی بحران کے باعث پرچہ کے معیار اور قارئین کی شکایات کی طرف پوری توجہ نہیں دی جا سکی، جس کا ادارہ کو پورا پورا احساس ہے۔

اب ہم نے قائد جمعیۃ حضرت مولانا مفتی محمود صاحب دامت برکاتہم کی ہدایات کے مطابق ادارتی و انتظامی طریق کار میں بعض بنیادی تبدیلیاں کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور اس کی تفصیلات طے کرنے کے لیے ۱۰ جولائی کو لاہور میں حضرت مولانا عبید اللہ انور دامت برکاتہم کی زیرصدارت ادارہ کے قلمی معاونین کا ایک اجلاس ہو رہا ہے۔

نئے انتظامات کے تحت اس بات کی پوری کوشش کی جائے گی کہ ترجمانِ اسلام کو ایک معیاری اور وقیع سیاسی جریدہ کی شکل دی جائے، اور انتظامی امور میں بھی قارئین و ایجنٹ حضرات کی شکایات کا پوری طرح سدباب کر دیا جائے۔ لیکن یہ انتظامات صرف اس صورت میں مؤثر ہو سکتے ہیں جبکہ قارئین کرام، ایجنٹ حضرات اور جماعتی کارکن ادارہ ترجمانِ اسلام کے ساتھ بھرپور معاونت فرمائیں، اور ترجمانِ اسلام کی ترقی و بقاء کے لیے جدوجہد کو اپنا فریضہ سمجھتے ہوئے اس میں دلچسپی لیں۔

اس وقت ادارہ کے سامنے سب سے بڑا مسئلہ ایجنٹ حضرات سے بقایا جات کی وصولی کا ہے۔ اگر نادہند ایجنٹ حضرات اپنے ذمہ سابقہ واجبات ادا کر دیں تو ادارہ نہ صرف قرض سے سبکدوش ہو سکتا ہے بلکہ اعتماد کے ساتھ ترقی کی راہ پر گامزن ہو سکتا ہے۔

اس سلسلہ میں ہم جمعیۃ کے ضلعی امراء کرام کو ہر ضلع کے نادہند ایجنٹ حضرات کی فہرست ارسال کر رہے ہیں، اور ان سے ہماری گزارش ہے کہ اپنے تمام تر اثر و رسوخ سے کام لیتے ہوئے ادارہ ترجمان اسلام کے بقایا جات فوری طور پر ادارہ کو بھجوانے کی سعی فرمائیں۔

قارئین کرام اور جماعتی کارکنوں سے ہماری گزارش یہ ہے کہ ترجمان اسلام کے حلقہ کو وسیع کرنے کے لیے زیادہ سے زیادہ سالانہ خریدار بنائیں اور اپنی تجاویز و شکایات سے ادارہ کو آگاہ کرتے رہیں۔

ہمیں امید ہے کہ امراءِ ضلع، ایجنٹ صاحبان، قارئین اور جماعتی کارکن ہماری گزارشات پر توجہ فرما کر ادارہ کے ساتھ بھرپور تعاون فرمائیں گے، تاکہ ہم تعاون و اعتماد کی فضا میں ترجمانِ اسلام کے دورِ نو کا آغاز کر سکیں۔ اللہ تعالیٰ ہم سب کے حامی و ناصر ہوں۔ آمین یا الٰہ العالمین۔

   
2016ء سے
Flag Counter