دارالعلم کی مطبوعات
معہد اللغۃ العربیۃ اور دارالعلم ۶۹۹ آب پارہ مارکیٹ اسلام آباد کے سربراہ مولانا محمد بشیر سیالکوٹی باذوق اہل حدیث عالم دین ہیں جو قادیانیت جیسے گمراہ گروہوں کے علمی و فکری تعاقب کے ساتھ ساتھ ملت اسلامیہ کے مختلف مکاتب فکر میں باہمی رواداری اور ہم آہنگی کے فروغ اور عربی زبان کی ترویج کے لیے مسلسل سرگرم عمل رہتے ہیں اور اس سلسلہ میں ان کی خدمات کو تمام دینی حلقوں میں احترام اور قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔
وہ ایک عرصہ سے اس مقصد کے لیے کوشاں ہیں کہ دینی مدارس میں عربی زبان اور لغت اور ادب و انشاء کی تعلیم و تدریس کے لیے جدید اسلوب کو اپنایا جائے تا کہ سالہا سال تک ان مدارس میں تعلیم حاصل کرنے والے طلبہ اور تدریسی خدمات سر انجام دینے والے اساتذہ میں عربی زبان میں تحریر و گفتگو کی صلاحیت کا جو خلا رہ جاتا ہے اور بری طرح محسوس ہوتا ہے اسے پر کیا جا سکے۔ اس مقصد کے لیے ندوۃ العلماء لکھنو طویل مدت سے مصروف کار ہے جس کے مثبت نتائج سب کے سامنے ہیں لیکن تقسیم ہند کے بعد پاکستان میں اس رخ پر کوئی مؤثر کام نہیں ہو سکا اور ہمارے خیال میں مولانا محمد بشیر سیالکوٹی اسی مہم کو آگے بڑھانے میں مصروف ہیں جس کے لیے انہوں نے اسلام آباد میں مختلف طبقات کے لیے عربی کلاسوں کے اجرا کے علاوہ نصابی ضروریات کے لیے کتابوں کی تدوین و اشاعت کا سلسلہ بھی جاری رکھا ہوا ہے جن میں سے دو کتابیں اس وقت ہمارے سامنے ہیں۔
(۱) مفتاح الانشاء حصہ اول میں اعلیٰ جماعتوں کے طلبہ کو عربی ترجمہ اور تحریر و انشاء سکھانے کے لیے جدید اسلوب کے مطابق خاصا مفید مواد جمع کر دیا گیا ہے۔
(۲) اساس الصرف میں علم صرف کے ضروری قواعد کو نئے اسلوب سے مرتب کر کے ضروری تمرینات کے ساتھ پیش کیا گیا ہے۔
(۳) اقرأ کے نام سے عربی ریڈر چار حصوں میں ہے جس میں کثیر الاستعمال عربی الفاظ و محاورات کا اچھا ذخیرہ جمع کیا گیا ہے۔
اس کے علاوہ مولانا محمد بشیر سیالکوٹی کی کوشش ہے کہ سعودی عرب کی وزارت تعلیم نے عربی نہ بولنے والوں کے لیے دروس اللغۃ العربیۃ کے نام سے تین حصوں میں جو نصابی کتاب شائع کی ہے دینی مدارس اسے بھی اپنے نصاب میں شامل کریں تاکہ طلبہ میں جدید عربی کو سمجھنے اور اس میں لکھنے پڑھنے کی صلاحیت پیدا ہو اور ہماری معلومات کے مطابق اہل حدیث مکتب فکر کے وفاق المدارس السلفیہ پاکستان نے ان کی تجاویز کو منظور کرتے ہوئے عربی زبان کی تعلیم و تدریس کے نصاب و اسلوب میں ضروری تبدیلیوں کا فیصلہ کر لیا ہے جو ہمارے خیال میں اس سمت میں ایک مثبت پیشرفت ہے۔
ہم اصولی طور پر مولانا موصوف کے اس موقف سے متفق ہیں کہ علماء اور طلبہ میں جدید عربی کی صلاحیت پیدا کرنے کے لیے تعلیم و تدریس کے جدید اسلوب کو اختیار کرنا ضروری ہے ۔اس لیے دینی مدارس اور ان کے وفاقوں سے ہماری گزارش ہے کہ وہ اس اہم ضرورت کا احساس کریں اور اس بری طرح محسوس ہونے والے خلا کو پر کرنے کے لیے ندوۃ العلماء لکھنو کے نصاب، مولانا محمد بشیر سیالکوٹی کی تجاویز اور دیگر متعلقہ ماہرین کی آرا کو سامنے رکھتے ہوئے ضروری اقدامات سے گریز نہ کریں۔
’’قرآن پاک کے نئے سائنسی معجزات‘‘
ڈاکٹر سلطان بشیر محمود صاحب اور میجر (ر) امیر افضل خان صاحب نے اپنی اس مشترکہ کاوش میں مختلف سائنسی اصولوں اور ضابطوں کے حوالہ سے قرآن کریم کے متعدد مضامین اور معارف کو نئے رنگ میں پیش کیا ہے اور قرآن کریم کے بارے میں مختلف حلقوں کی طرف سے پھیلائے جانے والے شکوک و شبہات اور مغالطوں کا جواب دیا ہے۔ دو سو سے زائد صفحات کی یہ کتاب خوبصورت ٹائٹل اور مضبوط جلد کے ساتھ القرآن الحکیم ریسرچ فاؤنڈیشن 60/B ناظم الدین روڈ F-8/4 اسلام آباد نے شائع کی ہے اور اس کی قیمت ایک سو روپے ہے۔
’’قیامت اور حیات بعد الموت‘‘
یہ کتاب ڈاکٹر سلطان بشیر محمود صاحب کی تصنیف ہے جسے اردو میں میجر (ر) امیر افضل خان صاحب نے پیش کیا ہے۔ اس میں قیامت اور حیات بعد الموت کے بارے میں اسلامی عقائد اور قرآن و سنت کی تشریحات کی سائنسی انداز میں وضاحت کی گئی ہے اور اس سلسلہ میں پائے جانے والے شکوک و شبہات کا جائزہ لیا گیا ہے۔ ساڑھے پانچ سو سے زائد صفحات پر مشتمل اس ضخیم اور مجلد کتاب کی قیمت تین سو روپے ہے اور اسے مندرجہ بالا ایڈریس سے طلب کیا جا سکتا ہے۔
’’اسماء اللہ عز و جل‘‘
جناب رشید اللہ یعقوب نے اللہ تبارک و تعالیٰ کے اسماء گرامی کے بارے میں قرآن کریم، احادیث نبویہ اور بزرگان دین کے اقوال و فرمودات کا ایک اچھا خاصا ذخیرہ خوبصورت انداز سے پیش کیا ہے جو ان کے حسن ذوق کا آئینہ دار ہے اور اصحاب ذوق کے لیے بیش بہا تحفہ ہے۔
عمدہ کتابت و طباعت، خوبصورت ٹائٹل اور مضبوط جلد کے ساتھ آرٹ پیپر پر شائع ہونے والی یہ کتاب اڑھائی سو سے زائد صفحات پر مشتمل ہے جسے صدقہ جاریہ کے طور پر شائع کیا گیا ہے اور اسے رحمۃ للعالمین ریسرچ سنٹر مکان نمبر ۸ زمزمہ سٹریٹ نمبر ۳ زمزمہ کلفٹن کراچی ۷۵۶۰۰ سے طلب کیا جا سکتا ہے۔
’’نسخہ سکون‘‘
ماہنامہ الہلال مانچسٹر کے مدیر مولانا حافظ محمد اقبال رنگونی نے بیماریوں اور ان کے جسمانی و روحانی علاج کے بارے میں ضروری دینی معلومات اور احکام و مسائل کے ساتھ ساتھ ماثور دعاؤں کا ایک انتخاب اس کتابچہ میں پیش کیا ہے جو مختلف بیماریوں کے بارے میں جناب نبی اکرم ﷺ حضرات صحابہ کرامؓ اور سلف صالحینؒ سے منقول ہیں۔ یہ کتابچہ ادارہ اشاعت الاسلام برطانیہ نے شائع کیا ہے اور اسے مندرجہ ذیل ایڈریس سے طلب کیا جا سکتا ہے۔ P.O. Box 36 Manchester M16 7AN (UK)
’’صمصام الاسلام‘‘
میانمار (برما) کے مسلم اکثریت کے صوبہ اراکان کے مسلمان ایک عرصہ سے برمی حکومت کے مظالم کا شکار اور دینی آزادی اور تشخص کے تحفظ کے لیے جدوجہد میں مصروف ہیں، حضرت مولانا حافظ محمد صدیق اراکانی اس جدوجہد کے اہم راہ نماؤں میں سے ہیں جنہوں نے مذکورہ بالا عنوان کے تحت اس کتابچہ میں جہاد کی اہمیت اور اس کے احکام و مسائل کی وضاحت کے ساتھ ساتھ جہادی تحریکات کے بارے میں پائے جانے والے شکوک و شبہات کا ازالہ کیا ہے اور جہاد سے متعلقہ امور پر علمی انداز سے بحث کی ہے۔
سوا سو سے زائد صفحات پر مشتمل یہ کتابچہ حرکۃ الجہاد الاسلامی اراکان نے شائع کیا ہے اور اسے مصنف سے جامع احتشامیہ جیکب آباد کراچی سے طلب کیا جا سکتا ہے۔