’’شمائل و اخلاقِ نبویؐ‘‘
جناب رسالتماب صلی اللہ علیہ وسلم کے شمائل و اخلاق پر ہر دور میں بہت سے اہلِ علم نے قلم اٹھایا ہے اور قیامت تک آقائے نامدارؐ کے اوصاف و کمالات کا تذکرہ ہوتا رہے گا۔ زیرنظر کتابچہ تیرہویں صدی ہجری کے ممتاز عالمِ دین اور محقق حضرت مولانا قاضی ثناء اللہ پانی پتیؒ کا تحریر کردہ ہے، جسے ہمارے فاضل دوست ڈاکٹر محمود الحسن عارف نے اردو کے قالب میں ڈھالا ہے، اور حضرت قاضی صاحبؒ کے حالاتِ زندگی کے اضافہ کے ساتھ ضروری مقامات پر حواشی اور حوالہ جات تحریر کر کے اس کی افادیت کو دوچند کر دیا ہے۔ کم و بیش دو سو صفحات پر مشتمل یہ کتابچہ نفیس اکادمی، الکریم مارکیٹ، اردو بازار، لاہور نے معیاری طباعت اور مضبوط جلد کے ساتھ پیش کیا ہے اور اس کی قیمت ۱۲۰ روپے ہے۔
’’اسلام اور سیاست‘‘
جسٹس مولانا محمد تقی عثمانی نے اسلامی سیاست و حکومت کے حوالے سے حکیم الامت حضرت مولانا اشرف علی تھانوی قدس اللہ سرہ العزیز کے افکار و خیالات کو مختلف عنوانات کے حوالہ سے جمع کر کے اس کتاب میں ان کی توضیح و تشریح کر دی ہے۔ صفحات تقریباً ساڑھے تین سو، کتابت و طباعت معیاری، خوبصورت مضبوط جلد۔ ملنے کا پتہ: ادارہ تالیفاتِ اشرفیہ، بیرون بوہڑ گیٹ، ملتان۔
’’بیاضِ اشرفیؒ‘‘
حکیم الامت حضرت مولانا اشرف علی تھانویؒ کی بیاض جس میں علمی و فقہی نوادر کے ساتھ مجرب تعویذات اور طبی نسخہ جات کا بھی بیش بہا ذخیرہ موجود ہے۔ صفحات ۲۶۶، ملنے کا پتہ: ادارہ تالیفاتِ اشرفیہ، ملتان۔
’’احاطہ دارالعلوم میں بیتے دن‘‘
نامور محقق اور مصنف حضرت مولانا سید مناظر احسن گیلانیؒ نے دارالعلوم دیوبند میں گزرے ہوئے دنوں کا تذکرہ اپنے مخصوص انداز میں قلمبند کیا ہے، جو ان کے علمی و دینی ذوق کے ساتھ ساتھ اس دور کے کلچر اور تمدن کی بھی عکاسی کرتا ہے۔ صفحات ۲۸۰، ملنے کا پتہ: ادارہ تالیفاتِ اشرفیہ ملتان۔
’’رونقِ محفل‘‘
مدرسہ مظہر العلوم، شوندت میرٹھ، یوپی (انڈیا) کے مہتمم حضرت مولانا قاری امیر احمد صاحب نے مختلف دینی عنوانات پر مکالمات کے انداز میں مفید معلومات جمع کر دی ہیں اور مسائل کو آسان انداز میں سمجھانے کی کوشش کی ہے۔ صفحات ۱۵۰، ملنے کا پتہ: طیب اکیڈیمی، بیرون بوہڑ گیٹ، ملتان۔
’’بخاری شریف غیر مقلدین کی نظر میں‘‘
برادر عزیز مولانا حافظ عبد القدوس قارن سلّمہ مدرس مدرسہ نصرۃ العلوم گوجرانوالہ نے اس رسالہ میں احادیثِ نبویہ علیٰ صاحبہا التحيہ والسلام کے مستند ترین مجموعہ ’’الجامع الصحیح للبخاریؒ‘‘ کے بارے میں غیر مقلدین کے اعتراضات اور امام بخاریؒ سے مختلف مسائل میں ان کے اختلافات کا باحوالہ تذکرہ کیا ہے۔ اور یہ واضح کیا ہے کہ غیر مقلدین کی طرف سے احناف پر بخاری شریف کی کچھ احادیث پر عمل نہ کرنے کا جو الزام عائد کیا جاتا ہے، وہ خود بعض دیگر مسائل میں اس کے مرتکب ہیں، اور علمی و فقہی مسائل میں یہ کوئی اچنبھے کی بات نہیں ہے۔
ان مسائل میں صحیح طرز عمل یہ ہے کہ علمی اختلاف کو خوش دلی کے ساتھ قبول کیا جائے اور ایک دوسرے کے خلاف فتویٰ بازی سے گریز کیا جائے۔
۶۸ صفحات کے اس رسالہ کی قیمت اٹھارہ روپے ہے اور اسے عمر اکیڈیمی، نزد گھنٹہ گھر، گوجرانوالہ سے طلب کیا جا سکتا ہے۔
’’شرح اسماء اللہ الحسنیٰ‘‘
اسلامیہ کالج لاہور کے سابق استاذ اور ممتاز محقق حضرت مولانا اصغر علی روحی نے اللہ تعالٰی کے اسماء گرامی کی تشریح اور ان کے خواص کے بارے میں اس کتاب میں مفید معلومات جمع فرما دی ہیں۔ اور اس کے ساتھ حضرت تھانویؒ کا رسالہ ’’خواص اسماء‘‘ بھی شامل کر دیا گیا ہے۔ صفحات ۳۴۰، ملنے کا پتہ: ادارہ تالیفاتِ اشرفیہ، ملتان۔
’’ماہنامہ الاشرف (قرآن نمبر)‘‘
جامعہ اشرفیہ سکھر کے ترجمان ماہنامہ ’’الاشرف‘‘ نے قرآن نمبر کے نام سے ایک خصوصی اشاعت پیش کی ہے جس میں ممتاز اہلِ قلم کی منتخب نگارشات شامل ہیں۔ صفحات ۲۱۲، قیمت ۲۰ روپے، ملنے کا پتہ: ماہنامہ الاشرف، الاحمد مینشن، ۱۳ بی، گلشن اقبال، کراچی۔
’’صاجزادہ قاری عبد الباسط کی تین تصانیف‘‘
جدہ (سعودی عرب) کی معروف مسجد الشعیبی کے نائب امام و خطیب مولانا صاحبزادہ قاری عبد الباسط ایک باذوق مدرس اور خطیب ہیں جو تحریر و تقریر کے ذریعہ قرآن کریم کے فیوض کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ان کا مسلسل درسِ قرآن کریم مقبولِ عام درس کی حیثیت رکھتا ہے جس کی کیسٹیں مختلف ممالک میں توجہ اور دلچسپی کے ساتھ سنی جاتی ہیں۔ اور اس کے علاوہ مختلف تصانیف کے ساتھ ساتھ جدہ سے شائع ہونے والے اردو روزنامہ ’’اردو نیوز‘‘ میں ’’قارئین کے سوالات‘‘ کے عنوان سے دینی مسائل کی تشریح و توضیح کے حوالہ سے ان کا کالم مشرقِ وسطیٰ کے اردو خواں طبقہ میں دلچسپی کے ساتھ پڑھا جاتا ہے۔
اس وقت ان کی تین تصانیف ہمارے سامنے ہیں:
(۱) ’’فضائل و مسائلِ رمضان‘‘ جس کے مشمولات عنوان سے ظاہر ہیں۔ صفحات ۱۲۸، مجلد۔
(۲) ’’اسلام اور ہنسی مذاق‘‘ جس میں ہنسی مذاق کے شرعی حکم اور اس کے آداب کی وضاحت کی گئی ہے۔ صفحات ۸۸، مجلد۔
(۳) ’’جب ستارے ٹوٹ جائیں گے‘‘ جس میں قرآن کریم کی سورۃ التکویر کی دل نشیں انداز میں تشریح کی گئی ہے۔ صفحات ۱۸۸، مجلد۔
یہ تینوں کتابیں مکتبہ حلیمیہ، سائٹ کراچی (۷۵۷۰۰) سے طلب کی جا سکتی ہیں۔