مولانا محمد شریف جالندھریؒ

   
تاریخ : 
۲۵ ستمبر ۱۹۸۱ء

ملتان کے معروف دینی ادارہ خیر المدارس کے مہتمم اور برصغیر کے نامور عالم دین حضرت مولانا خیر محمد جالندھریؒ کے فرزند حضرت مولانا محمد شریف جالندھریؒ حج بیت اللہ شریف کی ادائیگی کے لیے مکہ مکرمہ میں تھے کہ وہاں سے اچانک خبر آئی کہ مولانا موصوف کا مکہ میں انتقال ہوگیا ہے اور انہیں جنت المعلاۃ میں سپرد خاک کر دیا گیا ہے۔

مکہ مکرمہ میں وفات اور جنت المعلاۃ میں قبر کی جگہ یقینا مولانا مرحوم کی نیکی، سعادت اور ان کی دینی خدمات کی قبولیت کی علامت ہے اور ان کے لیے بلاشبہ خوش بختی کی بات ہے۔ لیکن ان کی مرنجانِ مرنج شخصیت اور دینی و علمی مساعی کے تسلسل سے محرومی خیر المدارس کے اساتذہ، طلبہ، منتظمین، مرحوم کے اعزہ و اقرباء اور ملک بھر کے ہم مسلک احباب کے لیے گہرے صدمے کا باعث ہے۔ مرحوم ایک نیک دل، سادہ مزاج اور باعمل عالم دین تھے۔ خیر المدارس کی انتظامی ذمہ داریوں کے ساتھ ساتھ ملک کے مختلف حصوں میں تبلیغی اجتماعات سے ان کا خطاب علم دوست حضرات کے لیے دلچسپی کا ذریعہ ہوتا تھا، لیکن اب وہ یہ سب یادیں اپنے پیچھے چھوڑ کر اللہ تعالیٰ کے حضور چلے گئے ہیں۔

اللہ تعالیٰ مرحوم کو جنت الفردوس میں جگہ عطا فرمائیں اور پسماندگان، تلامذہ و متعلقین کو صبر و حوصلہ کے ساتھ ان کے نقش قدم پر چلنے کی توفیق ارزانی فرمائیں، آمین یا رب العالمین۔

   
2016ء سے
Flag Counter