بسم اللہ الرحمٰن الرحیم
جامعہ انوار القرآن، آدم ٹاؤن، نارتھ کراچی ملک کے بڑے تعلیمی اداروں میں سے ہے جو پاکستان شریعت کونسل کے امیر حضرت مولانا فداء الرحمٰن درخواستی دامت برکاتہم کے زیر اہتمام ایک عرصہ سے علمی، دینی اصلاحی اور دعوتی خدمات سرانجام دے رہا ہے۔ پاکستان شریعت کونسل کا ہیڈ کوارٹر بھی وہی ہے اور میری وقتاً فوقتاً وہاں حاضری ہوتی رہتی ہے۔
جامعہ انوار القرآن کے شعبہ تخصص اور دارالافتاء کے سربراہ مولانا مفتی حماد اللہ وحید حفظہ اللہ تعالیٰ ایک با ذوق اور باہمت عالمِ دین ہیں۔ ان کی ہمیشہ خواہش بلکہ اصرار رہتا ہے کہ میں جب بھی انوار القرآن میں آؤں، تخصص کے طلبہ کے ساتھ نشست میں کسی نہ کسی موضوع پر ان سے ضرور بات کروں، اور میں بحمد اللہ تعالیٰ ان کے اس ارشاد کی حتی الوسع تعمیل بھی کرتا ہوں۔
مدرسہ نصرۃ العلوم گوجرانوالہ میں سہ ماہی امتحان کی تعطیلات کے موقع پر ۱۸ تا ۲۱ فروری ۲۰۰۸ء کو تین چار دن کے لیے جامعہ انوار القرآن میں حاضری ہوئی تو مفتی حماد اللہ وحید نے پروگرام کو وسعت دے کر دیگر بہت سے مدارس کے اساتذہ اور طلبہ کو بھی شامل کر لیا، اور مسلسل کئی نشستوں میں ان کے سامنے اقوامِ متحدہ کے انسانی حقوق کے چارٹر کے بارے میں گفتگو ہوئی۔
اس گفتگو کو جو مجموعی طور پر کم و بیش آٹھ نو گھنٹوں پر مشتمل ہے، مفتی صاحب موصوف نے آڈیو ریکارڈنگ کے ذریعے سی ڈی پر محفوظ کر لیا، جبکہ میرے چھوٹے بیٹے ناصر الدین خان عامر سلّمہ نے اسے سی ڈی سے صفحہ قرطاس پر منتقل کر کے زیر نظر کتابچہ کی صورت میں مرتب کر دیا ہے جسے نظر ثانی کے بعد زیرنظر کتابچہ کی صورت میں شائع کیا جا رہا ہے۔
’’انسانی حقوق اور اسلامی تعلیمات‘‘ گزشتہ ربع صدی سے میری تحریر و تقریر کا اہم موضوع چلا آ رہا ہے، اور جہاں بھی مناسب موقع ہوتا ہے میں اس کے بارے میں کچھ نہ کچھ ضرور عرض کرتا ہوں۔ مگر میرے نزدیک یہ ابھی ابتدائی کاوش ہے جسے انسانی حقوق کی موجودہ عالمی صورتحال پر اسلامی تعلیمات کے حوالے سے تعارفی تبصرہ کہا جا سکتا ہے۔ اصل ضرورت اس موضوع پر تفصیلی علمی و تحقیقی کام کی ہے جس کا بار کوئی بڑا علمی ادارہ ہی اٹھا سکتا ہے اور میں اس کے لیے بہت سے بڑے بزرگوں کا دروازہ کھٹکھٹا چکا ہوں ؏ ’’شاید کہ اتر جائے کسی دل میں مری بات‘‘۔
قارئین سے درخواست ہے کہ ہمارے لیے دعا فرمائیں کہ اللہ تعالیٰ یہ حقیر سی کاوش قبول فرمائیں اور اسے کسی بہتر اور مفید علمی کام کا ذریعہ بنا دیں، آمین یا رب العالمین