مولانا عبد الحئیؒ آف بھوئی گاڑ

   
تاریخ : 
۲۹ اگست ۱۹۸۰ء

گزشتہ دنوں مولانا حکیم مفتی عبد الحئی آف بھوئی گاڑ انتقال کر گئے، انا للہ وانا الیہ راجعون۔ مولانا مرحوم کا تعلق قافلہ حق و صداقت سے تھا اور وہ اپنے علاقہ میں حق پرست قافلہ کے باہمت اور جری سالار تھے۔ انہوں نے ہر دینی و قومی تحریک میں قائدانہ حصہ لیا اور صبر و استقلال کی روایات زندہ کیں۔ وہ کفر و الحاد کے ہر وار کے سامنے علاقہ کے عوام کے لیے ڈھال بنے۔ وہ (جسمانی طور پر) معذور تھے لیکن انتخابی و تحریکی مہموں میں جماعتی مشن کو آگے بڑھانے کے لیے انہوں نے میدانی اور پہاڑی راستوں کو اپنے ناتواں قدموں تلے روند ڈالا۔ ان کا فقہی مزاج اور علمی تفوق علاقہ کے علماء کے لیے سند اور باعث یقین و اعتماد تھا۔ مولانا نے قید و بند کی صعوبتیں برداشت کیں اور انتخابی معرکوں میں کودے لیکن کوئی خوف یا لالچ ان کے پائے استقلال میں لرزش نہ پیدا کر سکی۔

آج مولانا حکیم مفتی عبد الحئیؒ ہم میں نہیں ہیں لیکن ان کی روایات اور داستانِ جہد و استقلال زندہ اور آنے والی نسلوں کے لیے مشعل راہ ہیں۔ اللہ تعالیٰ ان کے درجات بلند فرمائیں اور ان کے فرزندوں مولانا حکیم احمد حسن، مولانا ابوبکر قریشی اور حافظ حسین احمد قریشی کو صبر و حوصلہ کے ساتھ اپنے عظیم باپ کی روایات کو زندہ رکھنے کی توفیق دیں، آمین یا رب العالمین۔

   
2016ء سے
Flag Counter