وفاق المدارس کا ’’دینی مدارس کنونشن‘‘

   
جون ۲۰۰۵ء

دینی مدارس کی ملک گیر تنظیم وفاق المدارس العربیہ پاکستان نے ۱۶ مئی کو کنونشن سنٹر اسلام آباد میں بھرپور ’’دینی مدارس کنونشن‘‘ منعقد کرکے ایک بار پھر واضح کر دیا کہ پاکستان بھر کے دینی مدارس معاشرے میں دینی تعلیمات کے فروغ اور اسلامی اقدار و روایات کے تحفظ کے لیے اپنے مشن پر آج بھی کاربند ہیں اور وہ اپنے کردار اور جدوجہد کا پوری طرح شعور رکھتے ہوئے اپنے عظیم اسلام کی جدوجہد کا تسلسل جاری رکھے ہوئے ہیں۔ دینی مدارس کے مروجہ نظام نے اپنے سفر کا آغاز ۱۸۶۶ء میں دیوبند کے قصبہ سے کیا تھا جہاں مسجد چھتہ میں انار کے درخت کے سائے میں چند درویش صفت بزرگوں نے ایک دینی درسگاہ کی بنیاد رکھی تھی اور یہ ان بزرگوں کے خلوص کی برکت ہے کہ آج ان مدارس کا جال پورے ایشیا میں پھیلا ہوا ہے اور ہزاروں مدارس اس خطہ ارضی کے مختلف کونوں میں دینی تعلیم کے فروغ کی خدمت سرانجام دے رہے ہیں۔

اسلام آباد کا کنونشن وفاق المدارس کے سالانہ امتحان میں نمایاں پوزیشنیں حاصل کرنے والے طلبہ اور طالبات میں تقسیم انعامات کے لیے تھا لیکن اس کے ذریعہ وفاق کی قیادت نے دینی مدارس کی قوت اور باہمی ربط و تعاون کا بھرپور اظہار کیا ہے اور دنیا کو یہ باور کرانے میں کامیاب رہی ہے کہ دینی مدارس کے جداگانہ تشخص اور آزادانہ کردار کے بارے میں جو منفی پراپیگنڈا ایک عرصہ سے جاری ہے اور دینی مدارس کی حوصلہ شکنی اور کردار کشی کے جو مختلف حربے تسلسل کے ساتھ آزمائے جا رہے ہیں وہ دینی مدارس کو ان کے مشن اور پروگرام سے ہٹانے میں کامیاب نہیں ہو سکے بلکہ اس سے دینی مدارس کے عزم و حوصلہ اور جوش و جذبہ میں اضافہ ہوا ہے۔ اس کامیاب کنونشن کے انعقاد پر ہم وفاق المدارس العربیہ کے صدر شیخ الحدیث حضرت مولانا سلیم اللہ خان دامت برکاتہم ، سیکرٹری جنرل مولانا قاری محمد حنیف جالندھری اور ان کے رفقاء کو مبارک باد پیش کرتے ہیں اور دعاگو ہیں کہ اللہ تعالیٰ انہیں اسی عزم و حوصلہ اور تدبر کے ساتھ دینی مدارس کی قیادت کرتے رہنے کی توفیق دیں، آمین یا رب العالمین۔

   
2016ء سے
Flag Counter