الشیخ علی الحذیفی کیلئے خصوصی دعاؤں کی درخواست

   
مئی ۱۹۹۸ء

سعودی عرب سے آنے والے ایک دوست نے ہمیں ایک آڈیو کیسٹ دی ہے جس کے بارے میں ان کا کہنا ہے کہ مدینہ منورہ میں مسجد نبوی علیٰ صاحبہا التحیہ والسلام کے امام محترم الشیخ علی عبد الرحمٰن الحذیفی نے مسجد نبویؐ میں ذیقعدہ کے پہلے جمعۃ المبارک کو جو خطبہ ارشاد فرمایا، یہ اس کی ریکارڈنگ ہے۔ ہم نے یہ کیسٹ سنی ہے اور دل سے بے ساختہ ان کے لیے دعائیں نکلی ہیں کہ انہوں نے اس خطبہ جمعہ میں امریکہ، اسرائیل، مغربی ثقافت اور بین الاقوامی قوتوں کی اسلام دشمن سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ سنی شیعہ کشمکش کے حوالے سے عالمِ اسلام کے دینی حلقوں کے جذبات کی جس جرأت کے ساتھ ترجمانی کی ہے، سچی بات ہے کہ انہوں نے حق اور اہلِ حق کی ترجمانی کا حق ادا کر دیا ہے۔ اللہ تعالیٰ انہیں جزائے خیر دیں اور ہر قسم کی آزمائش اور ابتلا سے ان کی حفاظت فرمائیں، آمین یا رب العالمین۔ لیکن اس کے ساتھ ہی اس دوست نے یہ افسوسناک خبر بھی دی ہے کہ اس خطبہ جمعہ کے بعد الشیخ علی حذیفی کو کہیں دیکھا نہیں گیا اور نہ ہی وہ اس کے بعد کوئی نماز پڑھا سکے ہیں۔

الشیخ علی حذیفی عالمِ اسلام کی معروف شخصیت ہیں، ان کی تلاوتِ کلامِ پاک کی کیسٹیں دنیائے اسلام کے ہر خطے میں موجود ہیں اور شوق و محبت سے سنی جاتی ہیں۔ اور حرمین شریفین میں ان کے پیچھے نماز ادا کرنے سے نماز کا لطف دوبالا ہو جاتا ہے جس کی سعادت راقم الحروف کو کئی بار حاصل ہوئی ہے، اس لیے ان کے اس طرح اچانک منظر سے غائب ہو جانے کی خبر واقعتاً تشویشناک اور پریشان کن ہے۔

سعودی عرب میں الشیخ سلمان عودہ اور الشیخ سفر الحوالی جیسے اکابر علماء اسی طرح کی حق گوئی کی پاداش میں سالہا سال سے جیلوں میں ہیں، جبکہ ڈاکٹر محمد المسعری اور ڈاکٹر سعد الفقیہ جیسے دانشور لندن میں جلاوطنی کی زندگی بسر کر رہے ہیں، اور عالمِ اسلام کے عظیم مجاہد الشیخ اسامہ بن لادن جلاوطنی کے عالم میں افغانستان میں ہیں اور امریکہ ان کی گرفتاری کے لیے پورا زور صرف کر رہا ہے۔

ان حالات میں مذکورہ خطاب جمعہ کے بعد ان کا غائب ہو جانا یقیناً اضطراب کا باعث ہے اور یہ خدشہ بے جا نہیں ہے کہ بعض دیگر اکابر سعودی علماء کی طرح وہ بھی کسی آزمائش سے دوچار نہ ہو گئے ہوں۔ ہم علماء کرام سے گزارش کریں گے کہ وہ الشیخ علی حذیفی کا خطاب ضرور سنیں جس کی کیسٹ مدرسہ نصرۃ العلوم (فاروق گنج، گوجرانوالہ) کے مدرس قاری محمد عبد اللہ صاحب سے حاصل کی جا سکتی ہے۔ اور اس کے ساتھ الشیخ علی عبد الرحمٰن الحذیفی کے لیے خصوصی دعاؤں کا اہتمام کریں کہ اللہ تعالیٰ انہیں حفظ و امان میں رکھیں اور ہر طرح کی آزمائش و ابتلا میں ثابت قدمی اور سرخروئی نصیب فرمائیں، آمین یا رب العالمین۔

   
2016ء سے
Flag Counter