جامعہ نصرۃ العلوم کے قراء کرام کے اعزاز میں ایک خصوصی نشست
علامہ زاہد الراشدی صاحب کی سرپرستی میں خلافتِ راشدہ اسٹڈی سنٹر کے زیر اہتمام ۵ اکتوبر ۲۰۲۳ء بروز جمعرات عصر کے متصل بعد خلافتِ راشدہ لائبریری مرکزی جامع مسجد شیرانوالہ باغ میں محکمہ اوقاف پاکستان کے زیر اہتمام گوجرانوالہ ڈویژنل حسنِ قراءت مسابقہ کے پوزیشن ہولڈرز طلباء کرام کے اعزاز میں عصرانے کا اہتمام کیا گیا۔
گزشتہ دنوں محکمہ اوقاف پاکستان کے تحت گوجرانوالہ ڈویژن میں مسابقۂ حدر و حسنِ قراءت منعقد ہوا جس میں پورے ڈویژن کے مختلف مدارس سے طلباء شریک ہوئے۔ اس مسابقہ میں جامعہ نصرۃ العلوم گوجرانوالہ کے بارہ طلباء کرام نے مختلف کیٹیگریز میں نمایاں پوزیشنیں حاصل کر کے جامعہ کا نام روشن کیا۔
جامعہ کے شعبہ تجوید و قراءت کے صدر مدرس اور پوزیشن ہولڈرز طلباء کرام کے اعزاز میں مفکر اسلام علامہ زاہد الراشدی صاحب کی سرپرستی میں خلافتِ راشدہ اسٹڈی سنٹر نے عصرانے کا اہتمام کیا۔ اس موقع پر عالمی و قومی ایوارڈ یافتہ قاری وسیم اللہ امین صاحب سابق مدرس نصرۃ العلوم نے تلاوتِ کلام پاک پیش کی، جبکہ مولانا قاری محمد سعید احمد صاحب صدر مدرس شعبہ تجوید و قراءت جامعہ نصرۃ العلوم نے تلاوتِ کلام سے سامعین کے ارواح و قلوب کو منور کرنے کے بعد محکمہ اوقاف کے تحت منعقد ہونے والے مسابقۂ قراءت کی روداد پیش کی۔ بعد ازاں مفکر اسلام علامہ زاہد الراشدی نے پوزیشن ہولڈرز طلباء کرام اور ان کے اساتذہ کو مبارکباد پیش کرنے کے ساتھ ساتھ ان کی حوصلہ افزائی کی، اور نہ صرف قیمتی نصائح و دعاؤں سے نوازا بلکہ طلباء کرام کو انعامات بھی دیے۔
جبکہ محفل کا اختتام خلافتِ راشدہ اسٹڈی سنٹر کے صدر مولانا مفتی فضل الہادی ہزاروی کی دعا سے ہوا۔ اس موقع پر مفکر اسلام صاحب اور قاری سعید احمد و قاری وسیم اللہ امین اور جامعہ نصرۃ العلوم، جامعہ مظاہر العلوم کے پوزیشن ہولڈرز کے علاوہ اسٹڈی سنٹر کے صدر مفتی فضل الہادی ہزاروی، قاری محمد سلیم صاحب مدرس جامعہ عربیہ، مولانا صاحبزادہ حافظ نصر الدین خان عمر، عبد القادر عثمان، جے ٹی آئی گوجرانوالہ کے صدر حافظ شمس الحق دیروی، سیکرٹری جنرل حافظ محمد واجد معاویہ، حافظ فضل اللہ راشدی سمیت قاری وسیم اللہ امین کے شاگرد حضرات اور دیگر مہمانان شریک ہوئے۔
قومی پالیسیوں پر بیرونی مداخلت سے نجات کیلئے قومی مشاورت کا اہتمام کیا جائے
پاکستان شریعت کونسل کے سیکرٹری جنرل مولانا زاہد الراشدی نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ قومی پالیسیوں بالخصوص معیشت اور افغان پالیسی پر بیرونی ایجنڈے اور مداخلت سے نجات دلانے کیلئے قومی مشاورت کا اہتمام کیا جائے، اور آل پارٹیز کانفرنس منعقد کر کے متفقہ موقف کا راستہ اختیار کیا جائے۔
انہوں نے آج یہاں اسلام آباد میں مولانا محمد ثناء اللہ غالب کی زیرصدارت علماء کرام کے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے قومی معاملات میں بیرونی مداخلت مسلسل بڑھتی جا رہی ہے، جس کی روک تھام مل جل کر ہی کی جا سکتی ہے، اور سب جماعتوں اور طبقات کو اس میں کردار ادا کرنا ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ غیر قانونی اور جرائم میں ملوث غیر ملکی افراد کے خلاف کاروائی میں ان کے ساتھ شریک ہونے والے ملکی باشندوں اور انہیں تحفظ فراہم کرنے والے افسران کے خلاف کاروائی بھی ضروری ہے، ورنہ انصاف کے تقاضے پورے نہیں ہوں گے۔
انہوں نے بتایا کہ اس صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے تمام مکاتب فکر کے مشترکہ فورم ’’متحدہ علماء کونسل‘‘ کے زیر اہتمام ۲۱ اکتوبر کو لاہور میں مشترکہ مشاورتی اجلاس طلب کر لیا گیا ہے جس میں قومی خودمختاری کو درپیش چیلنجز کے حوالے سے مشترکہ موقف طے کیا جائے گا۔
فلسطین کی تشویشناک صورتحال پر اسلامی تعاون تنظیم عملی اقدامات کرے
پاکستان شریعت کونسل پنجاب کے زیر اہتمام الشریعہ اکادمی گوجرانوالہ میں ایک نشست منعقد ہوئی جس میں پاکستان شریعت کونسل سندھ کے امیر بزرگ راہنما مولانا قاری اللہ داد نے خصوصی طور پر شرکت کی۔
نشست سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان شریعت کونسل کے سیکرٹری جنرل علامہ زاہد الراشدی نے مغربی دنیا بالخصوص امریکہ کی دوغلی پالیسی کی بھرپور مذمت کی کہ ایک طرف امریکی صدر عالمی قوانین اور انسانی حقوق کی پابندی کا راگ الاپتے ہیں، دوسری طرف اسرائیلی جارحیت کی صرف حمایت ہی نہیں بلکہ عملی معاونت میں بھی پیش پیش ہیں۔ اسلامی ممالک بالخصوص اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) فلسطین کی موجودہ صورتحال میں صرف مذمتی جمع خرچ کرنے کی بجائے مظلوم فلسطینیوں کے حق میں عملی اقدامات کرتے ہوئے نظر آنے چاہئیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان شریعت کونسل فلسطین کی حمایت میں جمعیت علماء اسلام کے موقف کی تائید اور اعلان کردہ امدادی مہم کا خیرمقدم کرتے ہوئے ہر سطح پر تعاون کی یقین دہانی کراتی ہے۔
شریعت کونسل پنجاب کے صوبائی سیکرٹری مولانا قاری محمد عثمان رمضان نے بیت المقدس کی آزادی اور مظلوم نہتے فلسطینیوں کے ساتھ یکجہتی کے اظہار کیلئے پنجاب بھر میں بیدارئ امت آگاہی مہم کے آغاز کا اعلان کیا جس میں مختلف اضلاع میں یکجہتی فلسطین کے حوالے سے سیمینار منعقد کیے جائیں گے۔
پاکستان شریعت کونسل پنجاب کے نائب امیر مولانا قاری عبید اللہ عامر نے علماء اور خطباء سے اپیل کی ہے کہ وہ بیت المقدس اور مظلوم فلسطینی مسلمانوں کے حق میں اور اسرائیلی جارحیت کے خلاف اپنے جمعہ کے خطبات میں آوازِ حق بلند کریں۔
نشست میں مولانا مفتی نعمان احمد، مولانا امجد محمود معاویہ، مولانا خرم شہزاد، مولانا نصر الدین خان عمر، رانا منظور منج، مولانا خبیب عامر، مولانا طبیب الرحمٰن، حافظ شاہد الرحمٰن میر، حافظ عبد الجبار، عبد القادر عثمان اور دیگر نے شرکت کی۔
عرب ممالک فلسطینی مظلوموں کا مقدمہ سفارتی سطح پر لڑیں
متحدہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی صدر، پاکستان شریعت کونسل کے مرکزی سیکرٹری جنرل مفکر اسلام مولانا زاہد الراشدی نے کہا ہے کہ عرب ممالک فلسطینی مظلوموں کا مقدمہ سفارتی سطح پر لڑیں۔ اسرائیلی مظالم اور مسئلہ فلسطین کے بارے مہاتیر محمد کا امریکی صدر جوبائیڈن کو جواب حوصلہ افزا ہے۔ موجودہ صورتحال میں ہمیں عوام کو مسئلہ فلسطین کا شعور و آگہی، اس کی اہمیت مسلمانوں میں بیدار کرنا ہو گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان شریعت کونسل ضلع لاہور کے زیر اہتمام آسٹریلیا مسجد ریلوے اسٹیشن میں ایک علمی و فکری نشست میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں عوام کو مسئلہ فلسطین کا شعور و آگہی دے کر اس کی اہمیت مسلمانوں میں بیدار کرنا ہو گی۔ یہ خطہ مسلمانوں کی میراث ہے، موجودہ صورتحال میں مہاتیر محمد کا امریکی صدر جوبائیڈن کو جواب ایک حوصلہ افزا بات ہے۔ امت مسلمہ کو جاگنا ہو گا اور پاکستان سعودیہ عرب ممالک کو فلسطینی مظلوموں کا مقدمہ سفارتی سطح پر لڑنا ہو گا۔
پاکستان شریعت کونسل پنجاب کے سیکرٹری جنرل مولانا قاری محمد عثمان رمضان نے کہا کہ پاکستان شریعت کونسل پنجاب کی طرف سے یکجہتی فلسطین شعور و آگہی مہم کے سلسلہ میں پروگرامات ہوتے رہیں گے اور ان شاء اللہ تعالیٰ ہم اپنی ہمت کے مطابق کم از کم پنجاب کی سطح پر فلسطین کے مظلوم مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کرتے رہیں گے اور اسرائیل کے مظالم کی مذمت جاری رہے گی۔ ہم اپنے حکمرانوں کو احساس دلاتے رہیں گے، ان شاء اللہ تعالیٰ۔ ہماری آواز فلسطین کے مظلوم عوام کے لیے حوصلے کا باعث ہو گی، ان شاء اللہ تعالیٰ۔
پاکستان شریعت کونسل لاہور کے امیر مولانا ڈاکٹر حافظ عبد الواحد قریشی نے نقشہ کی مدد سے شرکاء کو بہت عمدہ انداز میں فلسطین کے مسئلہ پر بریف کیا اور صورتحال کو شرکاء کے سامنے واضح کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس موجودہ صورتحال میں فلسطینی مظلوموں سے اظہار یکجہتی کے لیے ہمیں آگے بڑھنا ہو گا۔ امیر ضلع لاہور نے اعلان کیا کہ پورے لاہور شہر میں مختلف مقامات پر یکجہتی فلسطین شعور و آگہی مہم کے سلسلہ میں نشستوں کا اہتمام کیا جائے گا اور ایک بڑی سطح پر علماء کنونشن کا انعقاد کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلہ میں پاکستان شریعت کونسل لاہور کے احباب سے مشاورت جاری رکھی جائے گی۔ نشست میں پاکستان شریعت کونسل کے مرکزی رابطہ سیکرٹری مولانا ڈاکٹر حافظ محمد سلیم، حافظ محمد گلفام میاں سیکرٹری جنرل لاہور، عبد الوحید، حافظ سعادت، مولانا اشفاق، مفتی عبد اللہ، عبد الوحید سمیت کثیر تعداد میں علمائے کرام نے شرکت کی۔
’’فلسطین کی آواز‘‘ کے عنوان سے گوجرانوالہ کے مکاتبِ فکر کا اجلاس
گوجرانوالہ (سٹاف رپورٹر) یوتھ اسمبلی برائے انسانی حقوق گوجرانوالہ کے زیر اہتمام ’’فلسطین کی آواز‘‘ کے عنوان پر مختلف مکاتبِ فکر اور طبقات کے نمائندوں کا مشترکہ اجلاس منعقد ہوا جس میں مفکر اسلام شیخ الحدیث مولانا زاہد الراشدی نے مظلوم اور نہتے فلسطینی مسلمانوں پر ہونے والے اسرائیلی مظالم کو انسانی حقوق کی کھلی خلاف ورزی قرار دے دیا۔ جس کی تمام شرکاء نے مشترکہ طور پر تائید فرماتے ہوئے عالمِ اسلام کے حکمرانوں سے مطالبہ کیا کہ مظلوم فلسطینیوں کے حق میں عالمی سطح پر اقوام متحدہ، یورپی یونین، انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں کے سامنے آوازِ حق بلند کرتے ہوئے اپنی غافلانہ خاموشی کو توڑ دیں۔ رابطہ عالم اسلامی، عرب لیگ اور او آئی سی کا عملی اقدام سفارتی سطح پر مشترکہ طور پر واضح ہونا چاہیے کہ ہم کسی صورت میں بھی نہتے مسلمانوں کا قتلِ عام برداشت نہیں کریں گے۔ امریکی صدر کا دوہرا معیار ایک طرف انسانی حقوق کے تحفظ کا مطالبہ، دوسری جانب کھلے عام اسرائیلی جارحیت کی حمایت اور تائید، کیا اقوامِ عالم کی آنکھیں کھولنے کے لیے کافی نہیں؟
اس وقت عالمی اداروں کی خاموشی امتِ مسلمہ اور درد دل رکھنے والے انسانی حقوق کی سنجیدہ تنظیموں کے لیے واضح پیغام ہے کہ ان کے نزدیک فلسطین میں بہنے والا معصوم مسلمانوں کا خون شاید انسانی خون نہیں ہے جس پر ان کی مجرمانہ خاموشی قابلِ تشویش ہے۔ شرکاء نے امتِ مسلمہ سے فلسطین کے حق میں یکجہتی کے مظاہرہ اور اپنی ہر سطح پر اخلاقی حمایت جاری رکھنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
اجلاس میں مولانا مشتاق احمد چیمہ، علامہ نصیر احمد اویسی، وحید الحق ہاشمی ایڈووکیٹ، مولانا سعید احمد صدیقی، مولانا حافظ امجد محمود معاویہ، مولانا جواد محمود قاسمی، حاجی بابر رضوان باجوہ، حافظ خالد محمود صفدر، فرقان عزیز بٹ، پروفیسر شہزاد لارنس، حافظ فراسٹ بٹ، محمد قاسم کمبوہ، محمد ناصر بشیر مغل، محمد اقبال چٹھہ، حافظ عبد الجبار ،میاں فضل الرحمان چغتائی، حافظ ابوبکر مدنی، حافظ شاہد میر، عبد القادر عثمان و دیگر نے شرکت کی۔
یکجہتی فلسطین شعور و آگاہی مہم کی نشست
پاکستان شریعت کونسل پنجاب کے زیر اہتمام دارالعلوم محمودیہ سیالکوٹ میں ’’یکجہتی فلسطین شعور و آگاہی مہم‘‘ کے سلسلہ کی ایک اہم نشست سے مفکر اسلام شیخ الحدیث مولانا زاہد الراشدی دامت برکاتہم نے خطاب فرماتے ہوئے مظلوم اور نہتے فلسطینی مسلمانوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا ہے، اور مسلم ممالک کے حکمرانوں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ملی حمیت اور بیدار مغزی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اسرائیلی جارحیت کے خلاف مؤثر حکمتِ عملی کے تحت عملی اقدامات کریں۔
عالمی برادری کے دوہرے معیار کی بھرپور مذمت کرتے ہوئے علامہ راشدی صاحب نے کہا کہ ایک طرف امریکہ کی جانب سے عالمی قوانین کی پابندی کا راگ الاپا جا رہا ہے، دوسری طرف دوغلے پن کی انتہا ہے کہ امریکی صدر جوبائیڈن اسرائیلی جارحیت کی نہ صرف حمایت کرتے ہوئے نظر آتے ہیں بلکہ عملی طور پر اسرائیل کو ہر طرح کے تعاون کی یقین دہانی کروائی جا رہی ہے۔
نشست میں صوبائی سیکرٹری جنرل قاری محمد عثمان رمضان، صوبائی سیکرٹری اطلاعات مولانا حافظ امجد محمود معاویہ، صوبائی ڈپٹی سیکرٹری حافظ خرم شہزاد، گوجرانوالہ کے ضلعی امیر صاحبزادہ نصر الدین خان عمر، الشریعہ اکادمی گوجرانوالہ کے مولانا محمد اسامہ قاسم، اور پاکستان شریعت کونسل کے اراکین و دیگر معزز علماء کرام کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔