’’تذکارِ رفتگاں‘‘

   
یکم اگست ۲۰۱۷ء

بحمد اللہ تعالیٰ مجھے دینی و ملی مسائل پر اخبارات و جرائد میں لکھتے ہوئے نصف صدی سے زیادہ عرصہ بیت چکا ہے اور اس سلسلہ میں کم و بیش ہر شعبۂ زندگی سے تعلق رکھنے والے اصحابِ علم و دانش نے حوصلہ افزائی فرمائی ہے جو یقیناً میرے لیے ایک قیمتی سرمایہ اور اعزاز کی حیثیت رکھتی ہے۔ اس دوران دینی و قومی حوالے سے بہت سی سرکردہ شخصیات کے بارے میں لکھنے کا موقع ملا، اور زندگی میں جن دوستوں اور بزرگوں سے تعلق رہا ان کے دنیا سے چلے جانے کے بعد ان کے بارے میں تعزیتی کالم اور شذرات بھی موقع محل کی مناسبت سے قلمبند ہوئے جو رسائل و جرائد کے متنوع اور وسیع ذخائر میں بکھرے ہوئے ہیں۔ حافظ ناصر الدین خان عامر سلمہ نے انتہائی محنت اور توجہ کے ساتھ ان تعزیتی مضامین و شذرات کو جمع کر کے زیرِنظر مجموعہ کی صورت میں کمپوز کیا ہے جو اس کی محنت و کاوش کے ساتھ ساتھ حسنِ ذوق کی بھی علامت ہے، جناب شبیر احمد خان میواتی نے پرانے مجلات میں سے مواد کی تلاش اور فراہمی میں معاونت کی ہے، جبکہ پروفیسر عمار خان ناصر نے اس مجموعہ کی ترتیب و تدوین اور اسے ماہنامہ الشریعہ کی خصوصی اشاعت کے طور پر سامنے لانے کے لیے قابل قدر محنت کی ہے۔ اللہ تعالیٰ ان حضرات کی سعی و کاوش کو قبولیت سے نوازیں، آمین۔ ابھی بہت سے بزرگوں اور دوستوں کے بارے میں اس نوعیت کے مضامین و شذرات اخبارات و جرائد کی فائلوں میں دبے پڑے ہیں جن کی تلاش جاری ہے، ہماری کوشش ہو گی کہ جو میسر آجائیں انہیں اس کتاب کی اگلی اشاعت میں قارئین کی خدمت میں پیش کر دیا جائے، ان شاء اللہ تعالیٰ۔

متعدد قومی و ملی اور علمی و فکری عنوانات پر میرے مضامین کے ایک درجن کے لگ بھگ مجموعے الشریعہ اکادمی گوجرانوالہ کے زیر اہتمام طبع ہو چکے ہیں، جبکہ فرزند عزیز حافظ ناصر الدین خان عامر نے پرانے اخبارات و جرائد کی چھان بین کر کے اب تک بارہ سو سے زائد مضامین ویب سائٹ zahidrashdi.org پر شائع کیے ہیں اور یہ سلسلہ مسلسل جاری ہے۔

زیر نظر مجموعہ میں شامل مضامین ان بزرگوں اور احباب کے حوالے سے محض جذبات اور تاثرات کا مختصر اظہار ہیں جو بہت سے پہلوؤں سے تشنہ محسوس ہوں گے اس لیے انہیں ایک عقیدت مند، رفیق کار اور کارکن کے احساسات کے طور پر ہی پڑھا جائے، اور اس دعا کا اہتمام کیا جائے کہ اللہ رب العزت انہیں جوارِ رحمت میں جگہ دیں اور ہم سب کو ان کی حسنات کا سلسلہ جاری رکھنے کی توفیق سے نوازیں، آمین یا رب العالمین۔

   
2016ء سے
Flag Counter