بسم اللہ الرحمٰن الرحیم ۔ نحمدہ تبارک و تعالیٰ و نصلی و نسلم علیٰ رسولہ الکریم و علیٰ آلہ و اصحابہ و اتباعہ اجمعین۔
گزشتہ نصف صدی کے دوران بحمد اللہ تعالیٰ سینکڑوں اجتماعات میں جناب سرور کائنات صلی اللہ علیہ وسلم کی سیرتِ طیبہ اور اسوۂ حسنہ کے مختلف پہلوؤں پر اظہارِ خیال کی سعادت حاصل ہوئی ہے جن میں سے کچھ صفحۂ قرطاس پر منتقل ہو کر اخبارات و جرائد میں شائع ہوئے ہیں۔ عزیزم حافظ ناصر الدین خان عامر نے ان میں سے چند مطبوعہ مضامین کو زیر نظر کتاب کی صورت میں مرتب کیا ہے۔ اس کے علاوہ ۱۹۹۵ء میں جامعہ الہدیٰ نوٹنگھم برطانیہ میں جبکہ ۲۰۰۷ء میں دارالہدیٰ سپرنگ فیلڈ ورجینیا امریکہ میں سیرۃ النبیؐ کے مختلف پہلوؤں پر محاضرات کا موقع ملا، انہیں بھی عزیز موصوف نے قلمبند کرنے کی سعادت حاصل کی ہے۔ وہ محاضرات مولانا قاری جمیل الرحمٰن اختر کے مرتب کردہ ’’خطباتِ راشدی‘‘ کی تیسری جلد میں شامل کیے جا رہے ہیں۔ احباب سے درخواست ہے کہ اپنی دعاؤں میں ہمیں یاد رکھیں اور مفید مشوروں سے بھی نوازیں۔