۱۷ جولائی کو حضرت مولانا عبید اللہ انور مدظلہ کی زیر صدارت ہفت روزہ ترجمان اسلام لاہور کے عملہ اور معاونین کا ایک خصوصی مشاورتی اجلاس منعقد ہوا جس میں ترجمان اسلام کو پیش آمدہ مسائل کے بارے میں غور و خوض کرنے کے بعد ترجمان اسلام کے دورِ نو کے لیے مندرجہ ذیل خطوط متعین کیے گئے:
(۱) پرچہ کا سائز بدستور ۳۰×۲۰ اور صفحات ۱۶ رہیں گے۔
(۲) کاغذ کی قیمت اور طباعت کے اخراجات میں بے پناہ اضافہ کے باعث شرح تبادلہ میں مندرجہ ذیل تبدیلی کر دی جائے گی: سالانہ ۴۰ روپے، شش ماہی ۲۰ روپے، قیمت فی پرچہ ۸۰ پیسے۔
اشتہارات کے نرخوں میں حسبِ ذیل تبدیلی کی جائے گی: آخری صفحہ مکمل ۴۰۰ روپے۔ آخری صفحہ نصف ۲۰۰ روپے۔ آخری صفحہ فی کالم انچ ۱۵ روپے۔ اندرونی صفحہ ۳۰۰ روپے۔ اندرونی صفحہ نصف ۱۵۰ روپے۔ اندرونی صفحہ فی کالم انچ ۱۰ روپے۔
ترجمانِ اسلام کے تمام ایجنٹ نئی شرائط کے مطابق دورِ نو کے آغاز کے بعد ایک ماہ کے اندر اندر ایجنسی کی تجدید کریں گے، ورنہ ان کے نام پرچہ کی ایجنسی بند کر دی جائے گی۔ شرائط درج ذیل ہے:
(۱) سابقہ تمام حساب کتاب بے باق کر دیا جائے۔
(۲) آئندہ کے لیے فی پرچہ ۳ روپے کے حساب سے زر ضمانت جمع کرایا جائے۔
(۳) زر ضمانت نقد نہ دے سکنے کی صورت میں جمعیۃ کے صوبائی امیر یا ناظمِ عمومی کی تحریری ضمانت دی جائے۔
(۴) ترجمانِ اسلام کی مالی حالت مستحکم کرنے کے لیے خصوصی جماعتی احباب کے عطیات سے ایک خصوصی ریزرو فنڈ قائم کیا جائے گا جس کے لیے حضرت الامیر مولانا محمد عبد اللہ درخواستی دامت برکاتہم اور حضرت مولانا عبید اللہ انور دامت برکاتہم کی خصوصی اپیل کے ساتھ مدیر ترجمان اسلام شعبان المعظم میں ملک بھر کا دورہ کریں گے۔
(۵) انتظامی مشکلات پر قابو پانے کے لیے مولانا سعید الرحمان علوی اور قاری محمد یوسف عثمانی ہفتہ میں ایک ایک دن ادارہ کو دیں گے۔ علوی صاحب ادارتی امور اور عثمانی صاحب انتظامی امور میں ادارہ کا ہاتھ بٹائیں گے۔
(۶) مطبوعات ترجمان اسلام کے نام سے ایک مستقل ادارہ قائم کیا جائے گا جو ہلکا پھلکا جماعتی لٹریچر آسان نرخوں پر جمعیۃ کی تمام شاخوں کو مہیا کرے گا۔
(۷) ترجمان اسلام کی ترتیب میں بنیادی تبدیلیاں کی جائیں گی۔ تازہ ترین مسائل پر جماعتی موقف کی پالیسی اور عالمی و ملکی حالات سے بروقت قارئین کو آگاہ کرنے کے لیے مناسب انتظامات کیے جائیں گے۔
(۸) جماعتی خبروں کے لیے چار صفحات مخصوص کر دیے جائیں گے، جن میں سے ایک صفحہ جمعیت طلباء اسلام کے لیے ہو گا۔ مرکزی قائدین کی سرگرمیوں، تنظیمی خبروں اور اہم نوعیت کے مسائل و حالات کے بارے میں بیانات کو ترجیح دی جائے گی۔ خبروں کا انتخاب مدیر کی صوابدید پر ہو گا۔
(۹) قارئین اور ایجنٹ حضرات کی شکایات کے بروقت ازالہ کے لیے مستقل شعبہ شکایات قائم کر دیا جائے گا جس کے انچارج قاری محمد یوسف عثمانی ہوں گی، جو شکایات کے ساتھ ساتھ اشتہارات کے شعبہ کی بھی نگرانی کریں گے۔
(۱۰) ایجنٹ حضرات کے لیے کمشن کی شرح میں بھی تبدیلی کی جائے گی۔ نئی شرح کے مطابق ۱۰۰ یا اس سے زائد پرچے منگوانے والوں کو ۲۵ فیصد اور اس سے کم منگوانے والوں کو ۲۰ فیصد کمشن دیا جائے گا۔ تلک عشرۃ کاملۃ۔
حضرت مولانا عبید اللہ انور دامت برکاتہم کی ہدایت پر یہ فیصلے آخری منظوری کے لیے قائد جمعیۃ حضرت مولانا مفتی محمود صاحب مدظلہ نگرانِ اعلیٰ ترجمانِ اسلام کی خدمت میں پیش کر دیے گئے ہیں، ان کی طرف سے منظوری کے بعد ترجمانِ اسلام اپنے دورِ نو کا آغاز کرے گا، ان شاء اللہ۔