تعارف و تبصرہ

   
اپریل ۲۰۰۱ء

’’آدابِ حاملینِ قرآن‘‘

قرآن کریم کے آداب و فضائل اور حفاظ و قراء کے لیے ضروری ہدایات کے حوالے سے معروف محدث امام شرف الدین نوویؒ شارح مسلم کی کتاب التبیان فی آداب حملۃ القرآن کا اردو ترجمہ حضرت مولانا نجم الدین اصلاحیؒ نے کیا تھا جو بھارت میں شائع ہو چکا ہے اور اب اسے مکہ کتاب گھر، الکریم مارکیٹ، اردو بازار لاہور نے شائع کیا ہے۔ صفحات ۱۲۰، کتابت و طباعت مناسب، مضبوط جلد، قیمت ۶۳ روپے۔

’’محمد ﷺ اور قرآن‘‘

سلمان رشدی کی رسوائے زمانہ تصنیف ’’شیطانی آیات‘‘ میں جناب نبی کریم ﷺ کی ذات گرامی اور حضرت صحابہ کرام و ازواج مطہرات رضوان اللہ علیہم کے بارے میں اہانت آمیز اور گستاخانہ طرز بیان اور مواد پر ایک عرصہ سے دنیا بھر میں احتجاج ہو رہا ہے۔ بھارت کے معروف دانش ور ڈاکٹر رفیق زکریا نے سلمان رشدی کی اس خرافات کا قرآن و حدیث اور تاریخ کی روشنی میں محققانہ جائزہ لیا ہے اور ۴۳۲ صفحات پر مشتمل اس ضخیم تصنیف میں ان تمام واقعات کا احاطہ کیا ہے جن کے بارے میں سلمان رشدی نے ہرزہ سرائی کی ہے۔

یہ کتاب فکشن ہاؤس، ۱۸ مزنگ روڈ، لاہور نے شائع کی ہے اور اس کی قیمت ۲۰۰ روپے ہے۔

’’ردِ قادیانیت کے زریں اصول‘‘

حضرت مولانا منظور احمد چنیوٹی ایک عرصہ سے علماء اور طلبہ کو قادیانیت کے موضوع پر لیکچر دے رہے ہیں اور عقیدۂ ختم نبوت، حیات عیسی علیہ السلام، امام مہدی کی علامات، اور مرزا غلام احمد قادیانی کے دعاوی کی حقیقت پر قادیانیوں کے پرفریب دلائل کی اصلیت کو بے نقاب کر رہے ہیں۔ ۱۹۹۰ء میں انہوں نے دار العلوم دیوبند میں علماء اور طلبہ کو ان موضوعات پر جو لیکچر دیے، انہیں کتابی شکل میں مرتب کیا گیا ہے اور حضرت علامہ ڈاکٹر خالد محمود کے وقیع مقدمہ نے اس کی افادیت کو دوچند کر دیا ہے۔ اس موضوع سے دلچسپی رکھنے والے علماء، طلبہ اور دینی کارکنوں کے لیے یہ بیش بہا تحفہ ہے۔

۴۴۰ صفحات پر مشتمل اس مجلد کتاب کی قیمت ۱۵۰ روپے ہے اور اسے ادارہ مرکز دعوت و ارشاد چنیوٹ ضلع جھنگ سے طلب کیا جا سکتا ہے۔

’’قافلہ ادبِ اسلامی‘‘

مفکر اسلام حضرت مولانا سید ابو الحسن علی ندویؒ کے علمی آثار اور صدقات جاریہ میں ادب اسلامی کے حوالے سے قائم ہونے والا عالمی فورم ’’عالمی رابطہ ادب اسلامی‘‘ بھی ہے جو ان کی سرپرستی میں وجود میں آیا اور پاکستان سمیت مختلف ملکوں میں اس کی شاخیں کام کر رہی ہیں۔ عالمی رابطہ ادب اسلامی کی پاکستان شاخ نے ادب اسلامی کے فروغ کے لیے ’’قافلہ ادب اسلامی‘‘ کے نام سے ایک سہ ماہی مجلہ کی اشاعت کا آغاز کیا ہے جو عربی، اردو اور انگلش تین زبانوں میں ہے اور معروف دانش ور ڈاکٹر ظہور احمد اظہر اس کے مدیر ہیں۔

زیر نظر شمارہ پہلی جلد کا شمارہ نمبر ۳، ۴ ہے جو دو سو سے زائد صفحات پر مشتمل ہے اور اس کی قیمت ۱۰۰ روپے ہے۔ ملنے کا پتہ: ۷ حق باہو ہاؤسز، لالہ زار کالونی، رائے ونڈ، لاہور

’’برکاتِ وضو‘‘

عارف باللہ حضرت مولانا قاضی زاہد الحسینی رحمہ اللہ تعالی نے اس مضمون میں وضو کی برکات و فضائل جناب نبی اکرم ﷺ کے ارشادات کی روشنی میں تحریر فرمائے ہیں۔

۲۸ صفحات پر مشتمل یہ مضمون دار الارشاد، خانقاہ مدنی، اٹک شہر نے شائع کیا ہے جس کا ہدیہ ۱۰ روپے ہے۔

   
2016ء سے
Flag Counter