بسم اللہ الرحمٰن الرحیم۔
والد گرامی شیخ الحدیث حضرت مولانا محمد سرفراز خان صفدر قدس اللہ سرہ العزیز جس سال علالت اور ضعف میں اضافہ کے باعث جامعہ نصرۃ العلوم گوجرانوالہ میں بخاری شریف کے نصاب کی تکمیل نہیں فرما سکے تھے تو ان کے حکم پر بخاری شریف کے اس نصاب کا باقی حصہ مجھے پڑھانے کی سعادت حاصل ہوئی تھی، اور شیخین کریمین حضرت مولانا محمد سرفراز خان صفدر اور حضرت مولانا صوفی عبد الحمید خان سواتی رحمہم اللہ تعالیٰ کی سرپرستی اور نگرانی میں ان کی حیات میں یہ خدمت سرانجام دیتا رہا، جبکہ اس کے بعد بھی ابھی تک اپنی تمام تر نالائقیوں کے باوجود ان بزرگوں کے فیض کے باعث کسی نہ کسی طرح یہ تسلسل جاری رکھے ہوئے ہوں، فالحمد للہ علیٰ ذٰلک۔
اس دوران ملک کے مختلف مدارس میں بخاری شریف کے سبق کے آغاز اور اختتام کی تقریبات میں حاضری کی سعادت حاصل ہوتی رہی ہے، جن میں اپنے ذوق کے مطابق بخاری شریف کی خصوصیات اور حضرت امام بخاریؒ کے محدثانہ امتیازات پر کچھ نہ کچھ گزارشات کر دیتا ہوں اور ان میں بعض بیانات قلمبند ہو کر شائع بھی ہو چکے ہیں۔
فاضل عزیز مولانا حافظ کامران حیدر اور فرزند عزیز ناصر الدین خان عامر نے ان بیانات کا ایک انتخاب زیر نظر مجموعہ میں مرتب کیا ہے جو ان کے حسنِ ذوق و محنت کی علامت ہے۔ اللہ تعالیٰ اس خدمت کو قبولیت سے نوازیں اور ہم سب کے لیے ذخیرۂ آخرت بنا دیں، آمین یا رب العالمین۔