بسم اللہ الرحمٰن الرحیم۔
والد گرامی امام اہلِ سنت حضرت مولانا سرفراز خان صفدر نور اللہ مرقدہ کے علوم و فیوض، درس و تدریس اور وعظ و خطابت کے ساتھ ساتھ تحریری ماحول میں بھی لاکھوں مسلمانوں کی راہ نمائی اور استفادے کا ذریعہ بنے رہے اور عام مسلمانوں کے علاوہ علماء کرام اور طلبہ بھی ان سے فیض یاب ہوتے چلے آ رہے ہیں، جو قرآن کریم اور احادیث مبارکہ میں ان کے دروس و مواعظ کے مختلف مجموعوں اور نصف صد کے لگ بھگ تصانیف کی صورت میں آج بھی ہر طبقہ کے لوگوں تک ان کے فیوض و علوم کی رسائی کا باعث ہیں۔
والد گرامیؒ نے درجنوں موضوعات و عنوانات پر لکھا ہے اور ان کی تحریروں کا ایک حصہ تصانیف اور درسی مجموعوں کے علاوہ مختلف دینی جرائد و رسائل میں بکھرا ہوا ہے۔ اس امر کی ضرورت ایک عرصہ سے محسوس کی جا رہی تھی کہ جرائد و رسائل میں بکھرے ہوئے ان مضامین کو جمع کیا جائے اور انہیں شائع کر کے علمائے کرام، طلبہ اور دیگر طبقات کے مسلمانوں کو ان سے استفادہ کا موقع فراہم کیا جائے۔
ہمارے دو معزز ساتھیوں حافظ شاہد رحمٰن میر اور مولانا مفتی عبید الرحمٰن نے اس سلسلہ میں خاصی تگ و دو اور محنت و ذوق کے ساتھ ان مضامین کا ایک ضخیم مجموعہ زیرنظر کتاب کی صورت میں جمع کر کے انہیں ترتیب کے ساتھ پیش کیا ہے جو اُن کے حسنِ ذوق کی علامت ہے اور میں اس پر دونوں احباب کا تہِ دل سے شکرگزار ہوں۔ اللہ تبارک و تعالیٰ ان کی اس کاوش کو قبولیت سے نوازیں اور زیادہ سے زیادہ لوگوں کو اس سے استفادہ کرنے کی توفیق دیں، آمین یا رب العالمین۔

