مسلم ہینڈز، ایک بین الاقوامی رفاہی ادارہ

   
۸ دسمبر ۱۹۹۸ء

مغربی ممالک میں مسلمانوں کے کسی ادارے کو تعلیمی یا رفاہی کام کرتے ہوئے دیکھ کر بہت خوشی ہوتی ہے۔ ہم مسلمان پوری دنیا میں اس کام میں بہت پیچھے ہیں حالانکہ سماجی خدمات اور رفاہی کام جناب نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی سنت ہے اور اسلامی تعلیمات میں سوشل ورک کو بہت اہمیت حاصل ہے۔ اس لیے مسلمان بالخصوص پاکستانی دوستوں کا کوئی کام اس حوالہ سے دیکھنے میں آتا ہے تو مسرت حاصل ہوتی ہے۔

برطانیہ میں کام کرنے والے مسلم رفاہی اداروں میں ’’مسلم ہینڈز‘‘ ایک معروف نام ہے جو عالمی سطح پر خدمات سرانجام دے رہا ہے۔ اس کے بانی اور چیئرمین صاحبزادہ سید لخت حسنین سوہدرہ تحصیل وزیرآباد سے تعلق رکھتے ہیں اور برطانیہ کے شہر نوٹنگھم میں رہائش پذیر ہیں۔ وہ سوہدرہ کے معروف روحانی پیشوا پیر سید بشیر احمد شاہ صاحب مرحوم کے فرزند اور حضرت پیر سید محمد کرم شاہ الازہری کے شاگرد ہیں۔ ان کے ادارے میں کئی بار جانے کا اتفاق ہوا، اس سال مئی کے دوران ندوۃ العلماء لکھنو کے استاذ حدیث مولانا سید سلمان حسینی ندوی کے ہمراہ مسلم ہینڈز کے صدر دفتر کا وزٹ کیا اور ان کی سرگرمیوں سے آگاہی حاصل ہوئی۔ ’’برطانیہ میں تحریک آزادیٔ کشمیر‘‘ کے مصنف خالد اطہر نے کتاب کی دوسری جلد میں اس ادارے کا تعارف ان الفاظ میں کرایا ہے:

’’مسلم ہینڈز ایک انٹرنیشنل چیریٹی، ایک عالمی فلاحی ادارہ ہے جس کی بنیاد مارچ ۱۹۹۳ء میں برطانیہ میں رکھی گئی۔ معروف مذہبی سکالر صاحبزادہ سید لخت حسنین اس کے بانی اور چیئرمین ہیں۔ اس کے گیارہ ٹرسٹیز ہیں جن کا تعلق ہائی ویکمب، لندن، مانچسٹر، برمنگھم اور نوٹنگھم کے علاوہ مختلف شہروں سے ہے۔ یہ چیریٹی اس وقت بائیس ممالک میں مختلف طویل المدت سماجی فلاحی منصوبوں پر کام کر رہی ہے لیکن اس کا طرۂ امتیاز یہ ہے کہ اس نے مقبوضہ اور آزاد کشمیر میں بے مثال فلاحی سماجی کام کیا ہے۔

مسلم ہینڈز انٹرنیشنل چیریٹی کا ہیڈکوارٹر نوٹنگھم برطانیہ میں واقع ہے جس میں تمام جدید تکنیکی اور مواصلاتی سہولتیں موجود ہیں۔ ہیڈکوارٹر کا تمام نظام کمپیوٹرائزڈ ہے جبکہ اس کو انٹرنیٹ سے منسلک کیا گیا ہے۔ جدید ترین آڈیو اینڈ ویڈیو اسٹوڈیوز بھی ہیڈکوارٹر میں قائم ہیں جبکہ مقبوضہ کشمیر کے تجربہ کار صحافی اور اہل علم اس ہیڈ کوارٹر میں ریسرچ ورک کر رہے ہیں اور انہیں ریسرچ کی تمام سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔

ادارے کے زیراہتمام مختلف مطبوعات بھی شائع کی جاتی ہیں جن میں ’’مسلم ہینڈز‘‘ نامی جریدہ سرفہرست ہے جو ادارہ کی سرگرمیوں کا احاطہ کرتا ہے اور انہیں عوام تک پہنچانے میں معاون ثابت ہوتا ہے۔ رمضان المبارک کے دوران برطانیہ میں مقیم مسلمانوں کے لیے سحر و افطار کے خصوصی کیلنڈر اور اذانوں کے اوقات کا شیڈول بھی شائع کیا جاتا ہے جبکہ دنیا بھر میں مظلوم اور ناگہانی آفات کا شکار ہونے والے مسلمانوں کی امداد کے لیے دنیا کی توجہ مبذول کرانے کے سلسلے میں وقتاً فوقتاً مختلف پوسٹرز اور کتابچے شائع کیے جاتے ہیں۔

دنیا کے مختلف غریب ممالک کے مسلمان بھائیوں کو قربانی کی خوشیوں میں شریک کرنے کے لیے مسلم ہینڈز کے زیراہتمام جامع پروگرام تشکیل دیے جاتے ہیں اور صاحب استطاعت لوگوں سے رقوم اکٹھی کر کے غریب ممالک کے مسلمانوں کی عید قربانی کی خوشیوں میں شمولیت کو یقینی بنایا جاتا ہے۔

اس کے ساتھ ساتھ رمضان کے بابرکت مہینے میں ’’وائس آف کمیونٹی‘‘ کے نام سے مسلم ہینڈز ریڈیو رمضان ایف ایم ۹۷.۵ کے ذریعے اذان اور مختلف مساجد سے تراویح کے خصوصی پروگرام نشر کرتا ہے اور اس میں مسلمان کمیونٹی کی بھرپور شرکت کو یقینی بناتا ہے تاکہ اس بابرکت مہینے کی سعادتوں سے تمام مسلمان فائدہ اٹھا سکیں۔ یہ ریڈیو اسٹیشن اردو، میرپوری، بنگالی، ہندی، عربی اور انگریزی میں اسلامی تعلیمات کے حوالے سے خصوصی پروگرام نشر کرتا ہے۔ اس کے علاوہ مختلف غریب مسلمان ممالک کے لوگوں کو عید الفطر کی خوشیوں میں شریک کرنے کے لیے عید گفٹ بھیجے جاتے ہیں جن کو مستحق لوگوں میں ادارہ تقسیم کرتا ہے۔

مسلم ہینڈز کے زیراہتمام دنیا بھر میں مسلمانوں کی فلاح و بہبود کے حوالے سے خصوصی منصوبوں پر کام کیا جا رہا ہے جبکہ دنیا بھر میں یتیم مسلمان بچوں کی امداد کے لیے مسلم ہینڈز بھرپور طریقے سے کام کرنے میں مصروف ہے۔ طبی سہولیات کے شعبے میں مسلم ہینڈز کے زیراہتمام درج ذیل سنٹر کام کر رہے ہیں:

طبی ادارے

آزادکشمیر: مظفر آباد میڈیکل سنٹر، مظفر آباد موبائل میڈیکل ڈسپنسری و ایمبولینس، تتری نوٹ میڈیکل سنٹر و ڈسپنسری۔

مقبوضہ کشمیر: کپواڑہ بلڈ بنک، سری نگر بلڈ یونٹ، راجوری بلڈ بنک (بھارتی حکومت نے بند کر دیا)۔

بوسنیا: تزلہ میں گزشتہ دو سال سے مسلم ہینڈز کے وفود ادویات اور طبی آلات باقاعدگی سے پہنچا رہے ہیں۔

بنگلہ دیش: سلہٹ میں میڈکل ڈسپنسری۔

سینیگال: دارالخیر میں میڈیکل کلینک کا قیام۔

تعلیمی ادارے

آزادکشمیر: مظفر آباد ایجوکیشنل اکیڈمی، مظفر آباد خواتین سلائی مرکز، مظفر آباد فری بک بینک۔

مقبوضہ کشمیر: کپواڑہ خواتین ٹریننگ سنٹر، سری نگر خواتین ٹریننگ سنٹر، بارہ مولا خواتین ٹریننگ سنٹر، ڈوڈہ خواتین ٹریننگ سنٹر۔

بنگلہ دیش: سلہٹ اسلامی مدرسہ۔

سینیگال: دارالخیری اسلامک اسکول۔

پاکستان: گوجر خان مدرسۃ القرآن، پشاور مدرسۃ تحفیظ القرآن، بحرین مدرسۃ تحفیظ القرآن، وزیرآباد ٹیکنیکل کالج۔

فلسطین: الخلیل اسلامک اکیڈمی۔

افغان مہاجرین کےلیے ادارے پشاور میں تعلیمی اکیڈمی اور فری بک بنک۔

صومالیہ مغادیشیو: ایسے میگان پرائمری اسکول۔

اس کے علاوہ مسلم ہینڈز مختلف اسلامی ممالک میں آنے والی ناگہانی آفات، زلزلوں اور سیلابوں کے مواقع پر ایمرجنسی امداد پہنچانے کے سلسلے میں بھی سرگرم عمل رہتی ہے اور دنیا کے مختلف اسلامی ممالک میں اس حوالے سے یہ تنظیم شاندار خدمات انجام دینے میں مصروف ہے۔ ہماری دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ مسلمانوں میں تعلیمی اور رفاہی خدمات کے ذوق میں اضافہ فرمائیں اور اس قسم کے اداروں کو مزید ترقیات سے نوازیں۔ آمین۔

   
2016ء سے
Flag Counter