’’الشریعہ‘‘ کا دورِ نو

   
یکم جنوری ۱۹۹۹ء

’’الشریعہ‘‘ نے اکتوبر ۱۹۹۸ء میں اپنے سفر کا آغاز کیا تو ہمیں بخوبی اندازہ تھا کہ جو راہ ہم نے منتخب کی ہے وہ آسان نہیں ہے کیونکہ روایتی دائروں سے ہٹ کر نئی راہیں تلاش کرنے والوں کو کبھی وہ حوصلہ افزائی اور پذیرائی نہیں ملی جو معروف راستوں پر آنکھیں بند کر کے چلنے سے اکثر مل جایا کرتی ہے۔ مگر ہم مطمئن ہیں کہ ہمارا سفر بے سروسامانی اور مشکلات کے باوجود مسلسل جاری رہا اور قدم سست ضرور ہوئے لیکن رکے نہیں۔ یہ صرف اور صرف توفیق ایزدی ہے کہ الشریعہ پہلے ماہانہ اور پھر سہ ماہی جریدہ کے دو مرحلوں سے گزر کر اب پندرہ روزہ کی صورت میں قارئین کے ہاتھوں میں ہے اور ہم اس پر بارگاہ رب العزت میں انتہائی تشکر و امتنان کے ساتھ سربسجود ہیں۔

ہم نے پہلے دن سے جو اہداف طے کر رکھے ہیں بحمد اللہ تعالیٰ آج بھی ان پر قائم ہیں کہ اسلام کی دعوت و تبلیغ اور غلبہ و نفاذ، اسلام دشمن عناصر اور لابیوں کے تعاقب، اسلامی تحریکات کے درمیان مفاہمت کے فروغ، دینی حلقوں کی بریفنگ اور ذہن سازی اور اسلامی نظام کے بارے میں مختلف حلقوں کے پیدا کردہ شکوک و شبہات کے ازالہ کے لیے علمی اور فکری محاذ پر اپنی بساط کے مطابق سرگرم عمل رہیں گے، اور گروہی مخاصمتوں اور لابیوں کی ترجیحات سے بالاتر رہتے ہوئے اپنا سفر جاری رکھیں گے۔

بہت سے دوستوں کا ایک عرصہ سے تقاضا تھا کہ الشریعہ کی اشاعت میں وقفہ کم کیا جائے اور اسے ہفت روزہ جریدے کی شکل دی جائے۔ خود ہم بھی اس کی ضرورت محسوس کرتے ہیں لیکن اس کے متحمل نہیں ہیں۔ اس لیے بامر مجبوری پندرہ روزہ پر قناعت کرتے ہوئے اس نئے دور کا آغاز کر رہے ہیں اور دعا گو ہیں کہ اللہ رب العزت ہمیں اس عزم اور پروگرام کو نبھانے اور تسلسل کے ساتھ جاری رکھنے کی توفیق عطا فرمائیں۔ پروگرام کے مطابق زیر نظر شمارہ کی طرز پر پندرہ روزہ الشریعہ ہر انگریزی ماہ کی یکم اور سولہ تاریخ کو آپ کی خدمت میں حاضر ہوگا جبکہ اسے انٹرنیٹ پر بھی اس ترتیب کے ساتھ جاری کیا جا رہا ہے کہ ہر انگریزی ماہ کی یکم تاریخ کو منتخب مضامین پر مشتمل اردو ایڈیشن انٹرنیٹ کے ناظرین کے لیے ویب سائیٹ ummah.net/al-sharia پر اور سولہ تاریخ کو الشریعہ کا انگلش ایڈیشن اسی ویب سائیٹ پر جاری کیا جائے گا، ان شاء اللہ تعالیٰ۔

قارئین سے گزارش ہے کہ وہ اس مہم میں ہمارے ساتھ شریک ہوں کیونکہ ان کے سنجیدہ تعاون کے بغیر مذکورہ اہداف کی طرف مطلوبہ رفتار کے ساتھ بڑھنا ممکن ہی نہیں ہے اور ان کے تعاون کی عملی صورت یہ ہے کہ الشریعہ اکادمی گوجرانوالہ کے سالانہ اخراجات میں ہاتھ بٹائیں، الشریعہ کے سالانہ خریدار مہیا کریں، اشتہارات کی فراہمی میں تعاون فرمائیں، مفید مشوروں اور تجاویز کے ساتھ ہماری راہنمائی کریں، نیز بارگاہ ایزدی میں ہمارے لیے خلوص نیت، استقامت، توفیق اور قبولیت کی دعا مانگتے رہیں کہ ہمارا سب سے بڑا اثاثہ یہی ہے اور اسی کے سہارے ہم اپنی منزل کی طرف پیش رفت جاری رکھے ہوئے ہیں۔

   
2016ء سے
Flag Counter