الشریعہ اکادمی کا درس نظامی کے مضامین پر مبنی 3 سالہ آن لائن کورس

   
تاریخ : 
۱۱ مئی ۲۰۲۰ء

۱۹۹۰ء میں ہم نے گوجرانوالہ میں ’’شاہ ولی اللہ یونیورسٹی‘‘ کے نام سے دینی و عصری تعلیم کے نصابوں کی مشترکہ تعلیم کا پروگرام تشکیل دیا تو ہمارے دونوں بزرگوں شیخ الحدیث حضرت مولانا محمد سرفراز خان صفدرؒ اور مفسر قرآن حضرت مولانا صوفی عبد الحمید سواتیؒ نے، جو اس پروگرام کے عملی سرپرست اور شاہ ولی اللہ ٹرسٹ کے رکن تھے، کہا کہ اسے درس نظامی کے روایتی نظام اور دینی مدارس کے سسٹم میں کسی قسم کا دخل دیے بغیر الگ تجربے کے طور پر چلائیں، چنانچہ یہ سلسلہ مختلف نشیب و فراز سے گزر کر اب جامعۃ الرشید کراچی کے زیر اہتمام بہت بہتر طریقے سے ’’جامعہ شاہ ولی اللہ‘‘ کے نام سے آگے بڑھ رہا ہے اور ہم خوش ہیں کہ ہم سے بہتر ہاتھوں میں ہماری توقعات سے بڑھ کر کام جاری ہے، فالحمد للہ علی ذالک۔

اب ہم الشریعہ اکادمی گوجرانوالہ کے زیر اہتمام دینی مضامین کی تعلیم کے آن لائن سسٹم کا آغاز کر رہے ہیں تو وہی حکمت عملی ہمارے پیش نظر ہے کہ دینی مدارس کے مروجہ نصاب و نظام میں کوئی دخل دیے بغیر بلکہ اسے حسب سابق مکمل سپورٹ کرتے ہوئے الگ تجربے کے طور پر اس کا نظم تشکیل دیں تاکہ وہ حضرات جو عصری تعلیم سے بہرہ ور ہیں اور دینی تعلیم حاصل کرنا چاہتے ہیں، مگر اپنی مصروفیات اور دیگر اعذار کے باعث مدارس میں رہ کر وقت دینے کے متحمل نہیں ہیں، ان کے لیے ضروری دینی تعلیم کی کوئی قابل عمل صورت پیدا ہو جائے۔ اس لیے سب احباب سے گزارش ہے کہ وہ اس سلسلے میں تعاون فرماتے ہوئے دعاؤں میں یاد رکھیں اور کوئی مفید مشورہ یا تجویز ذہن میں ہو تو اس سے آگاہ فرما کر مشکور ہوں۔
کورس کی ترتیب حسب ذیل ہے۔

یہ تین سالہ کورس عربی زبان اور دینی علوم میں بنیادی استعداد حاصل کرنے کے خواہشمند خواتین و حضرات کے لیے مرتب کیا گیا ہے جو اپنی مصروفیات کی وجہ سے باقاعدہ کسی دینی ادارے میں داخلہ نہیں لے سکتے۔ کورس کی کامیاب تکمیل کے بعد ذی استعداد شرکاء اس سے اگلے مرحلے کے طور پر دینی علوم کے دو سالہ اعلی سطحی کورس میں شرکت کے اہل ہوں گے۔

مضامین اور نصابی کتب

  1. عربی صرف و نحو (دروس اللغۃ العربیۃ ۲ حصے، اساس الصرف از مولانا بشیر سیالکوٹی، علم الصیغۃ، ہدایۃ النحو)
  2. ادب و بلاغت (قصص النبیین ۳ اجزاء، تسہیل البلاغۃ)
  3. ترجمہ قرآن مجید
  4. احادیث و آثار (مصابيح السنة للبغوي، الموطا للشیبانی)
  5. فقہ (قاموس الفقہ از مولانا خالد سیف اللہ رحمانی سے منتخب مقالات، بدایۃ المجتہد لابن رشد)
  6. اصول فقہ (آسان اصول فقہ از مولانا خالد سیف اللہ، اصول الشاشی)
  7. اصول حدیث (خیر الاصول، مقدمہ مشکاة از شیخ عبد الحق محدث دہلویؒ)
  8. منطق (المرقاۃ)
  9. عقیدہ و کلام (العقیدۃ الطحاویۃ، شرح العقائد النسفیۃ للتفتازانی)
  10. سیرت نبوی و خلفائے راشدین و تاریخ اسلام (سیرت نبوی از ڈاکٹر مصطفی السباعی، مختصر تاریخ اسلام از مولانا سعید احمد اکبر آبادی)

دورانیہ اور ترتیب اوقات

  • نصاب تین سال میں کل ۹ سمسٹرز میں مکمل کیا جائے گا۔
  • ہر سمسٹر ۱۵ ہفتوں پر مشتمل ہوگا۔
  • ایک وقت میں چار مضامین پڑھائے جائیں گے۔
  • ہفتہ اور اتوار کو پینتالیس منٹ کی چار کلاسیں ہوں گی۔
  • ہفتے کے باقی دنوں کے لیے شرکاء کو ہوم ورک دیا جائے گا۔

ضروری ضوابط

  • شرکاء کے لیے ہفتہ وار آن لائن کلاسز میں باقاعدگی سے شرکت، پابندی سے ہوم ورک مکمل کرنا اور سمسٹر کے دوران اور آخر میں امتحانی جائزے میں شریک ہونا ضروری ہوگا۔
  • کورس کا آغاز اس سال جولائی کے پہلے ہفتے کر دیا جائے گی ۔ درخواست آن لائن فارم کے ذریعہ جمع کروائی جا سکتی ہے جس کا لنک ذیل میں دیا گیا ہے۔
  • مطلوبہ معیار کے مطابق کورس کی تکمیل کرنے والے حضرات کو اکادمی کی طرف سے شرکت کی سند جاری کی جائے گی۔
  • آن لائن کلاسز میں شرکت کے لیے لیپ ٹاپ، انٹرنیٹ کنکشن اور دیگر لوازمات کی فراہمی شرکاء کی اپنی ذمہ داری ہوگی۔

درخواست اس لنک پر جمع کرائی جا سکتی ہے: https://tinyurl.com/ya8uk3vq

واٹس ایپ پر کورس کے مضامین سے متعلق مواد کی تفصیلات اور مزید معلومات مندرجہ ذیل نمبروں کے ذریعے حاصل کی جا سکتی ہیں۔

مفتی محمد عثمان جتوئی (03015797737)

حافظ محمد رشید (03217569942)

مولانا طبیب الرحمن (03005355363)

   
2016ء سے
Flag Counter