سرکردہ علماء و زعماء کرام کے نام مکتوب

   
۲۰ ستمبر ۲۰۲۱ء

بسم اللہ الرحمٰن الرحیم

السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ مزاج گرامی؟

’’تحریک تحفظ مساجد و مدارس پاکستان‘‘ کی دعوت پر مجھے ۱۶ ستمبر ۲۰۲۱ء کو جامعہ محمدیہ اسلام آباد میں مختلف مکاتب فکر کے راہنماؤں کے ایک مشترکہ اجلاس میں شرکت کا موقع ملا جس میں

  1. متنازعہ اوقاف قوانین
  2. گھریلو تشدد کی روک تھام کا بل
  3. اسلام قبول کرنے میں مختلف رکاوٹوں کا بل
  4. بچوں پر تشدد کی روک تھام کا بل اور
  5. یورپی یونین کی طرف سے اسلامی جمہوریہ پاکستان پر تحفظ ناموس رسالتؐ اور تحفظ عقیدۂ ختم نبوت سے متعلقہ قوانین میں ترامیم کے لیے مسلسل دباؤ

سے پیداشدہ صورتحال کا جائزہ لیا گیا اور اس بات کو شدت سے محسوس کیا گیا کہ اس قسم کے غیر شرعی اور انسانی حقوق کے منافی قوانین اور اقدامات کے ذریعے اسلامی جمہوریہ پاکستان کو اس کی نظریاتی شناخت اور پاکستانی قوم کو عقیدہ و ثقافت سے محروم کر کے سیکولر ریاست بنانے اور تہذیبی روایات و اقدار سے بیگانہ کر دینے کی طرف تیزی کے ساتھ پیشرفت کی جا رہی ہے جس کی روک تھام کے لیے ۱۹۵۳ء، ۱۹۷۴ء، ۱۹۷۷ء اور ۱۹۸۴ء کی طرز کی قومی تحریک منظم کرنے کی شدید ضرورت ہے۔

اجلاس میں اس ناگزیر تقاضے کا اظہار کیا گیا کہ مذکورہ تحریکات کی طرح اب بھی تمام مکاتب فکر کی دینی قیادتوں اور تمام طبقات بالخصوص وکلاء حضرات اور تاجر برادری کو منظم ہو کر بھرپور کردار ادا کرنا ہو گا تاکہ دین بیزاری کے ان رجحانات کی روک تھام کی جا سکے۔

اجلاس میں طے پایا کہ ان قومی و ملی مقاصد بالخصوص متنازعہ اوقاف قوانین کے تناظر میں مسجد و مدرسہ کی آزادی اور مذہبی حقوق کی جدوجہد کے لیے تحریک تحفظ مساجد و مدارس پاکستان کو منظم کیا جائے اور اس کے لیے تحریک کا ایک وفد تمام مکاتب فکر اور طبقات کے ذمہ دار راہنماؤں سے ملاقات کر کے ملک گیر سطح پر اس مہم کو آگے بڑھانے کے لیے ان کی مشاورت کے ساتھ راہ عمل تجویز کرے، چنانچہ اسلام آباد کے علماء کرام نے اس رابطہ مہم کا آغاز کر دیا ہے۔

اس پس منظر میں ملک بھر کے مکاتب فکر، طبقات اور مراکز کے ذمہ دار حضرات سے گزارش ہے کہ وہ اس جدوجہد میں تعاون کریں اور اسے آگے بڑھانے کے لیے بھرپور کردار ادا کریں۔ اس سلسلہ میں مزید معلومات کے لیے مولانا محمد نذیر فاروقی خطیب جامع مسجد خلفاء راشدینؓ جی نائن ٹو کراچی کمپنی اسلام آباد سے رابطہ کیا جا سکتا ہے۔ امید ہے کہ آنجناب سنجیدہ توجہ سے نوازیں گے۔

شکریہ، والسلام
ابوعمار زاہد الراشدی
صدر ملی مجلس شرعی پاکستان
خطیب مرکزی جامع مسجد گوجرانوالہ


   
2016ء سے
Flag Counter