’’کمالات سیرت النبی ﷺ‘‘
پروفیسر عبد الجبار شیخ باذوق اور باہمت اصحاب دانش میں سے ہیں اور سیالکوٹ چھاؤنی میں ’’سیرت سٹڈی سنٹر‘‘ کے ڈائریکٹر کی حیثیت سے جناب نبی اکرم ﷺ کی سیرت مبارکہ کے فیضان کو عام کرنے کی جدوجہد میں مصروف ہیں۔ زیر نظر کتاب سیرت نبوی کے مختلف عنوانات پر ان کے مقالات کا مجموعہ ہے جن میں انہوں نے آج کے حالات کو سامنے رکھتے ہوئے سیرت طیبہ کے حوالہ سے مفید اور معلوماتی گفتگو کی ہے۔
پونے چار سو سے زائد صفحات پر مشتمل یہ مجلد کتاب مکتبہ سید احمد شہید، اردو بازار لاہور سے طلب کی جا سکتی ہے اور اس کی قیمت ۲۰۰ روپے ہے۔
’’نجم الفتاویٰ‘‘ (جلد دوم)
حضرت مولانا قاضی عبد الکریم مدظلہ آف کلاچی ہمارے ملک کے بزرگ علمائے کرام میں سے ہیں جو ایک علمی خاندان سے تعلق رکھتے ہیں اور جن کا اوڑھنا بچھونا ہی علمی، تدریسی اور اصلاحی خدمات رہا ہے۔ مدرسہ نجم المدارس کلاچی کے سربراہ کی حیثیت سے انہوں نے فتاویٰ کے شعبہ میں بھی نمایاں خدمات سرانجام دی ہیں اور ہزاروں مسائل میں عامۃ المسلمین کی علمی و دینی راہ نمائی کی ہے۔ ان کے فتاویٰ کو ان کے فرزند مولانا قاضی عبد الحلیم حقانی نے مرتب صورت میں پیش کرنے کا بیڑا اٹھایا ہے جو ایک قابل قدر علمی خدمت ہے۔
نجم الفتاویٰ کی جلد اول کی زیارت کا موقع تو ابھی تک نہیں مل سکا البتہ اس کی دوسری جلد اس وقت ہمارے سامنے ہے جس میں عقائد اور احکام کے حوالہ سے سینکڑوں مسائل کا تذکرہ موجود ہے۔
۵۳۶ صفحات کی اس مجلد کتاب کی قیمت اڑھائی سو روپے ہے اور اسے شعبہ تصنیف و تالیف نجم المدارس کلاچی ضلع ڈیرہ اسماعیل خان سے طلب کیا جا سکتا ہے۔
’’تاریخ و تذکرہ خانقاہ سراجیہ نقشبندیہ مجددیہ‘‘
نقشبندی سلسلہ کی معروف روحانی تربیت گاہ خانقاہ سراجیہ کندیاں ضلع میانوالی ہمارے ملک کے ممتاز روحانی مراکز میں سے ہے جہاں بڑے بڑے مشائخ اور علمائے کرام حضرت مولانا احمد خانؒ ، حضرت مولانا محمد عبد اللہ لدھیانویؒ ، اور حضرت مولانا خان محمد دامت برکاتہم کی راہ نمائی میں اصلاح وتزکیہ اور سلوک کی منازل طے کرتے آ رہے ہیں۔ محترم محمد نذیر رانجھا نے خانقاہ سراجیہ شریف کی تاریخ اور خدمات کو خوب صورت انداز میں مرتب کیا ہے اور اسے عمدہ کتابت وطباعت کے ساتھ شائع کیا گیا ہے۔
ساڑھے پانچ سو سے زائد صفحات پر مشتمل یہ ضخیم کتاب جمعیۃ پبلیکیشنز، مسجد پائلٹ سکول، وحدت روڈ، لاہور نے شائع کی ہے اور اس کی قیمت اڑھائی سو روپے ہے۔
’’حیات ترمذیؒ‘‘
حضرت مولانا مفتی سید عبد الشکور ترمذیؒ کا شمار ہمارے ملک کے سرکردہ اہل علم اور ممتاز مفتیان کرام میں ہوتا ہے جنہوں نے تھانہ بھون کے بابرکت ماحول میں تعلیم و تربیت حاصل کی اور قیام پاکستان کے بعد ضلع سرگودھا میں ساہیوال کے مقام پر دینی درسگاہ قائم کر کے ساری زندگی ملک بھر کے علمائے کرام اور عوام کی علمی و دینی راہ نمائی کرتے رہے۔ ان کے لائق فرزند مولانا سید عبد القدوس ترمذی نے ’’حیات ترمذی‘‘ کے نام سے ان کی سوانح و سیرت اور علمی و دینی خدمات کو زیر نظر ضخیم کتاب کی صورت میں پیش کیا ہے جس میں حضرت مرحوم کے حالات و خدمات کے ساتھ ساتھ ان کے بارے میں ممتاز ارباب علم و دین کے تاثرات بھی شامل ہیں۔
ایک ہزار کے لگ بھگ صفحات پر مشتمل اس مجلد کتاب پر قیمت درج نہیں اور اسے جامعہ حقانیہ، ساہیوال، ضلع سرگودھا سے طلب کیا جا سکتا ہے۔
ماہنامہ ’’بیداری‘‘ حیدر آباد
سندھ کے معروف دانش ور جناب محمد موسیٰ بھٹو علمی و فکری محاذ پر ایک عرصہ سے امت مسلمہ کی بیداری اور دور حاضر کے مسائل کی طرف علمائے کرام اور دینی حلقوں کو توجہ دلانے کے لیے مصروف عمل ہیں۔ ان کی ادارت میں ماہنامہ ’’بیداری‘‘ اہتمام سے شائع ہوتا ہے جس میں ممتاز اصحاب قلم کی نگارشات شامل ہوتی ہیں اور عصر حاضر کے ضروری مسائل پر امت کی راہ نمائی اس جریدہ کا خاص موضوع ہے۔
سالانہ زر خریداری ۱۵۰ روپے۔ ملنے کا پتہ : سندھ نیشنل اکیڈمی ٹرسٹ، ۴۰۰/ بی، لطیف آباد ۴، حیدر آباد، سندھ
’’صحیح اسلامی عقیدہ‘‘
مبین ٹرسٹ پوسٹ بکس ۴۷۰ اسلام آباد ۴۴۰۰۰ نے عقائد کے بارے میں سعودی عرب کے سابق مفتی اعظم حضرت الشیخ عبد العزیز بن باز رحمہ اللہ تعالیٰ کے ایک کتابچہ کا اردو ترجمہ معیاری انداز میں شائع کیا ہے جس میں اہل سنت کے عقائد کی وضاحت کی گئی ہے۔
۵۶ صفحات کا یہ خوب صورت کتابچہ ایصال ثواب کی نیت سے مفت تقسیم کیا جا رہا ہے۔