’’قرآن کریم مترجم‘‘
حضرت مولانا صوفی عبد الحمید سواتی دامت برکاتہم کے دروس قرآن ’’معالم العرفان‘‘ کے نام سے بیس ضخیم جلدوں میں شائع ہو کر علمی دینی حلقوں میں قبولِ عام حاصل کر چکے ہیں اور علماء و خطباء اس سے استفادہ کر رہے ہیں۔ حضرت صوفی صاحب مدظلہ نے ان دروسِ قرآن میں قرآن کریم کے اردو ترجمہ کے لیے عام لوگوں کی سہولت کی خاطر عام فہم انداز اختیار کیا ہے اور حضرت شاہ عبد القادر دہلویؒ، حضرت شیخ الہند مولانا محمود الحسن دیوبندیؒ اور دیگر اکابر کے اردو تراجم کو سامنے رکھ کر انہیں زیادہ مفید اور دل نشین بنانے کی کامیاب کوشش کی ہے۔
مکتبہ دروس القرآن، فاروق گنج، گوجرانوالہ نے یہ اردو ترجمہ قرآن کریم کے متن کے ساتھ الگ شائع کیا ہے جو نفسِ ترجمہ پڑھنے والوں کے لیے ایک اچھا تحفہ ہے۔ مگر کتابت، طباعت اور کاغذ کا معیار مکتبہ دروس القرآن کی سابقہ روایات سے مطابقت نہیں رکھتا، خدا کرے کہ دوسرے ایڈیشن میں اس کی تلافی ہو جائے۔
’’خطباتِ دین پوریؒ جلد چہارم‘‘
خطیبِ اہلِ سنت حضرت مولانا عبد الشکور دین پوریؒ کے خطبات کا یہ چوتھا مجموعہ ہے جسے ہمارے رفیق محترم مولانا قاری جمیل الرحمٰن اختر نے مرتب کیا ہے۔ اس مجموعہ میں مختلف دینی عنوانات پر مولانا مرحوم کے متفرق خطبات پیش کیے گئے ہیں جو معلوماتی اور عام فہم خطبات ہیں اور خطباء کرام کے لیے بطور خاص مفید ہیں۔ چار سو کے لگ بھگ صفحات، عمدہ طباعت اور مضبوط جلد کے ساتھ اس مجموعہ کی قیمت ڈیڑھ سو روپے ہے اور اسے جامعہ حنفیہ قادریہ مسجد امن، جی ٹی روڈ، باغبانپورہ، لاہور سے طلب کیا جا سکتا ہے۔
’’اشعار ہدایہ النحو‘‘
’’ہدایہ النحو‘‘ علمِ نحو کی ایک اہم کتاب ہے جو ہمارے درسِ نظامی کے نصاب میں شامل ہے۔ مولانا قاری شمس الرحمٰن نعمانی نے اس کتاب میں شامل اشعار کے الگ طور موضوع بحث بنایا ہے اور ان کے مطلب و مفہوم اور ترکیب وغیرہ کی وضاحت کی ہے جو طلبہ اور مدرسین دونوں کے لیے فائدہ کی چیز ہے۔ بیس صفحات کا یہ رسالہ مکتبہ شجاعت خان، راحت آباد، ڈاکخانہ فارسٹ کالج، پشاور سے طلب کیا جا سکتا ہے۔
’’مفید الطلاب فی خاصيات الابواب‘‘
یہ بھی مولانا قاری شمس الرحمٰن نعمانی کا تصنیف کردہ رسالہ ہے جس میں انہوں نے علمِ صرف کے معروف مبحث ’’خاصیاتِ ابواب‘‘ پر قلم اٹھایا ہے، اور مولانا سیف الرحمٰن قاسم مدرس مدرسہ نصرۃ العلوم گوجرانوالہ نے حاشیہ لکھ کر اس کی افادیت کو دو چند کر دیا ہے۔ یہ رسالہ ۴۸ صفحات پر مشتمل ہے اور مندرجہ بالا پتہ سے حاصل کیا جا سکتا ہے۔