ماہنامہ ’’الحق‘‘ کا مولانا عبد القیوم حقانی نمبر

   
اپریل ۲۰۲۵ء

بسم اللہ الرحمٰن الرحیم

حضرت مولانا عبد القیوم حقانی کے ساتھ گذشتہ نصف صدی سے رابطہ ہے جو مسلکی، تعلیمی اور جماعتی دائروں سے بڑھ کر فکری و ذہنی ہم آہنگی اور رفاقت میں دن بدن وسعت پذیر ہے۔

شیخ الحدیث حضرت مولانا عبد الحق قدس اللہ سرہ العزیز کی خدمت میں سلام و دعا کی غرض سے کبھی حاضری ہوتی تو ان کی خدمت اور ان سے استفادہ میں ہمیشہ مولانا عبد القیوم حقانی کو منہمک دیکھتا جو بہرحال قابلِ رشک بات تھی۔ پھر دارالعلوم حقانیہ کے تاریخی اور علمی و تہذیبی کردار میں بھی ان کو مصروف دیکھتا رہا اور محبت و تعلق میں اضافہ ہوتا رہا۔

والد گرامی شیخ الحدیث حضرت مولانا محمد سرفراز خان صفدر قدس اللہ سرہ العزیز کی زبان سے ان کا تذکرہ جس شفقت و محبت کے لہجے میں کئی بار سنا اس نے اس رابطہ و تعلق کو عروج و دوام تک پہنچا دیا جس سے اب بھی مسلسل حظ اٹھا رہا ہوں۔

تدریس و تعلیم کے ساتھ ساتھ تحریر و تقریر کے میدان بھی مولانا عبدا لقیوم حقانی کی مستقل جولانگاہ چلے آ رہے ہیں جس میں انہوں نے حضرت مولانا سمیع الحق شہید رحمہ اللہ تعالیٰ کی رفاقت اختیار کی اور تعلیم یافتہ حلقوں میں نمایاں مقام بنا لیا، ان کا قلم علمی معاملات کے ساتھ ساتھ فکری اور تحریکی دائروں میں بھی خوب چلتا ہے اور یوں لگتا ہے کہ وہ اپنے سامع اور قاری کو احساسات و جذبات کی رو میں اپنے ساتھ لے کر چلنے کا فن بخوبی جانتے ہیں۔

ماہنامہ ’’الحق‘‘ اکوڑہ خٹک کے مدیر محترم مولانا راشد الحق سمیع ہم سب کے شکریہ کے مستحق ہیں کہ انہوں نے دو ضخیم جلدوں پر مشتمل خصوصی اشاعت میں مولانا عبد القیوم حقانی کی تعلیم و تدریس اور تقریر و تحریر کے ساتھ ساتھ حالاتِ زندگی اور سرگرمیوں کو سمیٹنے کی صورت اختیار کی ہے جو بلاشبہ ایک بڑی خدمت ہونے کے علاوہ نئی نسل پر ایک بڑ احسان ہے جس پر وہ سب کی طرف سے تبریک و تشکر کے مستحق ہیں۔ مجھے مولانا حقانی کا یہ ذوق بہت اچھا لگا ہے کہ علمی اور فکری طور پر جو بات بھی محسوس کی ہے اور جسے صحیح   سمجھا ہے اسے خود تک محدود رکھنے کی بجائے تحریری ریکارڈ میں محفوظ کر دیا ہے جو یقیناً‌ آنے والے ادوار میں حق کے متلاشیوں کے لیے راہنمائی کا ذریعہ ہو گا۔ ان کی یہی کاوش اور ذوق ’’الحق‘‘ کی زیر نظر خصوصی اشاعت میں مرتب ہو کر ہمارے سامنے ہے۔

مولانا حقانی ہمارے رفیق کار ہی نہیں بلکہ پاکستان شریعت کونسل کے سرپرست کی حیثیت سے ہمارے راہنما بھی ہیں، جو دینی و ملّی مسائل میں قوم کی راہنمائی میں مصروفِ عمل ہے۔ اللہ تعالیٰ انہیں صحت و عافیت کے ساتھ تادیر یہ خدمت سرانجام دیتے رہنے کی توفیق دیں اور ماہنامہ ’’الحق‘‘ کے مدیر محترم اور رفقاء کو اجرِ جزیل سے نوازیں، آمین یا رب العالمین۔

   
2016ء سے
Flag Counter