برادرِ عزیز مولانا عبد القدوس قارنؒ کی وفات اور سلسلۂ تعزیت

   
۱۵ اگست ۲۰۲۵ء

السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ

برادرِ عزیز حضرت مولانا حافظ عبد القدوس خان قارن استاذ الحدیث جامعہ نصرۃ العلوم گوجرانوالہ آج نمازِ جمعہ سے قبل دل کے اچانک دورہ سے جانبر نہ ہو سکے اور خالقِ حقیقی کے حضور پیش ہو گئے ہیں، انا للہ وانا الیہ راجعون۔ ان کی نمازِ جنازہ آج عشاء کی نماز کے بعد دس بجے جامعہ نصرۃ العلوم گوجرانوالہ میں ادا کی جائے گی، ان شاء اللہ تعالیٰ۔ امامِ اہلِ سنت حضرت مولانا محمد سرفراز خان صفدر رحمہ اللہ تعالیٰ اور مفسرِ قرآن حضرت مولانا صوفی عبد الحمید سواتی رحمہ اللہ تعالیٰ کے خاندان کے لیے یہ بہت بڑا صدمہ ہے۔ احباب سے گزارش ہے کہ مرحوم کے لیے مغفرت و بلندئ درجات اور خاندانِ سواتی کے لیے صبر و حوصلہ کے ساتھ اس صدمہ سے عہدہ برآ ہونے کی توفیق کے لیے خصوصی دعائیں فرمائیں، آمین یا رب العالمین۔

(۱۵ اگست ۲۰۲۵ء)

السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ۔

انا للہ وانا الیہ راجعون۔ مولانا عبد القدوس خان قارن رحمہ اللہ تعالیٰ کی وفات پر ملک بھر میں صدمہ محسوس کیا گیا ہے اور دوست مختلف اطراف سے، دوست بھی، ساتھی بھی، ان کے شاگرد بھی مسلسل رابطہ کر رہے ہیں، سب کا فرداً‌ فرداً‌ جواب دینا تو مشکل ہے، سب حضرات کا شکریہ، جزاکم اللہ خیرا۔ بس دعا کریں اللہ پاک ان کی آخرت کی منزلیں آسان فرمائیں، جنت الفردوس میں جگہ دیں، اور ان بچوں کو صبر و حوصلہ دیں، اور خاندان کو ان کی روایات قائم رکھنے کی توفیق عطا فرمائیں۔ سب یاد کرنے والوں کا جنہوں نے ٹیلی فون کے ذریعے، میسج کے ذریعے، اور دیگر ذرائع سے اس غم میں شرکت کی ہے، ہمارے غم کو ہلکا کیا ہے، اللہ پاک سب کو جزائے خیر عطا فرمائیں، اور ان کو کروٹ کروٹ جنت نصیب فرمائیں، شکریہ، جزاکم اللہ، السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ۔

(۱۶ اگست ۲۰۲۵ء)

السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ۔

برادرِ عزیز مولانا حافظ عبد القدوس خان قارن رحمہ اللہ تعالیٰ کی وفات کے گہرے صدمہ میں ملک بھر سے بلکہ مختلف ممالک سے بزرگ علماء کرام، دینی راہ نماؤں، احباب او ررفقاء نے جس محبت کے ساتھ ہمارے غم میں شرکت کا اپنے اپنے انداز میں اظہار فرمایا ہے، میں مرحوم کے بیٹوں اور اپنے خاندان کی طرف سے اس پر سب حضرات کا شکرگزار ہوں۔ جنازے میں شرکت کے علاوہ دور دراز سے تعزیت کے لیے خود تشریف لا کر، ٹیلی فونک پیغامات کے ذریعہ، اور پرخلوص دعاؤں کے ساتھ ہمارے اس غم و صدمہ میں شریک ہونے والے سب دوستوں نے ہمارا حوصلہ بڑھایا ہے اور اپنی پرخلوص محبت کا اظہار کیا ہے، فجزاہم اللہ احسن الجزاء۔

میں سب حضرات کا   تہہِ دل سے شکریہ ادا کرتے ہوئے یہ گذارش کرنا ضروری سمجھتا ہوں کہ سخت گرمی اور حبس کے اس موسم میں دور دراز سے تشریف آوری کی زحمت فرمانے کی بجائے سب بزرگ، احباب اور دوست خصوصی دعاؤں کا اہتمام فرمائیں کہ اللہ رب العزت مولانا قارن صاحبؒ    کو کروٹ کروٹ جنت نصیب کریں اور ان کے خاندان، تلامذہ اور رفقاء و احباب کو صبر و حوصلہ کی توفیق عطا فرمائیں، آمین یا رب العالمین۔

شکریہ،   والسلام، ابوعمار زاہد الراشدی
۱۸    اگست    ۲۰۲۵ء
2016ء سے
Flag Counter