تعارف و تبصرہ

   
نومبر ۱۹۹۱ء

’’معالم العرفان فی دروس القرآن (سورۃ الانفال و سورۃ التوبۃ)‘‘

حضرت مولانا صوفی عبد الحمید سواتی مدظلہ کے دروسِ قرآن مرتب اور شائع ہو کر علماء اور جدید تعلیم یافتہ طبقہ کے لیے استفادہ کا ذریعہ بن رہے ہیں۔ قرآنی علوم و معارف اور احکام و مسائل کو بیان کرنے میں حضرت صوفی صاحب کا انداز انتہائی سہل ہے اور امام ولی اللہ دہلویؒ کے علوم و فلسفہ کی روشنی میں جدید پیش آمدہ مسائل کا حل بھی پیش کرتے ہیں۔ اب تک بحمد اللہ تعالیٰ آخری دو پاروں کے مکمل دروس کے علاوہ شروع سے سورۃ الاعراف تک دروس چھپ چکے ہیں اور زیر نظر مجموعہ میں سورۃ الانفال اور سورۃ التوبۃ کے مکمل دروس کو یکجا کر دیا گیا ہے جو معالم العرفان کی آٹھویں جلد کے عنوان سے شائع کیا گیا ہے۔ قرآنی معارف و مسائل کے اس مفید تر ذخیرہ کو مرتب کرنے پر الحاج لعل دین ایم اے ہم سب کے شکریہ کے مستحق ہیں۔

آٹھویں جلد ۶۱۸ صفحات پر مشتمل ہے۔ معیاری کتابت و طباعت، عمدہ کاغذ اور مضبوط جلد کے ساتھ مزین اس جلد کا ہدیہ ۱۷۵ روپے ہے اور یہ مکتبہ دروس القرآن فاروق گنج گوجرانوالہ سے طلب کی جا سکتی ہے۔

’’ضعیف احادیث کی معرفت اور ان کی شرعی حیثیت‘‘

جناب غازی عزیر برصغیر کے نامور اہلحدیث بزرگ حضرت مولانا عبد الرحمٰن مبارک پوریؒ کے پوتے ہیں۔ الخبر سعودی عرب میں مقیم ہیں، علمِ حدیث پر گہری نظر رکھتے ہیں اور مختلف مشہور احادیث پر نقد و جرح کے حوالہ سے ان کے محققانہ مضامین متعدد دینی جرائد کی زینت بنتے رہتے ہیں۔ ’’الشریعہ‘‘ میں بھی ان کے بعض مضامین شائع ہو چکے ہیں۔

زیر نظر کتابچہ میں انہوں نے ضعیف احادیث کی شرعی حیثیت کو موضوعِ بحث بنایا ہے جو شروع سے ہی محدثین کے ہاں زیر بحث چلا آ رہا ہے، اور محدثین کی ایک بہت بڑی جماعت کا یہ موقف ہے کہ ضعیف حدیث عقائد و احکام کے باب میں تو حجت نہیں ہے لیکن فضائل کے زمرہ میں بعض شرائط کے ساتھ قابلِ قبول ہے۔ مصنف نے اس نقطۂ نظر سے اختلاف کیا ہے اور ضعیف احادیث کی معرفت کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالتے ہوئے اس موقف کی تائید کی ہے کہ ضعیف حدیث مطلقاً قابلِ قبول نہیں ہے۔

فاضل مصنف کے اس موقف اور ان کے دلائل سے اتفاق ضروری نہیں ہے، تاہم اس موضوع پر ان کی محنت و کاوش قابلِ داد ہے اور علومِ حدیث سے دلچسپی رکھنے والے حضرات کے لیے اس کتاب کا مطالعہ مفید اور معلومات افزا ہو گا۔ سوا دو سو صفحات پر مشتمل یہ کتابچہ فاروقی کتب خانہ، بیرون بوہر گیٹ، ملتان نے شائع کیا ہے اور اس کی قیمت ۴۸ روپے ہے۔

’’پیغمبرؐ آمن و آشتی اور اسلامی انقلاب‘‘

امیر تحریکِ خدامِ اہلِ سنت گوجرانوالہ ڈویژن مولانا حافظ عبد الحق خان بشیر نے اس مفصل مضمون میں اسلامی نظام کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالی ہے اور سرمایہ دارانہ نظام، جمہوریت اور سوشلزم کے ساتھ اسلام کا تقابل کرتے ہوئے امام ولی اللہ دہلویؒ کی حکمت و فلسفہ کی روشنی میں اسلامی انقلاب کے تقاضوں کی وضاحت کی ہے۔ اس رسالہ کی قیمت ساڑھے نو روپے ہے اور مدرسہ حیات النبیؐ، محلہ حیات النبیؐ، گجرات سے مل سکتا ہے۔

’’آئیے نماز پڑھیں‘‘

جامعہ دارالسلام مالیر کوٹلہ بھارت کے سربراہ مولانا مفتی فضیل الرحمٰن عثمانی برصغیر کے نامور بزرگ مولانا مفتی عتیق الرحمٰن عثمانیؒ کے فرزند ہیں اور ایک عرصہ سے مشرقی پنجاب میں مسلمانوں کی علمی دینی راہنمائی کے فرائض حسن و خوبی کے ساتھ سرانجام دے رہے ہیں۔ زیر نظر رسالہ میں انہوں نے نماز کے مسائل و احکام، ترتیب اور فضائل کو تعلیمی انداز میں بیان کیا ہے جو سکول و کالج کے طلبہ کی تعلیم کے لیے انتہائی مفید ہے۔ اس رسالہ کی قیمت چار روپے ہے اور اسے صدیقی ٹرسٹ نسیم پلازہ نزد لس بیلہ چوک نشتر روڈ کراچی سے طلب کیا جا سکتا ہے۔

’’ماہنامہ ترجمان اہل سنت لاہور‘‘

سنی تحریک طلبہ، تحریک خدام اہل سنت کی ذیلی تنظیم ہے جو حضرت مولانا قاضی مظہر حسین مدظلہ کی سرپرستی میں طلبہ کے محاذ پر کام کر رہی ہے۔ ماہنامہ ترجمان اہل سنت اس کا آرگن ہے جو مولانا حافظ عبد الحق خان بشیر کی زیرنگرانی شائع ہو رہا ہے۔ زیرنظر شمارہ مختلف معلوماتی مضامین پر مشتمل ہے۔ ایک پرچہ کی قیمت تین روپے ہے اور سالانہ زرخریداری ۳۶ روپے ہے۔ خط و کتابت مرکزی دفتر سنی تحریک طلبہ، مدرسہ حیات النبیؐ، محلہ حیات النبیؐ، گجرات کے پتہ پر کی جا سکتی ہے۔

’’عید میلاد کی تاریخی و شرعی حیثیت‘‘

یہ ہفت روزہ الاعتصام لاہور کے مدیر جناب حافظ محمد صلاح الدین یوسف کے ان مضامین کا مجموعہ ہے جو انہوں نے بارہ ربیع الاول کو جناب نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی ولادت باسعادت کے حوالہ سے منائی جانے والی ’’عید میلاد‘‘ کی شرعی حیثیت کے بارے میں مختلف اوقات میں تحریر کیے۔ ان مضامین میں دلائل کے ساتھ اس امر کی وضاحت کی گئی ہے کہ قرونِ اولیٰ میں اس عید کا کوئی وجود نہیں تھا اور مسلّمہ شرعی دلائل کی روشنی میں اس کی کوئی شرعی حیثیت نہیں ہے۔ ملنے کا پتہ: مکتبہ ضیاء الحدیث، مصطفیٰ آباد، لاہور۔

’’انڈین یونین میں مسلمانوں کا مستقبل‘‘

اس رسالہ میں حضرت مولانا سید حسین احمد مدنیؒ اور حضرت مولانا ابو الکلام آزادؒ کے بعض مضامین کو یکجا کیا گیا ہے جو تحریکِ آزادی کے مختلف ادوار کے بارے میں ہیں اور بے حد معلومات افزا اور بصیرت افروز ہیں۔ جناب کریمی ابڑو نے الخادم المدنی اشاعت گھر، بڑا محلہ نصر پور تعلقہ ٹنڈو الہیار ضلع حیدر آباد، سندھ کی طرف سے یہ رسالہ شائع کیا ہے اور اس کی قیمت ۵ روپے ہے۔

   
2016ء سے
Flag Counter