(جمعۃ المبارک کے بیان کا حالات و واقعات والا حصہ)
پرسوں ہمارے ہاں ایک مہمان آرہے ہیں، امریکہ کے وزیر خارجہ کولن پاول صاحب، اور یہ کہہ کر آرہے ہیں کہ جناب پاکستانی معاشرے کو سیکولر بنانے کے لیے ایجنڈا لے کر جا رہا ہوں۔ میں نے ایک مضمون میں ان سے گزارش کی تھی، آپ سے بھی وہی بات کہہ دیتا ہوں کہ بھئی جب برطانیہ یہاں آیا تھا تو وہ بھی یہی دعویٰ لے کر آیا تھا کہ ہم اس معاشرے کو سیکولر بنائیں گے۔ یہ ڈیڑھ پونے دو سو سال پہلے کی بات ہے، ہزاروں لوگ مارے تھے، تیس ہزار علماء تختہ دار پر لٹکے تھے، پچیس ہزار مدرسے بند کیے تھے۔ کولن صاحب! یہ کوئی نیا ایجنڈا نہیں ہے جو آپ لے کر آرہے ہیں۔ برطانیہ نے بھی جب یہاں قدم رکھا تھا، انہوں نے بھی یہی کام کیے تھے، مدرسے بند کر دیے تھے، ان کی جائیدادوں پر قبضہ کر لیا تھا، علماء کو پھانسیوں پر لٹکا دیا تھا۔
یہ سب آج بھی تاریخ کے ریکارڈ پر موجود ہے۔ یہ مظالم یہ وحشت، یہ دہشت، یہ درندگی، یہ سب کوئی نئی بات نہیں ہے، کرنے والے بھی کرتے آرہے ہیں اور بھگتنے والے بھی بھگتتے آرہے ہیں۔ ان سے بڑے درندوں سے ہمارا واسطہ پڑ چکا ہے۔ اس دھرتی پر تو یہ ہو چکا ہے کہ توپ کے منہ کے ساتھ پانچ پانچ علماء کو باندھ کر گولے کے ساتھ اڑایا گیا ہے۔ یہاں پر تو یہ بھی ہوا ہے کہ خنزیر کی کھال میں زندہ انسان کو سی کر آگ میں زندہ جلایا گیا ہے۔ آج کے یہ نئے مہذب درندے انہی مہذب درندوں کی اولادیں ہیں۔ یہاں یہ بھی ہوا ہے کہ زندہ انسانوں کو گھٹنوں تک زمین میں گاڑ کر ان پر بھوکے کتے چھوڑے گئے ہیں۔ ایک ایک درخت پر بیس بیس تیس تیس انسانوں کی، جن میں اکثریت علماء کی تھی، لاشیں لٹکائی گئی ہیں۔ یہاں ایک زمانہ تھا جب انگریز نے مدرسے بند کر دیے تھے، علماء گرفتار کر لیے تھے، پھانسی پر چڑھا دیے تھے، دہشت پھیلا دی تھی، مسجدیں ویران ہو گئی تھیں۔ انگریز کے وفادار رنجیت سنگھ کے دور میں لاہور کی بادشاہی مسجد گھوڑوں کا اصطبل ہوا کرتا تھا، یہ ان کی چھاؤنی بن گئی تھی۔ یہاں پر انگریز نے عیسائی مشنریوں کا جال بچھا دیا تھا۔ گلیوں کی نکروں پر عیسائی پادری کھڑے ہوتے تھے اور تقریریں کیا کرتے تھے۔ کیا اس سارے عمل سے دین مٹ گیا؟ برطانیہ نے جو دو سو سال تک یہاں مظالم ڈھائے ہیں، کیا اس سے یہ معاشرہ سیکولر ہوگیا؟
حضرت موسٰی علیہ السلام پر جو جادوگر شکست کھانے کے بعد ایمان لائے تھے، ان سے فرعون نے کہا تھا کہ تمہیں سولی پر لٹکا دوں گا، تمہارے ہاتھ پاؤں کاٹ دوں گا، انہوں نے بھی یہی جواب دیا تھا کہ بھئی اب تو ہم ایمان لا چکے ہیں، اس ایمان سے تم ہمیں محروم نہیں کر سکتے۔ انہوں نے فرعون کے سامنے کھڑے ہو کر کہا تھا ’’فاقض ما انت قاض‘‘ کہ جو تو کر سکتا ہے کر لے۔ ’’انما تقضی ھذہ الحیاۃ الدنیا‘‘ تو اس سے زیادہ کیا کر لے گا کہ ہماری جان ہی چھین لے گا، اس سے زیادہ کیا کر لے گا؟
کولن پاول صاحب! جو تمہارے بس میں ہے کر گزرو، اس مسلمان کو تم ایمان سے محروم نہیں کر سکتے، ان شاء اللہ العزیز، یہ مسلمان خدا پر ایمان رکھتا ہے، قرآن پر ایمان رکھتا ہے، رسول اللہ پر ایمان رکھتا ہے، کولن پاول صاحب! تم جاپان کی طرح آخری حربے کے طور پر ایٹم بم چلا کر دیکھ لو، اس معاشرے کو تم سیکولر نہیں بنا سکتے، خدا رسول اور قرآن سے محروم نہیں کر سکتے، ان شاء اللہ العزیز۔
لیکن بہرحال آزمائش تو آزمائش ہوتی ہے، دعا کریں کہ جو لوگ آزمائش میں ہیں اللہ تعالیٰ انہیں ثابت قدم رکھیں۔ اور آزمائش تو ابھی بہت سوں پر آنے والی ہے، اللہ تعالیٰ سے استقامت کی دعا کریں، اور ایک دعا بطور خاص کریں کہ یا اللہ! ایمان کی حفاظت فرما۔ ایمان پر ہماری استقامت سے اور قربانیوں سے اگر ہماری اگلی نسل مسلمان رہ جائے تو بہت فائدے کا سودا ہے۔

