(جمعۃ المبارک کے بیان کا حالات و واقعات والا حصہ)
ملک کے دوسرے بہت سے غیور مسلمانوں کی طرح گوجرانوالہ کے مسلمانوں نے بھی دینی غیرت کا اظہار کیا ہے۔ حضرت مولانا قاضی حمید اللہ خان صاحب گوجرانوالہ شہر کے نہیں ہیں، یہاں ان کی برادری نہیں ہے، یہاں ان کا کاروبار نہیں ہے، یہاں ان کی فیکٹری نہیں ہے، یہاں ان کا قبیلہ نہیں ہے۔ الیکشن کی جو معروف باتیں ہوتی ہیں وہ یہی ہیں کہ برادری ہو، دھڑا ہو، پیسے ہوں، سرمایہ دار ہو، کوئی بات بھی قاضی صاحب کے ساتھ نہیں تھی سوائے دین کے رشتے کے۔ کیا دین کے رشتے کے سوا مولانا حمید اللہ خان صاحب کا اس شہر کے ساتھ کوئی رشتہ ہے؟ آپ گوجرانوالہ کے شہریوں نے اس دین کے رشتے کی لاج رکھی ہے، اللہ تعالیٰ آپ کو جزائے خیر عطا فرمائیں۔
میں تقریباً ڈیڑھ دو مہینے ملک سے باہر رہا ہوں، لوگ وہاں (انتخابات کے حوالے سے) پوچھتے تھے کہ پاکستان میں کیا ہوا۔ میں نے کہا کہ بھئی کچھ بھی نہیں ہوا، پاکستان کے غریب اور دیندار عوام اپنے مظلوم مسلمان بھائیوں کو مرتے دیکھ کر اور ظالموں کے ہاتھوں ذبح ہوتے دیکھ کر کہیں اور غصہ نہیں نکال سکے اور ایک اچھی جگہ انہوں نے اپنا غصہ نکال دیا۔ بس یہی ہوا ہے کہ جنہیں غیرت آئی ہے کہ بھئی بہت ہو گیا، کچھ ہمیں بھی کرنا چاہیے، ان کا بس کہیں اور نہیں چلا، جہاں بس چلا ہے انہوں نے اپنی غیرت کا اظہار کر دیا ہے۔ اللہ تبارک و تعالیٰ اس کا بہت اجر عطا فرمائیں گے، ان شاء اللہ العزیز۔ جب اللہ تعالیٰ نے توفیق دی ہے تو اس کا اجر بھی دیں گے۔ ایک بزرگ کا قول ہے کہ کسی نیکی کی توفیق ہو جانا ہی اس کی قبولیت کی علامت بھی ہوتی ہے۔
لیکن اس کے ساتھ ایک اور بات میں عرض کرنا چاہتا ہوں اور آپ حضرات بھی محسوس کر رہے ہوں گے، ایک ہے آپ حضرات کا اپنی رائے کا اظہار کرنا، ایمان کے ساتھ دین کے ساتھ اپنے تعلق کا اظہار کرنا، علماء کے ساتھ دین کی بات کرنے والوں کے ساتھ اپنے جذبات کا اظہار کرنا، اللہ تعالیٰ آپ کو اس کی مزید توفیق عطا فرمائیں اور اس فیصلے پر قائم رکھیں، اور ایک ہے اس فیصلے کا نافذ ہو جانا۔ ان دونوں باتوں میں بڑا فاصلہ ہے، اور یہ فاصلہ آپ کو محسوس ہو رہا ہوگا، یعنی
- ایک بات یہ ہے کہ آپ یہ فیصلہ کر دیں کہ ہمارے نمائندے یہ ہیں بھئی۔
- دوسرا یہ ہے کہ جن کے ہاتھ میں معاملات کی باگ ڈور ہے وہ بھی یہ تسلیم کریں کہ یہ عوام کے منتخب کیے ہوئے نمائندے ہیں۔
ان دونوں باتوں میں بڑا فاصلہ ہے۔ میں وہ منظر تھوڑا سا عرض کرنا چاہتا ہوں تاکہ آپ یہ سمجھ سکیں کہ کیا ہو رہا ہے اور کیوں ہو رہا ہے۔ یہ بات دنیا نے طے کر رکھی ہے کہ دینی قوتیں، اسلامی کی بات کرنے والے، اسلام کے نفاذ کا دعویٰ لے کر آنے والے، یہ عزم رکھنے والے کہ ہمیں اقتدار ملے تو ہم قرآن کریم کا قانون نافذ کریں گے، شریعت نافذ کریں گے، اس دعوے اور مزاج کے لوگ دنیا کے کسی خطے میں طاقت کے ذریعے آئیں تب برداشت نہیں کرنا، ووٹ کے ذریعے آئیں تب برداشت نہیں کرنا، یہ بات دنیا نے طے کر رکھی ہے۔
- اگر لوگ طاقت کے بل پر اقتدار میں آئیں گے تو ان کے سامنے ان سے بڑی طاقت آئے گی۔ طالبان کے ساتھ بھی یہی ہوا ہے، وہ ووٹ کے ذریعے نہیں بلکہ طاقت کے ذریعے اقتدار میں آئے، لیکن اس جرم میں کہ خدا کے دین پر بلا کم و کاس عمل کرنا ہے، کوئی ترجیحات قائم نہیں کرنی کہ دین کی اس بات پر امریکہ راضی ہے اس پر عمل کر لو، فلاں بات امریکہ کو پسند نہیں ہے اسے چھوڑ دو، دین کا یہ حصہ لوگوں کو پسند ہے اس پر عمل کر لیتے ہیں، دوسرے حصے سے لوگوں کو تکلیف ہوتی ہے اسے رہنے دیتے ہیں، طالبان نے یہ نہیں کیا۔ ان کا یہی جرم تھا کہ انہوں نے سارے دین کو دین سمجھا تھا، انہوں نے اس بات کی پروا نہیں کی کہ دنیا کی بڑی قوتوں کو دین کے کس حصے سے اتفاق ہے اور کس حصے سے اختلاف ہے۔ وہ غریب اس جرم میں مارے گئے، اللہ تعالیٰ انہیں نئی زندگی عطا فرمائیں۔
- اسی طرح اگر دینی قوتیں کہیں ووٹ کے ذریعے اقتدار میں آئی ہیں تب بھی برداشت نہیں ہوئیں۔ الجزائر میں کیا ہوا؟ الجزائر میں آج سے دس بارہ سال پہلے دینی قوتیں اسی طرح متحد ہوئیں اور ۸۰ فیصد ووٹ لے گئیں۔ ان غریبوں کے ساتھ کیا ہوا، وہ خود اور ان کو ووٹ دینے والے گزشتہ بارہ سال سے ابھی تک ذبح ہو رہے ہیں کہ نہیں بھئی، اسلام ووٹ کے ذریعے آتا ہے، تب بھی نہیں چاہیے۔ حالانکہ ان کا اپنا اصول یہ ہے کہ عوام کی اکثریت کسی حرام کو حلال قرار دے دے تو وہ حلال ہو جاتا ہے۔ ان کے ہاں تو یہ اصول ہے کہ عوام کی اکثریت نے اگر زنا، شراب اور ہم جنس پرستی کو حلال قرار دے دیا ہے تو بس وہ حلال ہی ہو گیا ہے۔ لیکن یہی جمہوریت اگر کسی مسلمان ملک میں دینی قوتوں کو اقتدار میں لے کر آئے تو یہ کہتے ہیں کہ نہیں بھئی۔ ہمارے ہاں تو (ان انتخابات میں) دینی قوتیں ابھی تیسری سیاسی قوت ہیں۔
- اسی طرح ترکی میں کیا ہوا، آپ نے دیکھا ہے۔ ترکی میں طیب اردگان کی جسٹس پارٹی اقتدار میں آئی ہے۔ یہ ایک نمازی آدمی ہے، جب استنبول کا میئر رہا تو اس نے شراب پر پابندی لگائی، لوگوں کو مسجدوں کی طرف لایا، دین کی بات کی۔ ایک نظم پڑھنے کے جرم میں گرفتار ہوا، میں کافی عرصے سے اس نظم کی تلاش میں تھا کہ وہ کیسی نظم تھی جس پر شہر کا میئر گرفتار ہوگیا اور اسے ایک سال جیل کاٹنی پڑی۔ اس نے ایک جلسے میں نظم پڑھی جس کا ایک حصہ یہ تھا، اس نے کہا: ’’ترکی کے مسلمانو! تم کب جاگو گے، دنیا کے مسلمان تمہارے جاگنے کا انتظار کر رہے ہیں، کیا ہوا ہمارے پاس میزائل نہیں ہیں، ہمارے پاس طاقت نہیں ہے، ہمارے پاس فوجی چھاؤنیاں کم ہیں، بھئی یہ مسجد کے محراب ہماری چھاؤنیاں ہیں اور یہ مینارے ہمارے میزائل ہیں‘‘۔ اب یہ اس کا جرم بن گیا کہ وہ ترکی کے مسلمانوں کو جگانے کی کوشش کر رہا ہے۔ لندن کے ایک اردو اخبار نے ترکی میں لکھی ہوئی اس نظم کا ترجمہ چھاپا۔ اس کا مطلب یہ نہیں تھا کہ وہ مسجد کو فوجی چھاؤنیاں بنانا چاہتا تھا، اس کا مطلب تو یہ تھا کہ ہمارے پاس ایمان کی، عقیدے کی قوت تو موجود ہے۔ ان شعروں پر اس غریب کو جیل ہو گئی تھی۔ لیکن اللہ تعالیٰ جزائے خیر دے ترکی کے غیور عوام کو کہ اب الیکشن ہوئے تو طیب اردگان ترکی کی سب سے بڑی سیاسی پارٹی کے طور پر کامیاب ہوا۔ ترکی کی پون صدی کی تاریخ میں کسی پارٹی نے اسمبلی میں اتنی اکثریت نہیں لی، عوام نے اپنے جذبات کا اظہار کر دیا، لیکن وہاں یہ پھڈا کھڑا کر دیا گیا کہ اس کو حکومت دینی چاہیے یا نہیں۔
اس کا صاف مطلب یہ ہے کہ یہ فراڈ اور دھوکہ ہے کہ حکومت ووٹ کے ذریعے ملتی ہے۔ یہ جمہوریت صرف ان کا ایک ہتھیار ہے۔ ایک برطانوی اخبار انڈیپنڈنٹ نے اس پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ طیب اردگان بے شک یہ کہتا ہے کہ میں سیکولر دستور پر عمل کروں گا اور میں پالیسیاں تبدیل نہیں کروں گا، بے شک اس نے یہ اعلان بھی کیا ہے کہ میں امریکہ سے دوستی بھی قائم رکھوں گا۔ انڈیپنڈنٹ لکھتا ہے کہ ان ساری باتوں کے باوجود ہم یہ بات نظر انداز نہیں کر سکتے کہ وہ شراب نہیں پیتا اور پانچ وقت کی نماز پڑھتا ہے۔ انڈیپنڈنٹ نے لکھا ہے کہ طیب اردگان بے شک کہتا پھرے کہ میں یہ کروں گا فلاں کروں گا، یورپی یونین میں بھی جاؤں گا، لیکن ہم جانتے ہیں کہ وہ پانچ وقت کا نمازی ہے اور ہم جانتے ہیں کہ وہ شراب نہیں پیتا، اور یہ دو باتیں ہم نظر انداز نہیں کر سکتے، کسی سیاسی لیڈر میں یہ باتیں تشویش کی باتیں ہیں۔
یہ باتیں میں اس لیے عرض کی ہیں کہ آپ حضرات نے، پاکستان کے غیور عوام نے دینی قوتوں کو ایک سیاسی قوت فراہم کر کے بہت اچھا فیصلہ کیا ہے، لیکن ابھی اس سے آگے بہت مراحل باقی ہیں۔ ابھی اتحاد کے ساتھ، وحدت کے ساتھ، اور انہی دینی قوتوں کو مضبوط کر کے، ان رکاوٹوں کو توڑنا ہے جو رکاوٹیں اصل میں دین کی راہ میں ریڈ لائن بن جاتی ہیں۔ ہم شروع دن سے چیخ رہے ہیں کہ پاکستان اسلام کے لیے بنا تھا لیکن یہاں اسلامی احکام پر عمل نہیں ہوتا، اور اس میں ایک بڑی رکاوٹ امریکہ ہے۔ لوگ کہتے تھے کہ بھئی امریکہ کو کیا ضرورت ہے اسلام کی راہ میں رکاوٹ ڈالنے کی، یہ ہمارا ملک ہے اور ہمارا دین ہے، خوامخواہ تم ہر بات امریکہ کے ذمے تھوپتے ہو۔ میرا خیال ہے کہ اب ہمارے کہنے کی ضرورت بھی باقی نہیں رہ گئی، اب پہلے جو باتیں خفیہ ہوتی تھیں، اب سب کے سامنے ہو رہی ہیں۔
اس لیے میں یہ عرض کرنا چاہوں گا کہ ابھی یہ نہ سمجھیں کہ ہم نے آخری فیصلہ کر دیا، ابھی تو آپ نے ابتدا کی ہے۔ یہ محاذ اب دوسرے میدان میں منتقل ہوگیا ہے، آپ حضرات صبر سے استقامت سے دینی قوتوں کو یہ حوصلہ اور قوت دیں کہ وہ ان رکاوٹوں کو توڑ سکیں، جب تک یہ رکاوٹیں نہیں ٹوٹیں گی، نہ ملک و قوم کے لیے کوئی بہتر حکومت آئے گی اور نہ اسلام کے لیے۔ یہ اکاس بیل ہے جو ہمارے درختوں پر چمٹی ہوئی ہے، جس درخت پر یہ چھا جائے تو ہر چیز کو خشک کر کے رکھ دیتی ہے۔ یہ عالمی استعماری قوتیں اکاس بیل بن کر ہمارے ملک پر چھائی ہوئی ہیں، ان کو توڑنے کے لیے آپ دینی قوتوں کے ساتھ آئندہ بھی تعاون کریں۔
اللہ تعالیٰ ہمیں توفیق عطا فرمائیں کہ پاکستان کے عوام اور دینی قوتیں اپنی آزادی کے لیے، اپنے تشخص کے لیے اس سے زیادہ اچھے فیصلے کر سکیں۔ اللہ تعالیٰ اس فیصلے کو ملک کے لیے، دین کے لیے، قوم کے لیے بہتر مستقبل کا ذریعہ بنائیں۔

