مولانا قاری محمد عبد اللہؒ کا تعلق مشرقی پنجاب کے علاقہ گڑ گاؤں سے تھا، گوجرانوالہ میں سیٹلائٹ ٹاؤن کی مرکزی جامع مسجد کے امام و مدرس تھے اور کم و بیش نصف صدی تک انہوں نے یہ خدمت سر انجام دی ہے۔ اس مسجد میں سہارنپور سے تعلق رکھنے والے ہمارے ایک بزرگ مولانا قاری محمد طلحہ قدوسی گنگوہیؒ اور مولانا قاری محمد عبد اللہؒ کی طویل رفاقت شہر کی دینی و تعلیمی جدوجہد کا ایک اہم باب ہے۔ ان کے ہزاروں براہ راست اور بالواسطہ شاگرد ملک کے مختلف حصوں میں قرآن کریم کی تدریس کی خدمات میں مگن ہیں اور ان کے علاوہ بھی ان سے قرآن کریم کی تعلیم حاصل کرنے والے شہریوں کی اچھی خاصی تعداد ہے۔ جمعہ کی صبح کو ان کے فرزند پروفیسر حافظ عبید اللہ عابد کا فون آیا کہ ابوجی کی طبیعت زیادہ خراب ہے اور وہ جناح ہسپتال لاہور میں شدید علالت کی حالت میں ہیں، ان کے لیے دعا کریں۔ تھوڑی دیر کے بعد ہی ان کا دوبارہ فون آگیا کہ ابوجی کا انتقال ہوگیا ہے، انا للہ وانا الیہ راجعون۔عشاء کے بعد مرکزی جامع مسجد سیٹلائٹ ٹاؤن میں جنازہ تھا جو مولانا قاری احمد میاں تھانوی صاحب نے پڑھایا اور شہر کے علماء کرام، طلبہ اور عوام کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔ مولانا احمد میاں تھانوی اور مولانا داؤد احمد کے علاوہ راقم الحروف نے بھی اس موقع پر قاری صاحب مرحوم کی دینی و تعلیمی خدمات پر خراج عقیدت پیش کیا۔
مولانا قاری محمد عبد اللہؒ
۱۹ اکتوبر ۲۰۱۳ء