ماہنامہ نصرۃ العلوم کا آغاز: ایک دیرینہ آرزو کی تکمیل

   
نومبر ۱۹۹۵ء

مادرِ علمی مدرسہ نصرۃ العلوم گوجرانوالہ کی طرف سے علمی و دینی مجلہ ماہنامہ ’’نصرۃ العلوم‘‘ گوجرانوالہ کا اجرا میری ایک دیرینہ آرزو کی تکمیل ہے۔ عرصہ سے ملک میں ایک ایسے مجلہ کی ضرورت محسوس کی جا رہی تھی جو خالصتاً علمی بنیاد پر علمائے دیوبند کثر اللہ جماعتہم کی ترجمانی کرے اور دینی و مسلکی مسائل پر سنجیدہ اور باوقار انداز میں علمائے کرام اور عام مسلمانوں کی راہنمائی کا خلا پر کرے۔ بحمد اللہ تعالیٰ صحیح جگہ سے اور صحیح لوگوں کے ہاتھوں اس کام کا آغاز ہو رہا ہے۔ اللہ تعالیٰ ماہنامہ ’’نصرۃ العلوم‘‘ کے کارپردازان کی نیت اور عمل کو خلوص و برکت سے نوازیں اور انہیں اپنے نیک عزائم میں موثر پیشرفت کی توفیق عطا فرمائیں، آمین یا الٰہ العالمین۔

عزیزم مولانا محمد فیاض خان سواتی سلّمہ نے راقم الحروف سے فرمائش کی ہے کہ میں بھی ’’نصرۃ العلوم‘‘ میں کچھ نہ کچھ ضرور لکھا کروں، چنانچہ اسے اپنے لیے سعادت سمجھتے ہوئے ایک پرانے قلمی عنوان کو دوبارہ شروع کر رہا ہوں۔ ’’حالات و واقعات‘‘ کے عنوان کے تحت ایک عرصہ تک ہفت روزہ ’’ترجمان اسلام‘‘ لاہور میں ملکی و بین الاقوامی حالات پر ہلکا پھلکا تبصرہ کرتا رہا ہوں جو اکثر میرے قلمی نام ’’حماد سواتی‘‘ کے ساتھ شائع ہوتا تھا، اب پھر خدائے بزرگ و برتر کی بارگاہ سے توفیق و اصلاح کی عاجزانہ استدعا کے ساتھ اس سلسلہ کا دوبارہ آغاز کیا جا رہا ہے۔

   
2016ء سے
Flag Counter