’’مجلس عمل علماء اسلام پاکستان‘‘ کا قیام اور پروگرام

   
مارچ ۱۹۹۸ء

دیوبندی مسلک سے تعلق رکھنے والی سترہ جماعتوں نے ’’مجلس عمل علماء اسلام پاکستان‘‘ کے نام سے ایک متحدہ محاذ کے قیام کا اعلان کیا ہے جس کا مقصد مندرجہ ذیل پانچ نکات کے حوالے سے جدوجہد کو منظم کرنا ہے:

  1. پاکستان کی اسلامی نظریاتی حیثیت، وحدت، سالمیت اور خودمختاری کا تحفظ۔
  2. ملک کے داخلی معاملات میں امریکہ اور اس کے حواری ممالک اور اداروں کی بڑھتی ہوئی مداخلت کی روک تھام۔
  3. مغرب کی ثقافتی یلغار کا مقابلہ۔
  4. دینی مدارس کے آزادانہ کردار اور خودمختاری کا تحفظ۔
  5. دہشت گردی کے اسباب و عوامل کی نشاندہی اور ان کا سدباب۔

مجلس عمل میں جمعیۃ علماء اسلام کے دونوں دھڑوں کے علاوہ پاکستان شریعت کونسل، سپاہ صحابہؓ پاکستان، مجلس احرار اسلام، اور عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت سمیت سترہ جماعتیں شامل ہیں۔ جبکہ شیخ الحدیث حضرت مولانا محمد سرفراز خان صفدر دامت برکاتہم کو اس کا امیر منتخب کیا گیا ہے، اور ابن امیر شریعت مولانا عطاء المومن شاہ بخاری کی سربراہی میں ۱۱ رکنی کمیٹی قائم کی گئی ہے جس میں مفتی محمد جمیل خان (کراچی)، مفتی حبیب الرحمٰن درخواستی (خانپور)، مولانا اشرف علی (راولپنڈی)، مولانا عبد الرؤف فاروقی (لاہور)، مولانا مفتی غلام قادر (خیرپور ٹامیوالی)، قاری محمد نذیر فاروقی (اسلام آباد)، مولانا بشیر احمد شاد (چشتیاں)، مولانا محمد احمد لدھیانوی (ٹوبہ ٹیک سنگھ)، مولانا محمد اسماعیل شجاع آبادی (لاہور)، اور راقم الحروف ابوعمار زاہد الراشدی (گوجرانوالہ) شامل ہیں۔

مجلس عمل کے زیر اہتمام ۲۳ مارچ ۱۹۹۸ء کو لاہور میں ’’کل پاکستان علماء کنونشن‘‘ منعقد کیا جا رہا ہے جس میں مجلس عمل کے پروگرام اور جدوجہد کے طریق کار کا اعلان کیا جائے گا۔ جبکہ تمام جماعتوں کے تین تین نمائندوں پر مشتمل مرکزی مجلس عمل کا اجلاس ۲۲ مارچ کو لاہور میں ہو گا جس میں پروگرام کی تفصیلات طے کی جائیں گی، ان شاء اللہ تعالیٰ۔

ہم مسلک جماعتوں کا اتحاد اور دینی مقاصد کے لیے مشترکہ جدوجہد ایک دیرینہ خواب تھا جس کی تعبیر کی ایک عملی صورت سامنے آئی ہے۔ ملک بھر میں تمام احباب سے گزارش ہے کہ وہ اس کی کامیابی کے لیے بطور خاص دعاؤں کا اہتمام کریں، اور وہ اس جدوجہد میں جس دائرہ میں اور جس صورت میں شریک ہو سکتے ہیں، اس کے لیے سنجیدگی کے ساتھ پیشرفت کریں، تاکہ ہم اپنی دینی و جماعتی ذمہ داریوں سے صحیح طور پر عہدہ برآ ہو سکیں۔ اس سلسلہ میں مزید معلومات اور رابطہ کے لیے ’’مولانا سید عطاء اللہ المومن شاہ بخاری، دار بنی ہاشم، مہربان کالونی، ملتان‘‘، یا راقم الحروف سے ’’مرکزی جامع مسجد، گوجرانوالہ‘‘ کے ایڈریس پر خط و کتابت کی جا سکتی ہے۔

   
2016ء سے
Flag Counter