انسانی دنیا کے اعمال اور پوپ جان پال کی فکر انگیز باتیں

   
ستمبر ۲۰۰۲ء

روزنامہ پاکستان لاہور ۱۹ اگست ۲۰۰۲ء میں شائع شدہ خبر کے مطابق کیتھولک مسیحی فرقہ کے سربراہ پوپ جان پال دوم نے اپنے آبائی علاقہ پولینڈ میں ۲۰ لاکھ افراد کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے انسانیت کو خدا کے ساتھ دھوکہ کرنے سے باز رکھنے کی تلقین کی ہے۔ انہوں نے اپنے خطاب کے دوران جینیاتی انجینئرنگ کی مخالفت کی اور کہا کہ اس سے انسان خدا کے مقابل کھڑا ہونے کی کوشش کرتا ہے اور یہ انسانی زندگی کے رازوں میں مداخلت ہے۔ انہوں نے جدید دنیا کے نظریۂ آزادی پر تنقید کرتے ہوئے اسے بغیر سچائی اور ذمہ داریوں کا پُرشور پراپیگنڈہ قرار دیا۔

پوپ جان پال دوم مسیحی دنیا کے بہت بڑے مذہبی راہنما ہیں، اور انہوں نے اپنے اس خطاب میں جو باتیں فرمائی ہیں وہ بلاشبہ فکر انگیز ہیں: ① انسان کی طرف سے خدا تعالیٰ کو دھوکہ دینے کی کوشش، ② انسان کے خدا کے مقابل آنے کی روش، ③ ذمہ داری اور سچائی کے بغیر آزادی، ④اور کائنات کے رازوں میں مداخلت، فی الواقع آج کی انسانی دنیا کے ایسے اعمال ہیں جنہوں نے انسانی سوسائٹی کے امن و سکون کو تہہ و بالا کر کے رکھ دیا ہے۔ جینیاتی سائنس سے پوپ پال کی مراد کلوننگ کا وہ عمل ہے جس کے ذریعے انسانی حیات کا جرثومہ حاصل کر کے اس سے سائنسی طور پر انسان تخلیق کرنے کا بعض سائنسی حلقے ارادہ رکھتے ہیں، جو یقیناً قابلِ مذمت ہے۔

ہمیں پوپ جان پال دوم کے ان ارشادات سے سو فیصد اتفاق ہے لیکن ہم اس حوالے سے ان سے دو گزارشات کرنا ضروری سمجھتے ہیں:

  1. ایک یہ کہ جس طرح جینیاتی سائنس کا عمل کائنات کے رازوں میں مداخلت اور خدا کے مقابل آنے کی کوشش ہے، اسی طرح وحئ الٰہی سے بے نیاز ہو کر انسانی سوسائٹی کے لیے اپنی عقل اور خواہش کے مطابق نظام و قوانین تشکیل دینے کا دعویٰ بھی خدا کے مقابل آنے کی کوشش ہے۔ جس کے بارے میں پوپ پال کو اپنے نقطۂ نظر کا ضرور اظہار کرنا چاہیے۔
  2. اور دوسری گزارش یہ ہے کہ ان باتوں پر صرف عوام کے سامنے وعظ کہہ دینا کافی نہیں ہے، پوپ پال کا شمار مسیحی دنیا کی با اثر ترین شخصیات میں ہوتا ہے، اور اس حوالے سے ان کی ذمہ داری ہے کہ وہ انسانی دنیا کو ان خرابیوں کی طرف وعظ کے ذریعے توجہ دلانے کے ساتھ ساتھ مسیحی حکومتوں اور متعلقہ اداروں کو ان مسائل کے بارے میں اپنے طرزعمل پر نظرثانی پر آمادہ کرنے کے لیے عملی طور پر اثر و رسوخ استعمال کریں۔
   
2016ء سے
Flag Counter