مولانا حافظ محمد ریاض خان سواتیؒ

   
جولائی ۲۰۲۳ء

برادر عزیز مولانا محمد ریاض خان سواتی رحمہ اللہ تعالیٰ اس قدر اچانک ہم سے رخصت ہوئے ہیں کہ اس کے یقین کا ماحول ابھی تک نہیں بن رہا اور وہ خیال و تصور میں اردگرد گھومتے ہی دکھائی دے رہے ہیں، انا للہ وانا الیہ راجعون۔ میں نے طالب علمی کا زیادہ تر عرصہ عم مکرم حضرت مولانا صوفی عبد الحمید خان سواتی قدس اللہ سرہ العزیز کی سرپرستی میں ان کے گھر میں گزارا ہے، اس لیے حضرت صوفی صاحبؒ کی اولاد نے ہمارے سامنے بلکہ ہمارے ساتھ پرورش پائی ہے۔ اور میں مولانا محمد ریاض خان سواتی مرحوم کے بارے میں تو کہہ سکتا ہوں کہ میرے ہاتھوں میں پلے بڑھے اور کھیلے ہیں۔

عملی زندگی میں وہ میرے معتمد ترین رفیق کار رہے ہیں۔ شہر میں میری سرگرمیاں خطابت و تدریس اور جماعتی زندگی کے علاوہ شہری روابط اور ضلعی انتظامیہ کے ساتھ معاملات کے حوالہ سے بھی مسلسل رہی ہیں۔ مجھے مفتی شہر حضرت مولانا مفتی عبد الواحدؒ نے اس راستہ پر لگا کر میری تربیت کی تھی اور میں مرکزی جامع مسجد گوجرانوالہ میں ان کی حیات میں کم و بیش بارہ سال تک ان کے نائب کی حیثیت سے خدمات سرانجام دینے کی سعادت سے بحمد اللہ تعالیٰ بہرہ ور ہوں۔ گزشتہ نصف صدی کے دوران ضلعی انتظامیہ کے ساتھ معاملات اور شہر کے مختلف طبقات کے ساتھ روابط میں مجھے جن حضرات کی رفاقت اور معاونت حاصل رہی ہے، اپنے دور میں مولانا حافظ محمد ریاض خان سواتیؒ سرفہرست تھے۔ وہ شہر کے امن و امان، فرقہ وارانہ ہم آہنگی، تاجر اور وکلاء کے ساتھ تعلقات اور مختلف نوع کے تنازعات نمٹانے میں وہ زیادہ تر میری نمائندگی کرتے تھے، اور میں کوئی بھی معاملہ ان کے سپرد کر کے مطمئن ہو جایا کرتا تھا کہ یہ کام میری توقعات کے مطابق ہو جائے گا، اور اکثر ایسا ہی ہوتا تھا۔ مجھے یاد نہیں کہ کوئی معاملہ ان کے سپرد کرتے ہوئے مجھے انہیں تفصیلی بریفنگ دینے کی ضرورت پڑی ہو، وہ اپنی خداداد صلاحیتوں اور معاملہ فہمی کے باعث خود ہی صورتحال کا صحیح ادراک کر کے معاملات کو نمٹا دیا کرتے تھے۔ وہ جامعہ نصرۃ العلوم کے ناظم تھے اور اساتذہ، طلبہ اور مہمانوں کے ساتھ ان کا بے تکلفانہ طرز عمل ایک عرصہ تک ذہنوں میں تازہ رہے گا۔

زندگی میں مشکل اور کٹھن مراحل آتے ہیں جو اُن کو بھی پیش آئے مگر اپنی تحمل مزاجی اور بردباری کے باعث وہ ان میں اکثر سرخرو رہے اور اس حوالہ سے بھی ان کی کمی محسوس ہوتی رہے گی۔ میں اپنے بھائی، ساتھی، رفیق کار اور مسلکی و جماعتی معاملات میں سرگرم معاون کی جدائی کے صدمہ کو الفاظ میں بیان نہیں کر سکتا اور اللہ تعالیٰ کی بارگاہ میں مسلسل دعاگو ہوں کہ باری تعالیٰ مولانا حافظ محمد ریاض خان سواتی مرحوم کو کروٹ کروٹ جنت نصیب کریں، سواتی خاندان، مرحوم کے بچوں اور دیگر سب متعلقین کو صبر و حوصلہ کے ساتھ اس صدمہ سے سرخرو فرمائیں اور ہم سب کو ان کی حسین روایات کا تسلسل قائم رکھنے کی توفیق سے نوازیں، آمین یا رب العالمین۔

   
2016ء سے
Flag Counter