گیارہ نومبر کو پسرور میں اقرأ روضۃ الأطفال ٹرسٹ کے سالانہ پروگرام میں شرکت کا موقع ملا اور اس کے تعلیمی سرگرمیوں میں دن بدن توسیع اور تنوع کا ماحول دیکھ کر بے حد خوشی ہوئی۔ یہ ادارہ ملک بھر میں قرآن کریم حفظ کے ساتھ عصری تعلیم کو شامل کرنے اور اعلیٰ معیار پر اس کے انتظامات کے جذبہ سے حضرت مولانا مفتی ولی حسن ٹونکی رحمہ اللہ تعالیٰ اور حضرت مولانا مفتی احمد الرحمٰن رحمہ اللہ تعالیٰ کی سرپرستی میں شروع ہوا تھا اور مولانا مفتی محمد جمیل خان شہیدؒ اور مولانا مفتی مزمل حسین کاپڑیاؒ اس مہم میں اپنے دیگر رفقاء کے ہمراہ پیش پیش تھے جبکہ دیگر بزرگ شخصیات کے ساتھ ساتھ والد گرامی حضرت مولانا محمد سرفراز خان صفدر رحمہ اللہ تعالیٰ بھی اس کی مسلسل سرپرستی فرماتے رہے اور مجھے ان کے ہمراہ اس دور کے کئی پروگراموں میں شرکت کی سعادت حاصل ہوئی۔ اس وقت ملک بھر میں اس کی دو سو سے زیادہ شاخیں کام کر رہی ہیں جن میں ستاسی ہزار کے لگ بھگ طلبہ اور طالبات زیر تعلیم ہیں اور اب تک ڈیڑھ لاکھ کے قریب بچے اور بچیاں حفظ قرآن کریم کی سعادت سے بہرہ ور ہو چکے ہیں۔
تقریب میں پسرور کے سرکردہ علماء کرام اور دینی و سماجی شخصیات کے علاوہ اقرأ روضۃ الأطفال ٹرسٹ کے مرکزی قائدین مولانا مفتی محمد بن جمیل خان، مولانا مفتی خالد محمود اور مولانا مفتی اعجاز مصطفیٰ بھی شریک ہوئے اور طلبہ و اساتذہ کی حوصلہ افزائی فرمائی۔
میں نے اپنی گفتگو میں مختلف امور پر اظہار خیال کیا اور بطور خاص پروگرام کے دوران طلبہ اور طالبات کی طرف سے بیت المقدس کی صورتحال اور فلسطینی بھائیوں کے بارے میں جن جذبات و احساسات کا اظہار ہوا اس کے بارے میں عرض کیا کہ مجھے ملت اسلامیہ، فلسطینی مجاہدین، دیگر مظلوم مسلمانوں اور بیت المقدس کے حوالہ سے اپنی نئی نسل بلکہ مستقبل کی قیادت کے خیالات و جذبات دیکھ کر حوصلہ ملا ہے کہ ملت اسلامیہ کے مستقبل کی قیادت اپنے ملی، دینی اور قومی فرائض سے غافل نہیں ہے۔
میں نے یہ گزارش کی کہ امت مسلمہ کے حکمرانوں بالخصوص اسلامی جمہوریہ پاکستان کے اسٹیک ہولڈرز خاص طور پر صدر پاکستان جناب آصف علی زرداری، وزیر اعظم میاں شہباز شریف اور آرمی چیف حافظ سید منیر عاصم صاحبان سے دست بستہ عرض کرتا ہوں کہ انہیں فلسطین اور بیت المقدس کے بارے میں ہماری بات سنائی نہیں دے رہی تو اپنے بچوں اور مستقبل کی قیادت کی چیخ و پکار اور آہ و بکا ہی سن لیں کہ ہمارا مستقبل ہم سے کیا کہہ رہا ہے اور کیا تقاضہ کر رہا ہے۔ خدا کرے کہ مسلم ممالک کے حکمران بالخصوص ایٹمی پاکستان کے ارباب اختیار اس کے لیے کچھ وقت فارغ کر سکیں۔
ان گزارشات کے ساتھ پروگرام میں اقرأ روضۃ الأطفال ٹرسٹ کے بارے میں اب تک کی کارکردگی کی جو رپورٹ پیش کی گئی وہ قارئین کے سامنے پیش کی جا رہی ہے۔
’’آغاز سے تاحال گوجرانوالہ زون کے حفاظ و حافظات: سیٹلائیٹ ٹاؤن گوجرانوالہ (حفاظ 802 حافظات 693)، ماڈل ٹاؤن گوجرانوالہ(حفاظ 149، حافظات116)، جلیل ٹاؤن گوجرانوالہ (حفاظ 89، حافظات69)، گجرات (حفاظ 252، حافظات206)، پسرور (حفاظ 331، حافظات349)، شکرگڑھ (حفاظ 211، حافظات191)، نارووال (حفاظ 156، حافظات67)، علی پور چٹھہ (حفاظ 129، حافظات155)، سیالکوٹ کیمپس 1 (حفاظ 229، حافظات202)، سیالکوٹ کیمپس 2 (حفاظ 75، حافظات85)، گلوٹیاں کلاں (حفاظ 114، حافظات128)، فیصل آباد متعلقہ شاخیں (حفاظ 499، حافظات368)، جھنگ (حفاظ 83، حافظات92)۔کل حفاظ 3119، کل حافظات 2721، مجموعی تعداد 5840۔
اقرأ حفاظ سیکنڈری سکول: وطن عزیز کے مختلف شہروں میں اقرأ حفاظ سیکنڈری سکول کی شاخیں اپنے حفاظ و حافظات کو میٹرک کی سطح تک جدید تعلیم سے آراستہ کرنے کے لیے شب و روز مصروفِ عمل ہیں۔ اس وقت اقرأ حفاظ سیکنڈری سکول میں 17890 حفاظ و حافظات زیر تعلیم ہیں۔ اس سال پسرور میں 5 طلبہ نے میٹرک کے امتحانات میں شرکت کی جن میں سے 80 فیصد نے +A، A، اور B گریڈ میں کامیابی حاصل کی۔
اقرأ حفاظ کالج: اقرأ روضۃ الاطفال ٹرسٹ نے اپنے طلبہ و طالبات کے لیے گریجویشن کی سطح تک تعلیم کا انتظام کیا ہے۔ ہر طالب علم/ طالبہ اپنے ذوق کے مطابق پری میڈیکل، پری انجینئرنگ، کمپیوٹر سائنس، کامرس یا جنرل گروپ کا انتخاب کر سکتا ہے۔ الحمد للہ! اس وقت کراچی، لاہور، پشاور، راولپنڈی اور کوئٹہ میں یہ شعبہ کام کر رہا ہے اور ان کالجز میں زیر تعلیم طالبات کی مجموعی تعداد 401 ہے، جبکہ اقرأ حفاظ کالج لاہور میں اس وقت مجموعی طور پر 136 طالبات زیر تعلیم ہیں۔ امسال انٹرمیڈیٹ کے امتحان میں 60 طلباء و طالبات نے شرکت کی جن میں سے 6 طلبہ نے +A گریڈ، 19 نے A گریڈ میں کامیابی حاصل کی، شرح کامیابی سو فیصد رہا۔
اقرأ معہد الحافظات (عالمہ کورس ADP کے ساتھ): اقرأ روضۃ الاطفال ٹرسٹ کے زیر انتظام طالبات کے لیے اقرأ معہد الحافظات کا شعبہ بھی کام کر رہا ہے۔ اس میں 6 سالہ عالمہ کورس کے ساتھ ساتھ ریگولر طالبہ کی حیثیت سے ADP تک کی عصری تعلیم بھی دی جاتی ہے۔ اس شعبہ میں فی الوقت کراچی میں 122، لاہور میں 252، پشاور میں 265، راولپنڈی میں 16، اور کوئٹہ میں 61 طالبات محوِ تدریس ہیں۔ امسال لاہور بورڈ میں 60 طالبات نے امتحان دیا جس میں سے 6 نے +A اور 19 نے A اور 17 نے B گریڈ میں کامیابی حاصل کی۔
اقرأ معہد الحفاظ (درسِ نظامی بیچلرز کے ساتھ): اقرأ روضۃ الأطفال ٹرسٹ نے طالبات کی طرح اپنے طلباء کے لیے بھی گریجویشن کی سطح تک عصری تعلیم کے ساتھ 8 سالہ درسِ نظامی کا انتظام کیا ہے۔ اس شعبہ کا آغاز 2017ء میں ہوا اور اس وقت کراچی میں 69 ، لاہور میں 119، پشاور میں 137 ، راولپنڈی میں 11 ، گوجرانوالہ زون میں 15، اور مجموعہ طور پر 351 طلبہ زیر تعلیم ہیں۔‘‘