’’انوار القرآن‘‘ (قرآن کریم کی تفسیری لغات)
مولانا عبد الرحمٰن فاضل دیوبند نے قرآن کریم کے بیشتر الفاظ کی لغوی تشریح اور لفظی ماہیت کی بڑی محنت کے ساتھ وضاحت کی ہے اور زیادہ تر استفادہ امام راغبؒ اصبہانی اور قاضی بیضاویؒ سے کیا ہے جو مدرسین اور طلبہ کے لیے بطور خاص بہت مفید ہے۔
صفحات چھ سو سے زائد، مضبوط جلد، خوب صورت ٹائٹل، قیمت تین سو پچاس روپے، ملنے کا پتہ: سنگت پبلیکیشنز، ۲۵ سی، لوئر مال، لاہور
’’تصویر بڑی صاف ہے سبھی جان گئے‘‘
معروف اہل حدیث عالم مولانا ارشاد الحق اثری نے شیخ الحدیث حضرت مولانا محمد سرفراز خان صفدر دامت برکاتہم کی تصنیفات پر نقد کرتے ہوئے ایک کتاب شائع کی تھی جس کا جواب حضرت شیخ مدظلہ کے فرزند مولانا حافظ عبد القدوس قارن نے دیا۔ مولانا اثری نے اس کا جواب شائع کیا اور مولانا حافظ عبد القدوس قارن نے اب اس کے جواب میں قلم اٹھایا ہے اور دلائل کے ساتھ واضح کیا ہے کہ حضرت شیخ الحدیث مدظلہ پر مولانا اثری کی طرف سے کیے جانے والے اعتراضات بے وزن ہیں۔
صفحات ۲۹۶، مجلد، قیمت ۷۵ روپے، ملنے کا پتہ: عمر اکادمی، نزد گھنٹہ گھر، گوجرانوالہ
’’خطبات جمیل‘‘
تبلیغی جماعت سے تعلق رکھنے والے معروف مبلغ و داعی مولانا طارق جمیل کے خطبات و مواعظ کو بحمد اللہ تعالیٰ قبولیت عامہ حاصل ہے اور بہت سے لوگوں نے اس سے استفادہ کیا ہے۔ ہمارے عزیز ساتھی حافظ نعمان شمس سلمہ نے ان خطبات کو مرتب کر کے شائع کرنے کا سلسلہ شروع کیا ہے اور اب تک اس کی دو جلدیں منظر عام پر آ چکی ہیں۔ پہلی جلد مختلف عنوانات پر دس مواعظ پر مشتمل ہے جبکہ دوسری جلد میں خواتین کے بارے میں دس خطبات کو یکجا کیا گیا ہے۔
کتابت و طباعت معیاری ہے اور کتاب مضبوط جلد اور خوب صورت ٹائٹل کے ساتھ مزین ہے۔ قیمت درج نہیں اور یہ خطبات نعمان اکیڈیمی، مکی مسجد، ڈیوڑھا پھاٹک، گوجرانوالہ سے طلب کیے جا سکتے ہیں۔
’’فتنہ دجال اکبر‘‘
بھارت کے معروف دانش ور جناب اسرار عالم دور جدید کے فتنوں بالخصوص دجال اور دجالیت کے بارے میں ایک عرصہ سے مسلسل لکھ رہے ہیں اور ان کے مقالات و مضامین ان کے بعض تفردات و اجتہادات کے باوجود معلومات و مواد سے بہرہ ور ہوتے ہیں اور ان میں فتنوں سے بچاؤ کے لیے دعوت فکر ہوتی ہے۔ زیر نظر مقالہ میں دجال اکبر کے فتنہ کے خدوخال واضح کرتے ہوئے اس سے بچاؤ کی تدابیر پر بحث کی گئی ہے۔ مقالہ کے تمام امور سے اتفاق ضروری نہیں لیکن اہل علم کے لیے بہرحال یہ ایک معلوماتی اور مفید مقالہ ہے۔
صفحات ۸۰، قیمت ۲۰ روپے، ناشر: دار العلم، نئی دہلی
’’نور الابصار مجموعہ چہل حدیث‘‘
مانسہرہ ہزارہ کے نوجوان عالم دین مولانا قاضی محمد اسرائیل گڑنگی نے حضرت ملا عبد الرحمن جامیؒ، حضرت شاہ ولی اللہ دہلویؒ، حضرت مولانا قطب الدینؒ، حضرت مولانا عنایت احمد کاکورویؒ اور حضرت مولانا محمد حسین مقبرؒ جیسے اکابر کی مرتب کردہ چہل احادیث کو اس مجموعہ میں یکجا کر کے شائع کیا ہے جو اس حوالے سے ایک بڑا علمی ذخیرہ ہے مگر کتاب و طباعت کا معیار اس علمی مواد سے مطابقت نہیں رکھتا۔
صفحات ۱۱۲، قیمت ۴۰ روپے، ملنے کا پتہ: مکتبہ انوار مدینہ، مسجد صدیق اکبر، محلہ صدیق آباد، اپر چنئی، مانسہرہ
’’سیدنا امیر معاویہؓ‘‘
قاضی محمد اسرائیل صاحب گڑنگی نے سیدنا حضرت امیر معاویہ رضی اللہ عنہ کی سیرت و مناقب پر مختلف بزرگوں کے اقوال و ارشادات کو مرتب کیا ہے اور ان کی بارگاہ میں اپنے جذبات عقیدت پیش کیے ہیں۔
صفحات ۴۰، قیمت پندرہ روپے، یہ کتابچہ بھی مندرجہ بالا پتہ سے طلب کیا جا سکتا ہے۔
ماہنامہ ’’خیر البشر‘‘ لاہور
خواجہ حفیظ اللہ ایڈووکیٹ یہ جریدہ شائع کر رہے ہیں جو امت مسلمہ کے اجتماعی مسائل کے حوالے سے مفید مضامین پر مشتمل ہوتا ہے۔
سالانہ زر خریداری ایک سو بیس روپے، رابطہ دفتر: مکان ۱۳، گلی ۱۳۴، شاہ دین سکیم، اچھرہ، لاہور
’’الحطۃ فی تراجم الصحاح الستۃ‘‘
مولانا حافظ محمد اقبال رنگونی نے جناب نبی اکرم ﷺ کے چھ جلیل القدر صحابہ کرام حضرت عبد الرحمن بن عوفؓ، حضرت ابو عبیدہ عامر بن الجراحؓ، حضرت سعد بن ابی وقاصؓ، حضرت سعید بن زیدؓ، حضرت زبیر بن العوامؓ اور حضرت طلحہ بن عبید اللہؓ کے حالات زندگی اور فضائل و مناقب کو خوب صورت پیرایے میں مرتب کیا ہے۔
صفحات ۹۶، کتابت وطباعت عمدہ، پاکستان میں ملنے کا پتہ: مکتبہ الفاروق، ۱۹ سلطان پورہ روڈ، لاہور ۳۹
’’امام اعظم ابو حنیفہ‘‘
امام اعظم حضرت امام ابو حنیفہؒ کی شان و منقبت میں امت کے جن بیسیوں جلیل القدر علماء کرام نے قلم اٹھایا ہے، ان میں حضرت امام عبد الوہاب شعرانیؒ بھی ہیں۔ مولانا حافظ محمد اقبال رنگونی نے امام شعرانی کے ارشادات میں سے ایک مجموعہ مرتب کر کے پیش کیا ہے اور اس میں مزید تحقیقات کا بھی اضافہ کیا ہے۔
۱۰۰ سے زائد صفحات پر مشتمل یہ کتابچہ بھی مندرجہ بالا پتہ سے طلب کیا جا سکتا ہے۔
’’تذکرہ و سوانح الحاج مولانا محمد احمدؒ‘‘
ماضی قریب کے بزرگوں میں کراچی کے ایک بزرگ مولانا محمد احمدؒ گزرے ہیں جنہوں نے زندگی کا بیشتر حصہ قرآنی معارف کی اشاعت اور لوگوں کی اصلاح وتربیت میں بسر کیا ہے اور بے شمار لوگوں نے ان سے استفادہ کیا ہے۔ ہمارے فاضل دوست مولانا عبد القیوم حقانی نے ان کے حالات زندگی اور دینی خدمات کو اس مجموعہ میں پیش کیا ہے۔
پونے دو سو صفحات کی یہ مجلد کتاب القاسم اکیڈمی، جامعہ ابو ہریرہؓ، خالق آباد ضلع نوشہرہ سے طلب کی جا سکتی ہے۔
’’منزل آوارگاں‘‘
معروف شاعر سید افضل حسین شاہ صاحب مرحوم کا مجموعہ کلام ان کے فرزند سید وقار افضل صاحب نے مرتب کر کے شائع کیا ہے جس میں اردو و فارسی غزلیات اور اردو منظومات کے علاوہ حمد باری تعالیٰ اور جناب نبی اکرم ﷺ کی بارگاہ میں نعتیہ خراج عقیدت بھی شامل ہے۔
صفحات ۱۹۲، مجلد، قیمت دو سو روپے، ناشر: اظہار سنز، ۱۹/ اردو بازار، لاہور۔