’’سود کے خلاف وفاقی شرعی عدالت کا تاریخی فیصلہ‘‘
نومبر ۹۱ء میں وفاقی شرعی عدالت نے پاکستان میں رائج سودی قوانین کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد انہیں غیر دستوری قرار دے کر حکومت کو ان کے متبادل اسلامی قوانین نافذ کرنے کی ہدایت جاری کی تھی۔ جسے سپریم کورٹ میں چیلنج کر دیا گیا اور سپریم کورٹ کے حکمِ امتناعی کی وجہ سے ان سودی قوانین کا تسلسل ابھی تک قائم ہے۔
وفاقی شرعی عدالت کے اس تاریخی فیصلہ کا اردو ترجمہ صدیقی ٹرسٹ پوسٹ بکس ۲۰۹ کراچی نے شائع کیا ہے جو دو سو سے زائد صفحات پر مشتمل ہے اور ان دنوں اسی فیصلہ کے خلاف سپریم کورٹ میں حکومت کی رٹ کی سماعت جاری ہے۔ علماء کرام، طلباء اور دینی جماعتوں کے راہنماؤں اور کارکنوں کو اس فیصلہ کا ضرور مطالعہ کرنا چاہیے۔
’’التجائے سفر‘‘
جامعہ فاروقیہ فیصل کالونی کراچی کے استاذ جناب ابن الحسن عباسی کے مختلف مضامین کا مجموعہ کلیہ عمر فاروق، بالمقابل جامعہ فاروقیہ، شاہ فیصل کالونی، کراچی ۲۵ نے شائع کیا ہے جس میں دینی مدارس کے نصاب و نظام، طالبان، دینی صحافت، اور دیگر عنوانات پر فکر انگیز مضامین شامل ہیں۔ فاضل مضمون نگار کی تمام آراء سے اتفاق ضروری نہیں ہے البتہ ان کا تحقیقی ذوق قابلِ داد ہے۔ پونے دو سو صفحات پر مشتمل اس مجموعہ مضامین کو مندرجہ بالا پتہ سے حاصل کیا جا سکتا ہے۔
’’ماہنامہ نور علیٰ نور‘‘
مولانا عبد الرشید انصاری کا نام ملک کی دینی صحافت میں بہت پرانا ہے اور وہ مختلف دینی جرائد میں اپنی مہارت کے جوہر دکھا چکے ہیں۔ انہوں نے ’’نور علیٰ نور‘‘ کے نام سے نئے ماہانہ جریدہ کا کراچی سے آغاز کیا ہے جس کا دوسرا شمارہ اس وقت ہمارے سامنے ہے جو اپنی سیٹنگ، مواد، اور حسنِ طباعت کے لحاظ سے ان کے مخصوص ذوق کا آئینہ دار ہے۔ جریدہ کا سالانہ زر خریداری ایک سو بیس روپے ہے اور خط و کتابت کا پتہ یہ ہے: مسجد عائشہ صدیقہ، سکیٹر بی الیون، نارتھ کراچی۔ فون ۶۹۹۶۵۱۸
’’اسلامی عقائد و اعمال‘‘
پاکستان شریعت کونسل کے امیر اور جامعہ انوار القرآن، نارتھ کراچی کے مہتمم حضرت مولانا فداء الرحمٰن درخواستی نے نماز مترجم کے ساتھ اسلامی عقائد و اعمال کا مختصر خلاصہ اور روزہ مرہ معمولات کی دعاؤں پر مشتمل ایک پچاس صفحات کا مجموعہ مندرجہ بالا عنوان کے ساتھ شائع کیا ہے۔ عام مسلمانوں بالخصوص نوجوانوں کے لیے اس کی زیادہ سے زیادہ اشاعت کا اہتمام ہونا چاہیے۔
’’اسلام اور ٹیلی ویژن‘‘
ٹیلی ویژن آج کے دور کا مؤثر ترین ذریعہ ابلاغ ہے، لیکن جن مقاصد کے لیے زیادہ تر استعمال ہو رہا ہے، وہ منفی ہیں، اور اس سے نئی نسل کے اخلاق اور کردار پر مسلسل برا اثر پڑھ رہا ہے۔ مولانا خالد محمود کمبوہ نے اس کتابچہ میں ٹی وی کی خرابیوں اور اس کے شرعی نقصانات کا جائزہ لیا ہے۔ ایک سو صفحات پر مشتمل یہ کتابچہ اولاد تعمیر اخلاق، منڈیالہ تیگہ، ضلع گوجرانوالہ نے شائع کیا ہے۔
’’مسلمانوں کو امت بننے کی دعوت‘‘
یہ تبلیغی جماعت کے امیر حضرت مولانا محمد یوسف دہلویؒ کا ایک تاریخی خطاب ہے جس میں انہوں نے امتِ مسلمہ کی ذمہ داریوں کی طرف توجہ دلاتے ہوئے مسلمانوں کو بحیثیت امت اپنا کردار ادا کرنے کی دعوت دی ہے۔ یہ رسالہ ڈاکٹر شاہ نواز عارف صاحب نے شائع کیا ہے اور اسے انجمن خدام الدین، لاوہ ضلع چکوال سے طلب کیا جا سکتا ہے۔
مبین ٹرسٹ کے مفید رسالے
مبین ٹرسٹ پوسٹ بکس ۴۷۰ اسلام آباد نے مختلف دینی موضوعات پر خوبصورت کتا بچے طبع کرا کے تقسیم کرنے کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے اور اس وقت ان کی مندرجہ ذیل مطبوعات ہمارے سامنے ہیں:
(۱) ’’اعلانِ جنگ‘‘: اس میں سود کی مختلف صورتوں اور ان کے شرعی حکم کا ذکر کیا گیا ہے، اور یہ حضرت مولانا عبد الرشید لاہوری کا تحریر کردہ ہے۔
(۲) ’’درود و سلام کا مقبول وظیفہ‘‘: اس میں درود و سلام کے بارے میں چالیس احادیث جمع کی گئی ہیں۔
(۳) ’’اللہ تعالیٰ کی نیک بندیاں‘‘: یہ خواتین کی دینی ذمہ داریوں کے بارے میں شیخ التفسیر حضرت مولانا احمد علی لاہوری قدس سرہ العزیز کا تحریر فرمودہ رسالہ ہے۔
(۴) ’’اصلاحی کہانیاں‘‘: اس کتابچہ میں ڈاکٹر زاہد الحق قریشی کی تحریر کردہ اصلاحی کہانیاں شائع کی گئی ہیں جن کا مقصد لوگوں میں دینی و اصلاحی ذوق بیدار کرنا ہے۔
(۵) ’’تعلیمی چہل حدیث‘‘: یہ تعلیم کی اہمیت پر حضرت مولانا وحید الدین قاسمی کی مرتب کردہ چالیس احادیث کا مجموعہ ہے جس کے بارے میں ہماری رائے یہ ہے کہ حفظ قرآن کریم کے ساتھ بچوں کو پڑھانا چاہیے۔
(۶) ’’پیارے نبی کی پیاری چاہت‘‘: اس عنوان کے تحت سورۃ الفاتحہ، سورۃ یاسین، اور سورۃ الملک کو خوبصورت انداز میں باترجمہ شائع کیا گیا۔
(۷) ’’ٹھیلے والے کی نماز‘‘: یہ حضرت مولانا محمد تقی عثمانی کا ایک بصیرت افروز خطبہ ہے جس میں انہوں نے نماز کے دوران دل و دماغ میں آنے والے وساوس کے اسباب بیان کرتے ہوئے ان کا علاج تجویز فرمایا ہے۔