سیرت نبوی ﷺ پر ایک قابل قدر شش ماہی جریدہ
ہمارے ماضی قریب کے بزرگوں میں نقشبندی سلسلہ کے شیخ حضرت مولانا زوار حسین شاہ صاحبؒ کا نام نامی کسی تعارف کا محتاج نہیں۔ انہوں نے لوگوں کی روحانی اصلاح و تزکیہ کے ساتھ ساتھ دینی تعلیم کی طرف بھی خصوصی توجہ دی اور ان کی متعدد علمی تصانیف ان کا صدقہ جاریہ ہیں۔
حضرت شاہ صاحب مرحوم کے فرزند سید فضل الرحمٰن صاحب نے زوار اکیڈمی کے تحت ایک علمی جریدہ شش ماہی ’’السیرۃ العالمی‘‘ کے نام سے شروع کیا ہے جس کا پہلا شمارہ اس وقت ہمارے سامنے ہے۔ سوا تین سو سے زائد صفحات پر مشتمل اس جریدہ میں مختلف علمی عنوانات پر قابلِ قدر مضامین و مقالات شامل ہیں اور طباعت کا معیار بھی بہتر ہے، جبکہ مجلسِ ادارت میں ڈاکٹر محمد مظہر بقا، ڈاکٹر محمود الحسن عارف، سید عزیز الرحمٰن، اور مفتی سمیع اللہ جیسے اصحابِ علم شریک ہیں۔ سیرتِ طیبہ پر دیگر علمی مقالات کے علاوہ جنوری ۹۸ء تا مارچ ۹۹ء مختلف دینی جرائد میں سیرت نبویؐ کے موضوع پر شائع ہونے والے اہم مقالات و مضامین کی ایک فہرست بھی شائع کی گئی ہے جو اس موضوع کے قارئین کے لیے بہت مفید ہے۔
اس سلسلہ میں مزید معلومات کے لیے زوار اکیڈمی پبلشرز، اے ۱۷/۴، ناظم آباد نمبر ۴، کراچی پوسٹ کوڈ ۷۴۶۰۰ کے پتہ پر رابطہ کیا جا سکتا ہے۔
’’ایصالِ ثواب کے لیے اجتماعی ختمِ قرآن کی حیثیت‘‘
ڈیوز بری برطانیہ میں مقیم مولانا محمد یعقوب کاوی کا شمار سنجیدہ علماء کرام اور اہلِ قلم میں ہوتا ہے جو مختلف عنوانات پر علمی اور اصلاحی انداز میں قلم اٹھاتے رہتے ہیں۔ زیر نظر کتابچہ میں انہوں نے ایصالِ ثواب کے لیے ختمِ قرآنِ کریم اور ختمِ یاسین شریف کی مروّجہ صورتوں پر بحث کی ہے، اور قرآن و سنت کے دلائل سے اس بات کو واضح کیا ہے کہ اس حوالہ سے جو صورتیں رواج پا گئی ہیں وہ خلافِ سنت ہیں، اور قرآن و سنت کی روشنی میں ان کی گنجائش نہیں ہے۔
اس کے علاوہ انہوں نے برطانیہ میں خاص طور پر مساجد کی کمیٹیوں اور ائمہ و خطباء کے درمیان ہونے والے تنازعات پر بھی بحث کی ہے، اور مساجد کے انتظامات وغیرہ میں کمیٹیوں اور ائمہ کے حقوق و فرائض پر ممتاز اصحابِ علم اور ارباب فتویٰ کے ارشادات کا خلاصہ شاملِ اشاعت کر دیا ہے۔
۲۲۰ صفحات پر مشتمل یہ کتابچہ مندرجہ ذیل ایڈریس سے منگوایا جا سکتا ہے:
’’اسلامک لاء نکاح و طلاق‘‘
یہ رسالہ بھی مولانا محمد یعقوب کاوی کا تحریر کردہ ہے جس میں نکاح و طلاق کے بارے میں اسلامی احکام و قوانین ترتیب کے ساتھ بیان کیے گئے ہیں اور مغربی ممالک میں مقیم مسلمانوں کو اس سلسلہ میں درپیش مسائل کی بطور خاص وضاحت کی گئی ہے۔ یہ رسالہ اردو اور انگریزی میں الگ الگ شائع کیا گیا ہے اور وکلاء کے لیے بطور خاص مفید ہے۔
۴۸ صفحات پر مشتمل یہ رسالہ بھی مندرجہ بالا ایڈریس سے طلب کیا جا سکتا ہے۔
مولانا عبد اللطیف مسعود کے رسائل
حضرت مولانا عبد اللطیف مسعود آف ڈسکہ کو اللہ تعالیٰ نے قادیانیت اور عیسائیت کے مطالعہ و تجزیہ کا خصوصی ذوق بخشا ہے اور وہ اس سلسلہ میں مطالعہ و تحقیق میں مسلسل مصروف رہنے کے ساتھ ساتھ مختلف عنوانات پر تحریری طور پر عام مسلمانوں کی راہنمائی کے لیے مقالات و مضامین بھی پیش کرتے رہتے ہیں۔ اسی سلسلہ میں عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت، حضوری باغ روڈ، ملتان نے حال ہی میں
(۱) کیا مسیح خدا کا بیٹا ہے؟
(۲) مسلم ذرا ہوشیار باش، اور
(۳) کیا مسیح خدا ہے؟
کے عنوان سے تین پمفلٹ شائع کیے ہیں جو مولانا موصوف کے خصوصی ذوق کا آئینہ دار اور اس موضوع سے دلچسپی رکھنے والوں کے لیے بہت مفید ہیں۔
’’کعبہ و کلیسا: حق و باطل کا موازنہ‘‘
صلیبی جنگوں کے دور کا ایک واقعہ مسلم اور مسیحی علماء کے درمیان ایک دلچسپ مکالمہ کی صورت میں مولانا مصباح الرحمان یوسفی نے قلمبند کیا ہے، جو ماہنامہ دعوت اسلام آباد میں شائع ہوا اور عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت، حضوری باغ روڈ، ملتان نے اسے پمفلٹ کی شکل میں عام افادہ کے لیے شائع کر دیا ہے۔
’’التقوىٰ العالمی‘‘
قادیانی جماعت کے سربراہ مرزا طاہر احمد کے سابق سیکرٹری اور لندن میں قادیانیوں کے شعبہ عربی کے سابق ڈائریکٹر الاستاذ حسن محمود عودہ آٹھ سال قبل مسلمان ہو گئے تھے اور تب سے مسلسل ردِ قادیانیت کے محاذ پر مصروف کار ہیں۔
حسن عودہ کا تعلق فلسطین سے ہے اور ان کے خاندان نے عرب ممالک میں قادیانیت کے فروغ کے لیے بہت کام کیا ہے، اور اس وجہ سے وہ اب اپنی اقامت گاہ سلاؤ (برطانیہ) سے ’’التقویٰ العالمی‘‘ کے نام سے عربی میں چار صفحات کا ایک خوبصورت خبرنامہ ہر ماہ شائع کرتے ہیں جس میں قادیانی عقائد کا مخصوص انداز سے رد کیا جاتا ہے۔ ان سے مندرجہ ذیل ایڈریس پر رابطہ کیا جا سکتا ہے:
’’ایقاظ‘‘
ماضی قریب میں ایران کے بزرگ سنی عالمِ دین اور زاہدان کی مرکزی جامع مسجد کے خطیب مولانا عبد العزیز بلوچ رحمہ اللہ تعالیٰ کے بھائی ڈاکٹر عبد الرحیم بلوچ ان دنوں لندن میں جلاوطنی کی زندگی بسر کر رہے ہیں اور ایران میں اہل سنت کے حقوق کی بحالی کے لیے مسلسل سرگرمِ عمل ہیں۔ وہ عربی زبان میں ’’ایقاظ‘‘ کے نام سے ایک خبر نامہ ہر ماہ شائع کرتے ہیں جس میں ایران میں اہلِ سنت کے حالات اور مشکلات و مسائل کا تذکرہ ہوتا ہے۔ یہ خبر نامہ انٹرنیٹ پر بھی جاری ہوتا ہے جو درج ذیل ویب سائیٹ پر پڑھا جا سکتا ہے: